راہول گاندھی کولکھیم پور کھیری جانے کی اجازت مگرلکھنو ایرپورٹ پر روک دیا گیا
چیف منسٹر پنجاب چرنجیت سنگھ اور چھتیس گڑھ بھوپیش باگھیل بھی ساتھ
سیتاپور میں محروس پرینکا گاندھی کے ساتھ لکھیم پور کھیری جائیں گے
لکھنو: 06۔اکتوبر (سحرنیوزڈاٹ کام)
سابق صدر کل ہند کانگریس و رکن پارلیمان راہول گاندھی اور جنرل سیکریٹری کانگریس و انچارج اتر پردیش پرینکا گاندھی کو اتر پردیش انتظامیہ نے بالآخر لکھیم پور کھیری کے دورہ کی اجازت دے دی ہے۔
تاہم انہیں لکھنو ایرپورٹ پر روک دیا گیا ہے سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ وہ پولیس کی گاڑی میں لکھیم پور کھیری کا سفر کریں جبکہ راہول گاندھی بضد ہیں کہ وہ اپنی گاڑی میں لکھیم پور کھیری جائیں گے۔ راہول گاندھی کے ساتھ چیف منسٹر پنجاب چرنجیت سنگھ چنی اور چیف منسٹر چھتیس گڑھ بھوپیش باگھیل بھی ہیں۔

یاد رہے کہ پرینکا گاندھی پیر سے ہی اترپردیش کے سیتاپور میں پولیس حراست میں ہیں۔
راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی لکھیم پور کھیری میں ان مہلوک کسانوں کے افراد خاندانوں سے ملاقات کریں گے جنہیں اتوار کے دن مرکزی ممکتی وزیر داخلہ اجئے مشرا کے بیٹے ابھئے مشرا نے اپنی گاڑی سے رؤند دیا تھا۔
مرکزی وزیر کے پروگرام میں کسانوں کے پرامن احتجاج کے اختتام کے بعد واپس ہورہے کسانوں پر عقب سے گاڑی چڑھادی گئی تھی جس میں جملہ 9 افراد ہلاک ہوگئے بتایا جاتا ہے کہ ان میں چار کسان،ایک مقامی صحافی، تین بی جے پی کارکن اور ایک ڈرائیور شامل ہیں۔
اتوار کی نصف شب لکھیم پور کھیری جارہیں پرینکا گاندھی کو پولیس نے تحویل میں لیتے ہوئے سہارنپور میں محروس رکھا گیا۔
اس بربریت والے واقعہ کے عینی شاہد کسانوں نے میڈیا کیمروں کے سامنے کہا تھا کہ کسانوں پر مرکزی ممکتی وزیر داخلہ اجئےمشرا نے کار چڑھائی ہے۔بعد ازاں برہم کسانوں نے ان کی کار سمیت تین گاڑیوں کو نذرآتش کیا تھا اور ابھئے مشرا کی جانب سے فائرنگ کیے جانے کا بھی الزام عائد کیا گیا تھا کہ وہاں سے فرار ہونے کے دؤران انہوں نے فائرنگ بھی کی تھی۔
تاہم مرکزی وزیر صاف مکر گئے تھے کہ واقعہ کے وقت ان کے فرزند وہاں موجود ہی نہیں تھے۔
جس کے بعد سوشل میڈیا پر کل ایک ایسا ویڈیو وائرل ہوگیا جس میں ایک گاڑی خاموشی کے ساتھ راستے پر جارہے کسانوں کو عقب سے رؤند رہی ہے۔
آج بعد دوپہر راہول گاندھی کے لکھنو ایرپورٹ پہنچنے کے بعد وہاں اس وقت ڈرامائی مناظر دیکھے گئے جب پولیس عہدیداروں نے راہول گاندھی سے کہا کہ وہ پولیس گاڑی کے ذریعہ لکھیم پور کھیری جائیں اس موقع پر راہول گاندھی نے سیکورٹی عہدیداروں سے سوال کیا کہ وہ کون ہوتے ہیں ان کے لیے گاڑی کا بندوبست کرنے والے؟ انہوں نے کہا کہ میں اپنی گاڑی میں لکھیم پور کھیری جاؤں گا۔
راہول گاندھی لکھنو ایرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے۔(ویڈیو)
https://twitter.com/srinivasiyc/status/1445691477753929732
فی الوقت راہول گاندھی، چیف منسٹر پنجاب چرنجیت سنگھ چنی اور چیف منسٹر چھتیس گڑھ بھوپیش باگھیل لکھنو ایرپورٹ پر ہی بیٹھے ہوئے ہیں۔
اس موقع پر راہول گاندھی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ” یہ لوگ صد فیصد شرارت کررہے ہیں” راہول گاندھی نے کہا کہ مجھے جانے دو! وہ مجھے ائیرپورٹ سے باہر نہیں جانے دے رہے ہیں۔یہ دیکھیں یہ کس قسم کی اجازت ہے؟ یوپی حکومت کی اجازت کی حالت دیکھیں۔میں ایئرپورٹ چھوڑنا چاہتا ہوں لیکن وہ مجھے جانے نہیں دے رہے ہیں۔
یہ منظر دکھاو اچھی طرح (اس منظر کو صحیح طریقے سے دکھائیں) ” راہول گاندھی نے میڈیا کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا۔
راہول گاندھی نے اس موقع پراعلان کیا کہ” میں یہاں 10 دن ، 20 دن کے لیے رہنے کے لیے تیار ہوں”
تاہم بعد سہء پہر راہول گاندھی کو لکھنو ایرپورٹ سے سیتاپور جانے کی اجازت دے دی گئی جہاں وہ تین دنوں سے محروس اپنی بہن پرینکا گاندھی سے ملاقات کریں گے بعد ازاں راہول گاندھی، پرینکا گاندھی ،چیف منسٹر پنجاب چرنجیت سنگھ چنی اور چیف منسٹر چھتیس گڑھ بھوپیش باگھیل لکھیم پور کھیری کے لیے روانہ ہوں گے۔
راہول گاندھی کا قافلہ لکھنو ایرپورٹ سے سیتاپور کی جانب رواں۔(ویڈیو)

