بیوی کے ہاتھوں آشنا کی مدد سے شوہر کا قتل،قتل میں تین دوست بھی شامل
قتل کو حادثہ قرار دینے کے لیے نعش کو کھیت کے ٹرانسفارمر کے قریب پھینک دیا
حیدرآباد: 06۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
سماج میں جرائم کی شرح بڑھتی جارہی ہے صبح اٹھ کر اخبار کھولیں یا ٹی وی یا پھر محض تفریح کی غرض سے ایجاد کیے گئے سوشل میڈیا کا کوئی بھی پلیٹ فارم کھول لیں ہر دوسری خبر جرائم سے متعلق ہی ہوگی!!قتل اور قاتلانہ حملے سماج میں ایسے عام ہوگئے ہیں۔
ریاست تلنگانہ کے جوگولامبا گدوال ضلع میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک بیوی نے اپنے آشنا کے ساتھ ناجائز تعلقات میں رکاوٹ بن رہے اپنے شوہر کو کھانے میں نیند کی گولیاں ملاکر کھلا دیں اور آشنا کے ہاتھوں قتل کروا دیا پھر اس قتل کو حادثہ قراردینے کی غرض سے نعش کو کھیت میں موجود برقی ٹرانسفارمر کے قریب پھینک دیاگیا۔
جوگولامبا گدوال ضلع کے امرچنتہ منڈل،نندی ملا موضع میں پیش آئے اس واقعہ کی تفصیلات کے مطابق راجو کی شادی چند سال قبل مادھوی سے ہوئی تھی تاہم شادی سے قبل مادھوی کے مکتھل منڈل کے کلوالا ڈوڈی موضع کے ساکن منیش کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے اور شادی کے بعد بھی اس نے ان ناجائز تعلقات کو قائم رکھا۔
چند دنوں بعد ہی مادھوی کے شوہر راجو نے اپنی بیوی کو متنبہ کیا کہ وہ اپنی اس حرکت سے باز آجائے لیکن اس کا کوئی اثر نہیں ہوا اور اس مسئلہ پر دونوں میں لڑائی جھگڑے ہوا کرتے تھے۔
مادھوی نے اس بات سے اپنے آشنا منیش کو واقف کرواتے ہوئے کہا کہ ان دونوں کے درمیان حائل اس کے شوہر راجو کو راستے سے ہٹادے۔اس کے بعد مادھوی اور منیش کے راجو کے قتل کا منصوبہ تیار کیا گیا۔
منصوبے کے تحت 2 اکتوبر کی رات مادھوی نے رات کا کھانا نیند کی گولیاں ملاکر پکایا اور اپنے شوہر راجو کو کھلا دیا جب شوہر راجو کھانے کے بعد بیہوش ہوگیا تو مادھوی نے اپنے آشنا منیش کو فون کے ذریعہ اطلاع دی جس کے فوری بعد منیش اپنے دوستوں رویندر، بویا روی اورجئے پال کے ساتھ مادھوی کے مکان پہنچا ان تمام نے مل کر رسی کی مدد سے راجو کا گلا گھونٹ کر قتل کر دیا۔
بعد ازاں اس قتل کو حادثہ کا رنگ دینے کی غرض سے راجو کی نعش کو کھیت میں لے جاکر برقی ٹرانسفارمر کے قریب پھینک دیا گیا تاکہ پولیس کو یقین ہو کہ برقی شاک سے اس کی موت واقع ہوئی ہے۔
اطلاع پر جائے مقام پر پہنچی پولیس کو شبہ ہوا کہ یہ حادثہ نہیں قتل ہے!اور شک کی بنیاد پر مقتول راجو کی بیوی مادھوی سے پوچھ تاچھ کی گئی تو اس نے صاف انکار کردیا کہ وہ اس سے واقف نہیں ہے تاہم جب اس کو تحویل میں لے کر پولیس نے اپنے طریقہ سے تفتیش کی تو اس نے سارا واقعہ پولیس کو بتا دیا کہ ناجائز تعلقات میں رکاوٹ بننے والے اس کے شوہر راجو کا اپنے آشنا اور اس کے دو دوستوں کے ساتھ مل کر قتل کیا گیا اور نعش کو برقی ٹرانسفارمر کے پاس پھینک دیا کہ کسی کو قتل کا شبہ نہ ہو۔
اس سلسلہ میں پولیس مزید تحقیقات میں مصروف ہے بتایا جاتا ہے کہ قتل میں ملوث مادھوی کے آشنا منیش اور دیگر کو گرفتار کرلیا گیا ہے!!

