حیدرآباد تاممبئی بُلیٹ ٹرین کا کوئی منصوبہ نہیں،قاضی پیٹ میں کوچ فیکٹری کا قیام ضروری نہیں
جنرل مینجئرساؤتھ سنٹرل ریلوے گجانن مالیہ کا تلنگانہ کے ارکان پارلیمان کے ساتھ اجلاس
رکن پارلیمان چیوڑلہ رنجیت ریڈی نے وقارآباد اور تانڈور ریلوے کے اہم مسائل پیش کیے
حیدرآباد: 05۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
جنرل مینجئرساؤتھ سنٹرل ریلوے مسٹر گجانن مالیہ نے واضح کیا ہے کہ حیدرآباد اور ممبئی کے درمیان بلیٹ ٹرین کا فی الوقت کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
انہوں نے آج سکندرآباد ریل نیلائم میں ریاست تلنگانہ،کرناٹک اور مہاراشٹرا کے ارکان پارلیمان کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا۔

جس میں ریاست تلنگانہ کے رکن پارلیمان حلقہ حیدرآباد و صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین بیرسٹر اسد الدین اویسی ، رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی،رکن پارلیمان محبوب نگر ایم۔سرینواس ریڈی،رکن پارلیمان نلگنڈہ اتم کمار ریڈی،رکن پارلیمان نظام آباد دھرماپوری اروند،رکن پارلیمان ظہیر آباد بی بی پاٹل،رکن پارلیمان بھونگیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی،رکن پارلیمان پیدا پلی وینکٹیش،رکن پارلیمان کھمم ناما ناگیشورراؤ،رکن پارلیمان میدک کوتا پربھاکر ریڈی شریک تھے۔
جبکہ مرکزی وزیر سیاحت و رکن پارلیمان سکندرآباد جی۔کشن ریڈی،رکن پارلیمان ملکاجگیری و صدر تلنگانہ پردیش کانگریس ریونت ریڈی اوررکن پارلیمان کریم نگر و صدر تلنگانہ بی جے پی بنڈی سنجے کماراس اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔

اس جائزہ اجلاس میں جنرل مینجئر ساؤتھ سنٹرل ریلوے مسٹر گجانن مالیہ نے ریاست کے ان ارکان پارلیمان کو بتایا کہ دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش کے لیے فی الوقت بلیٹ ٹرین کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ احمدآباد اور ممبئی کے درمیان بلیٹ ٹرین کے آغاز اور اس کی کامیابی کے بعد ہی دیگر ریاستوں سے بلیٹ ٹرینوں کے پراجکٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔
جنرل مینجئرساؤتھ سنٹرل ریلوے مسٹر گجانن مالیہ نے ریاست کے ارکان پارلیمان کے ساتھ منعقدہ اس اجلاس میں کہا کہ ایسا محسوس کیا جارہا ہے کہ تلنگانہ کے قاضی پیٹ میں ریلوے کوچ فیکٹری کے قیام کی موجودہ حالات میں ضرورت نہیں ہے۔
اس اجلاس میں ریاست میں جاری ریلوے پراجکٹس کے متعلق بھی بات چیت کی گئی۔ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمان نے اپنے اپنے حلقوں میں موجود ریلوے سے متعلق مختلف مسائل سے جنرل مینجئر ساؤتھ سنٹرل ریلوے مسٹر گجانن مالیہ کو واقف کروایا اور زیر التواء کاموں کی جلد تکمیل کے لیے نمائندگی کی۔انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اپنے حصہ کے فنڈس کی اجرائی میں تاخیر کے باعث مختلف کام زیر التواء ہیں۔
جنرل مینجئر ساؤتھ سنٹرل ریلوے مسٹر گجانن مالیہ نے ریاست کے ارکان پارلیمان کو بتایا کہ عمدہ نگر سے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ تک جلد ہی ایم ایم ٹی ایس سرویس MMTS# کا آغاز ہوگا اور اسکے لیے ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے عہدیداروں اور جی ایم آر انتظامیہ کے درمیان بات چیت جاری ہے۔
اس اجلاس کے بعد رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس اجلاس میں انہوں نے جنرل مینجئر ساؤتھ سنٹرل ریلوے مسٹر گجانن مالیہ سے اپنے حلقہ پارلیمان چیوڑلہ میں موجود وقارآباد،تانڈور اور راجندرنگر میں ریلوے سے متعلق مسائل اور زیر التواء تعمیراتی کاموں کے سلسلہ میں نمائندگی کی۔

اور ان سے مطالبہ کیا کہ وقارآباد حلقہ میں موجود رامیاگوڑہ، ایم ایل کیمپ آفس، مومن پیٹ کے گٹہ ونم پلی اور مورنگ پلی میں ” انڈر بریج روڈ UBR "تعمیر کی جائے۔
اسی طرح وقارآباد میں موجود اہم ریلوے بریج کو مزید مضبوط بناتے ہوئے اس کی توسیع و مرمت کی جائے اور وقارآباد ریلوے اسٹیشن میں مزید ایک پلیٹ فارم کی تعمیر عمل میں لائی جائے۔
اس اجلاس میں رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی نے جنرل مینجئر ساؤتھ سنٹرل ریلوے مسٹر گجانن مالیہ سے نمائندگی کی کہ قدیم تانڈور ریلوے گیٹ پر ” روڈ اوؤر بریج ROB ” تعمیر کیا جائے اور ساتھ ہی تانڈور ریلوے اسٹیشن میں بالخصوص ضعیف،معذور اور بیمار مسافرین کی سہولت کے دو لفٹ کا انتظام کیا جائے۔
اور تانڈور ریلوے اسٹیشن کو خوبصور ت بنانے کے لیے دیگر کاموں کے ساتھ ساتھ ایک فوارہ کی تنصیب بھی عمل میں لائی جائے ساتھ ہی نارائن پور ریلوے کراسنگ کے قریب بی ٹی روڈ بچھائی جائے۔

رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی نے بتایا کہ انہوں نے جنرل مینجئر ساؤتھ سنٹرل ریلوے مسٹر گجانن مالیہ سے اس اجلاس میں نمائندگی کی ہے کہ وقارآباد ضلع میں موجود وقارآباد ، تانڈور اور دیگر ریلوے اسٹیشنوں پر کونارک ایکسپریس،پدماوتی غریب رتھ ایکسپریس کو توقف دیا جائے اور گنٹور۔وقارآباد پلناڈو ایکسپریس کو وقارآباد سے تانڈور تک توسیع دی جائے۔
Photos Courtesy: South Central Railway Twitter Official Hanlde

