ریاستی خبریں / ضلعی خبریںوقارآباد ضلع : ڈسنے والے اژدھے کو ہلاک کرنے کے بعد کسان مردہ اژدھا کو اپنے ساتھ لے کرتانڈور کے ہسپتال پہنچ گیا 03/12/202204/12/2022 - by سحر نیوز وقارآباد ضلع : ڈسنے والے اژدھے کو ہلاک کرنے کے بعد کسان مردہ اژدھا کو اپنے ساتھ لے کر تانڈور کے ہسپتال پہنچ گیا وقارآباد/تانڈور:03۔ڈسمبر (سحرنیوزڈاٹ کام) کھیت سے مکان واپسی کے دؤران اژدھے کی جانب سے ڈسے جانے کےبعد ایک کسان اس اژدھے کو ہلاک کرنے کے بعد اسےتھیلی میں ڈال کر علاج کی غرض سے ہسپتال پہنچ گیا۔ کل رات تلنگانہ کے وقارآباد ضلع میں پیش آئے اس حیرت انگیز واقعہ نے وقارآباد ضلع اور تانڈورمیں حیرت کی لہر دؤڑا دی ہے۔ حلقہ اسمبلی تانڈورکے یالال منڈل میں پیش آئے اس عجیب و غریب واقعہ کی تفصیلات متاثرہ کسان اور گاؤں کےعوام کےمطابق یالال منڈل کے تحت موجود پیرکم پلی تانڈہ کا کسان راملو نائیک کل جمعہ کی شام دیر گئے اپنے کھیت میں کام ختم کرنے کےبعد اپنےمکان واپس لؤٹ رہاتھا کہ اچانک راستے میں گھیرا ڈال کر بیٹھے ہوے ایک خوفناک اژدھے نے اس پر حملہ کرتے ہوئے اس کو ڈس لیا۔ اس کے فوری بعد اس نڈر اور بے خوف کسان راملو نائیک نے اس اژدھے کو اپنے ساتھ موجود لکڑی سے مار کر ہلاک کر دیا اور رات کو ہی مردہ اژدھے کو ایک پلاسٹک کی تھیلی میں ڈال کر اپنے افراد خاندان کے ساتھ علاج کی غرض سے تانڈور ٹاؤن میں موجود گورنمنٹ ضلع ہسپتال پہنچ گیا۔جہاں اژدھاکے ڈسے ہوئے کسان راملو نائیک کو ابتدائی امداد فراہم کرنے کےبعد ڈاکٹرز نے اسے مزید بہتر علاج کی غرض سے حیدرآباد منتقل کرنے کی صلاح دی۔ بعدازاں افراد خاندان نے ایمبولنس کےذریعہ کسان راملو نائیک کوحیدرآبادکےعثمانیہ جنرل ہسپتال منتقل کردیا۔فی الحال راملو نائیک حیدرآباد کے عثمانیہ ہسپتال میں زیر علاج ہے اور اس کی حالت افراد خاندان نےمستحکم بتائی ہے۔ دوسری جانب جب اس کسان راملو نائیک اور اس کے افراد خاندان سے پوچھا گیا کہ مردہ اژدھے کو ہسپتال لانے کی ضرورت کیا تھی تو ان کا کہنا تھاکہ اس اژدھے کو ڈاکٹرز کو دکھانا تھاکہ اسی سانپ نے کسان کو ڈس لیا ہے،تاکہ ڈاکٹرز کو فوری علاج میں سہولت ہو۔اس مردہ اژدھے کو دیکھ کر ڈاکٹرز بھی حیران وششدر رہ گئے تھے۔ Share this post: