بالاجی چٹ فنڈ تانڈور کے مالکین کی جائدادوں کی ضبطی کی تیاریاں، متاثرین سے انصاف جلد : ایس پی وقارآباد ضلع کوٹی ریڈی

بالاجی چٹ فنڈ تانڈور کے مالکین کی جائدادوں کی ضبطی کی تیاریاں
جلد ہی متاثرین کے ساتھ انصاف، 78 متاثرین سے تفصیلات کا حصول
عدالتی احکام جاری، ایس پی وقارآباد ضلع نندیالا کوٹی ریڈی کا بیان

وقارآباد/تانڈور: 06/مئی
(سحر نیوز ڈاٹ کام/نمائندہ)

متعدد افراد کے لاکھوں روپئے جمع کرلینےکے بعد اپنا بوریہ بسترسمیٹ کر خود کو دیوالیہ ظاہر کرنے والی تانڈور کی قدیم اور مشہور بالاجی چٹ فنڈ پرائیوٹ لمیٹیڈکےمتاثرین کی رقم کی واپسی کےامکانات آج اس وقت پیدا ہوگئے جب سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وقارآبادضلع مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے کہا کہ بالاجی چٹ فنڈ کے مالکین کی جائدادوں کی ضبطی کی تیاریوں کا آغاز کیا جارہاہے اور جلد ہی بالاجی چٹ فنڈ کے متاثرین کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔

آج جاری کردہ پریس نوٹ میں ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے کہاہے کہ بالاجی چٹ فنڈ پرائیوٹ لمیٹیڈ میں چٹھیوں کے ذریعہ اور رقم ڈپازٹ کرواکر اپنی رقم سے محروم ہوکر دھوکہ دہی کا شکار ہونے والے چند افراد نے گذشتہ سال یکم اگست کو تانڈور پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی۔جس پر اس وقت تانڈور پولیس نے بالاجی چٹ فنڈ پرائیوٹ لمیٹیڈ تانڈور کے مالکین کے خلاف

Sec 5 of TSPDFEA and Sec 7 of TSCFA-1982 & Sec 58(B), 4(A) r/w Sec. 45 RBI Act-1934 & 420,406 IPC

ان دفعات کےتحت کیس درج رجسٹر کرتے ہوئےتحقیقات کی گئی تھیں۔اور اس کیس کے اہم ملزم منیجنگ ڈائریکٹر گنگی شیٹی سرینواس کو تانڈور پولیس نے گرفتار کرتےہوئے عدالتی تحویل میں روانہ کیاتھا۔ساتھ ہی اس کیس کے ملزم نمبر۔2 گنگی شیٹی گوپالا کرشنا،ملزم نمبر۔3 انورادھا اور ملزم نمبر۔4 سریتا سے تفتیش کی گئی تھی۔

ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے بتایا کہ پولیس نے ان تمام ملزمین کے ناموں پر موجود جائدادوں کی مکمل تفصیلات حاصل کیں اور حکومت کی جانب سے ان جائدادوں کی ضبطی کےلیے پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ سے رجوع کیا گیا تھا۔جس پر پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کی جانب سے ان کی جائدادوں کی ضبطی کا حکم دیا گیاہے۔

ضلع ایس پی وقارآباد مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی نے اپنے بیان میں کہاہے کہ اس کیس کی مکمل اور جامع تحقیقات کی تکمیل کے بعد بالاجی چٹ فنڈ پرائیوٹ لمیٹیڈ تانڈور کے تمام متاثرین کو انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

یاد رہے کہ گذشتہ سال بالاجی چٹ فنڈ پرائیوٹ لمیٹیڈ دیوالیہ ہوگئی۔اور اس وقت سے اپنے کھاتہ داروں کو رقمی ادائیگی میں ٹال مٹول سے کام لے رہی تھی۔جس میں بتایا جاتا ہے کہ بڑی تعداد میں کھاتہ داروں کے لاکھوں روپئے ڈپازٹ ہیں!اور کئی افراد کی چٹ کی رقم بھی ادا نہیں کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں "

وقارآبادضلع : بالاجی چٹ فنڈ تانڈورکے مینجنگ ڈائریکٹر سرینواس گرفتار، سینکڑوں کھاتہ داروں کے کروڑہا روپئے داؤ پر