وقارآبادضلع : بالاجی چٹ فنڈ تانڈورکے مینجنگ ڈائریکٹر سرینواس گرفتار، سینکڑوں کھاتہ داروں کے کروڑہا روپئے داؤ پر

وقارآبادضلع: دیوالیہ بالاجی چٹ فنڈ تانڈور کے مینجنگ ڈائریکٹر سرینواس گرفتار
سینکڑوں کھاتہ داروں کے کروڑہا روپئے داؤ پر!!،دفتر مہر بند اور ریکارڈ ضبط
 کھاتہ داروں کی شکایت پر پولیس کی کارروائی،عدالتی تحویل میں روانہ

وقارآباد/تانڈور: 29۔ستمبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام)

وقارآبادضلع کے تانڈور میں موجود بالاجی چٹ فنڈ پرائیوٹ لمیٹیڈ تانڈور جوکہ دیوالیہ ہوگئی ہےکے منیجنگ ڈائریکٹر گنگی شیٹی سرینواس کو آج تانڈور پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔

سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور راجندرریڈی نے میڈیا کو بتایا کہ تانڈور کے علاوہ دیگر قریبی مقامات اور مواضعات کے افراد نے بالاجی چٹ فنڈ میں دولاکھ،تین لاکھ،پانچ لاکھ اور 25 لاکھ روپئے مالیتی چٹ کی رقم ادا کی تھی۔اورساتھ ہی سود کی ادائیگی کےنام پر کئی افراد نے اس چٹ فنڈ میں رقم ڈپازٹ بھی کی تھی۔تاہم کھاتہ داروں کو دھوکہ دیتے ہوئے بالاجی چٹ فنڈ کو بند کردیا گیا تھا۔

سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور راجندرریڈی کےبموجب یکم اگست کوبالاجی چٹ فنڈ میں رقم ڈپازٹ کرنےوالے اورچٹ کی رقم جمع کروانے والے متاثرہ کھاتہ داروں گوپال گاری بلونت ریڈی، پی۔رمیش، وجئے آنند،سنیل کمار،لکشمی کانت،میڈی شیٹی سنگیا،میڈی شیٹی منجولہ،ایس۔انیتا،منجولا، کندکور کرشنا ریڈی،سورنا لتا،مہیش پٹیل،نرمدا،ومشی کرشنا،بی۔کرشنا ریڈی کےعلاوہ دیگر کھاتہ داروں کی شکایت پر تانڈور پولیس نےبالاجی چٹ فنڈ پرائیوٹ لمیٹیڈ تانڈور کے مینجنگ ڈائرکٹرس جی۔سرینواس،جی۔گوپالا کرشنا،جی۔انورادھا اور جی۔سریتا کے خلاف دھوکہ دہی، چٹ فنڈ ایکٹ اور ریزرو بینک آف انڈیا ایکٹ کے تحت کیس درج رجسٹر کرلیا تھا۔

اس سلسلہ میں آج تانڈور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بالاجی چٹ فنڈ پرائیوٹ لمیٹیڈ تانڈور کے مینجنگ ڈائرکٹرجی۔سرینواس جو کہ اس معاملہ میں اہم ملزم ہیں کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔اور ساتھ ہی بالاجی چٹ فنڈ کے دفتر واقع نزد بس اسٹانڈ،امبیڈکر چوک کو مہر بند کرتے ہوئے تمام ریکارڈز کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ چند ماہ قبل بالاجی چٹ فنڈ دیوالیہ ہوگئی ہے۔اور اس وقت سے اپنے کھاتہ داروں کو رقمی ادائیگی میں ٹال مٹول سے کام لے رہی تھی۔جس میں بتایا جاتا ہے کہ سینکڑوں کھاتہ داروں کے کروڑہا روپئے ڈپازٹ ہیں!اور کئی افراد کی چٹ کی رقم بھی ادا نہیں کی گئی ہے۔اب اس چٹ فنڈ مالکین کے خلاف پولیس کی کارروائی اور آج اہم ملزم منیجنگ ڈائریکٹر گنگی شیٹی سرینواس کی گرفتاری کے بعد کھاتہ داروں کی رقم داؤ پر لگ گئی ہے۔کھاتہ دار شدید پریشان ہیں۔بالاجی چٹ فنڈ پرائیوٹ لمیٹیڈ تانڈور کی ایک معتبر،قابل اعتماد اور قدیم چٹ فنڈ مانی جاتی تھی۔