ملک کی آزادی میں مسلمانوں کے کردار سے نسل نو کو متعارف کروانے کے لیے عملی اقدامات ضروری
جمعیتہ علماء وقارآبادضلع کی جانب سے طلبہ میں آسان اور مختصر لٹریچر کی تقسیم،مہم کا آغاز
وقارآباد/تانڈور:13۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)
جمعیۃ علماءضلع وقارآباد کے دفتر واقع تانڈورمیں مولانا محمدعبداللہ اظہر قاسمی،صدرجمعیۃ علماءضلع وقارآباد کی زیر صدارت تنظیم کا ماہانہ اجلاس حافظ محمد وسیم الدین کی قرآت کلام پاک سے ہوا جس میں صدر جمعیتہ علماء نے گزشتہ ماہ کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔
اس اجلاس میں طئے کیا گیا کہ انگریزوں کے چنگل سے ملک کو آزاد کروانے میں مسلمانوں کا کردار اور ان کی خدمات ناقابل فراموش رہی ہیں۔ لیکن افسوس کی بات یہ ہیکہ آزادی وطن میں ہم اپنےکردار سےناواقف رہنے کی وجہ سے اس دن کو زیادہ جوش و خروش کے ساتھ نہیں منایا جاتا۔نیز تاریخ سے ناواقفیت کے سبب ایک گونہ نا امیدی اور پست ہمتی کا شکار ہیں اور نوجوان نسل تو اس سے قطعا ناواقف ہے۔

لہذا ہماری اولین ذمہ داری ہیکہ اس جانب عملی اقدامات کریں اور جمعیۃ علماءضلع وقارآباد کی جانب سے آزادی وطن کی تاریخ پرمشتمل آسان اور مختصر تاریخی مواد کی تقسیم کا آج سے مدارس،اسکولس اور کالجس کے طلبہ میں تقسیم کا آغاز کیا گیا۔
آج الماس انٹرنیشنل اسکول کے طلبا و طالبات میں مولانا محمدعبداللہ اظہر قاسمی،صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد، ڈاکٹرحافظ عبدالسلام نائب صدر، مولاناعبدالرحمن اطہر قاسمی،جنرل سیکریٹری،حافظ محمد رئیس الدین سیکریٹری،مولاناسید فراست علی قاسمی،مولاناعبیداللہ شاکر قاسمی،مولانا اظہرالدین قاسمی کے ہاتھوں مواد کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔

اس اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جمعیۃ علماءضلع وقارآباد کی جانب سے جاریہ ماہ یالال منڈل کے پانچ دیہاتوں اور بھمرس منڈل کے پانچ دیہاتوں میں دینی مکاتب کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔
دینی خدمات کےساتھ ملی و رفاہی اور میڈیکل خدمات جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی خاص پہچان رہی ہے۔لہذا انہی خدمات کومزید توسیع دینے اور استقلال اور پختگی کےساتھ انجام دینے کے لیے جلدازجلد ایک جدید دفتر کاقیام عمل میں لایا جائے گا۔جہاں روزآنہ رفاہی،ملی اورمیڈیکل خدمات نیز حکومت کی جانب سےمتعارف کردہ مختلف اسکیمات سےاستفادہ کی سہولیات فراہم کی جائیں گی اور اس سلسلہ میں رہنمائی کی جائے گی۔

جمعیرہ علماءوقارآباد ضلع کی جانب سے یکم/ستمبر سے بالغین کے لیے سہء ماہی کورسس اور شہری مکاتب کا آغاز ہونے جارہا ہےاورتعلیم بالغان کے ذمہ دار مفتی شکیل احمد قاسمی اور شہری مکاتب کے ذمہ دار کی حیثیت سے مولانا سید فراست علی قاسمی کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔اس موقع پر جمعیۃ علماءضلع وقارآباد کی زیر نگرانی تلنگانہ اوپن اسکول سوسائٹی کے ذریعہ ایس ایس سی اور انٹر میڈیٹ میں کامیاب ہونے والے طلبہ نے ذمہ داران جمعیۃ علماء کی شال پوشی کی اور انہیں یادگار مومنٹوز پیش کرتے ہوئے اظہار تشکر کیا۔


