وقارآباد ضلع: تانڈور میں ہیڈ کانسٹیبل نے سی پی آر کے ذریعہ بیوپاری کی جان بچائی، ڈی ایس پی اور سرکل انسپکٹر کی تہنیت

ریاستی خبریں ضلعی خبریں

وقارآباد ضلع : تانڈور میں ہیڈ کانسٹیبل نے سی پی آر کے ذریعہ بیوپاری کی جان بچائی
ڈی ایس پی اور سرکل انسپکٹر نے راما کرشنا کو تہنیت اور ریوارڈ بھی پیش کیا

وقارآباد/تانڈور : 06۔مارچ (سحرنیوزڈاٹ کام)

وقارآبادضلع کے تانڈور ٹاؤن کےتلسی نگر علاقہ میں کل اتوار کوایک بیوپاری نگیش (36 سالہ) مالک اشودیا شوروم اچانک قلب پر حملہ کے باعث اپنے مکان میں گرگئے۔اس واقعہ سے خوفزدہ و حواس باختہ ان کی بیوی روتے ہوئے مدد کے لیے چیخ و پکار کرنے لگیں۔

اسی علاقہ میں موجود ہیڈ کانسٹیبل راما کرشنا جو کہ تانڈور پولیس اسٹیشن میں خدمات انجام دیتے ہیں کے فرزند نے خاتون کے رونے اور مدد کی چیخوں کو سن کر اپنے والد کو اطلاع دی جس کے فوری بعد ہیڈ کانسٹیبل راما کرشنا دؤڑتے ہوئے نگیش کے مکان میں داخل ہوئے اور انہیں سی پی آر Cardiopulmonary Resuscitation (#CPR)# (حرکت قلب بند ہونے پر دل کی دھڑکن اور سانس کو بحال کرنے کےلیے ہنگامی طبی طریقہ کار ) سے ہوش میں لایا۔

جونہی نگیش کی حرکت قلب بحال ہوئی انہیں فوری کار کے ذریعہ ایک مقامی خانگی ہسپتال کو منتقل کیا اورمنتقلی کےدوران بھی ہیڈ کانسٹیبل راما کرشنا بدستور سی پی آر کا عمل جاری رکھا۔ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کےبعد بیوپاری نگیش کومزید بہتر علاج کی غرض سےحیدرآبادمنتقل کردیا گیا۔افراد خاندان نے بتایا کہ نگیش کی حالت اب مستحکم ہے۔

اس سلسلہ میں بروقت سی پی آر کے طریقہ سے مدد کے ذریعہ انسانی جان بچانے پر تانڈور کےعوام اورمحکمہ پولیس کے اعلیٰ عہدیدار، ان کے ساتھی ملازمین پولیس ہیڈ کانسٹیبل راما کرشنا کی زبردست ستائش کر رہے ہیں۔

اس سلسلہ میں آج ڈی ایس پی تانڈور جی۔شیکھر گوڑ نے اپنے دفتر میں تانڈور پولیس اسٹیشن میں برسر خدمت ہیڈ کانسٹیبل راما کرشنا کی شال پوشی کرتے ہوئے ان کے جذبہ انسانی اور نگیش کی فوری مدد پر مبارکباد دی اور نقد رقم پرمشتمل ریوارڈ بھی راما کرشنا کے حوالے کیا۔

اسی طرح سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور(اربن) راجندر ریڈی نےبھی اپنے دفتر میں ہیڈ کانسٹیبل راما کرشنا کوتہنیت پیش کرتے ہوئے ان کی شال پوشی کی۔

اس موقع پر ڈی ایس پی جی۔شیکھر گوڑ اور سرکل انسپکٹر پولیس راجندر ریڈی نے راما کرشنا کی جانب سے ایک انسانی جان بچانے کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ ضرورت ہے کہ ہر کوئی سی پی آر کے متعلق جانکاری اور تربیت حاصل کرے۔اور وقت ضرورت انسانی جانوں کو بچانے کے لیے سی پی آر کا طریقہ استعمال کریں۔

یاد رہےکہ گذشتہ دنوں محکمہ پولیس حیدرآباد کےملازمین اور طلبہ کونمس ہسپتال کے ڈاکٹرز کی جانب سےسی پی آر کی تربیت فراہم کی گئی۔بعدازاں ریاستی وزیر صحت و فینانس ٹی۔ہریش راؤ نےکہاتھاکہ ہنگامی حالات میں اس سی پی آر Cardiopulmonary Resuscitation (#CPR)# طریقہ سے دس میں سے پانچ انسانی جانیں بچائی جاسکتی ہیں۔

سی پی آر  کا طریقہ کار ( اردو میں ) ” ( ویڈیو ڈھائی منٹ )

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے