تمل ناڈو میں ہاتھی وظیفہ پر سبکدوش
سرکاری اعزازات اور سلامی کے ساتھ پر اثر وداعی تقریب
آئی اے ایس عہدیدار سپریہ ساہو کا ویڈیو وائرل
چنئی/حیدرآباد : 08۔مارچ
(سحرنیوزڈاٹ کام/سوشل میڈیا ڈیسک)
ایک طویل مدت تک سرکاری خدمات کی انجام دہی کےبعدعہدیداروں،اساتذہ اور ملازمین سرکار کا ایک دن وظیفہ حسن خدمت پرسبکدوش ہوناطئے ہوتا ہے۔یہ الگ بات کہ مرکزی یا ریاستی حکومتیں اپنے چند پسندیدہ عہدیداروں کی معیاد خدمات میں توسیع کرتے رہتے ہیں۔زیادہ ترعہدیداروں یا سرکاری ملازمین کی وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوشی کےدن باقاعدہ تہنیتی تقاریب منائی جاتی ہیں،محکمہ میں ان کی خدمات کی ستائش کی جاتی ہےاور بعض اوقات ایسی تقاریب میں جذباتی مناظر بھی دیکھے جاتے ہیں۔
سبکدوش ہونے والے عہدیداروں کی خدمات کو خراج پیش کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر ان کی شال و گلپوشی کرکے انہیں یادگار مومنٹو حوالے کیے جاتے ہیں۔اور ساتھ ہی ان کی بہتر وظیفہ یاب زندگی اور بہترمستقبل کے لیے نیک خواہشات بھی پیش کی جاتی ہیں۔ایماندار اور بے داغ عہدیداروں اور سرکاری ملازمین کی ایسی تقاریب انتہائی جذباتی ہوتی ہیں،حتیٰ کہ ان کےساتھ خدمات انجام دینے والے یا ان کے قریبی ساتھیوں کی بھی آنکھیں چھلک جاتی ہیں۔
کیا آپ نے کبھی مکمل سرکاری اعزازات اور محکمہ جنگلات کےملازمین کی جانب سے سلامی کی پیش کشی کے ذریعہ کسی جانور کو سرکاری خدمات سے سبکدوش ہوتے ہوئے دیکھا ہے۔؟ ایسے انتہائی کم مناظراس وقت سامنے آتے ہیں جب محکمہ پولیس میں خدمات انجام دینے والے کتوں (Dog Squad#) کو ان کی طویل خدمات سےسبکدوش کیا جاتا ہے۔اور بعض مقامات پر وداعی تقریب بھی منائی جاتی ہے۔جیساکہ اکتوبر 2021ء میں آندھرا پردیش کے نیلورضلع کےمحکمہ پولیس میں خدمات انجام دے رہے دو کتوں کی خدمات سے سبکدوشی کا ویڈیو اور تصاویر وائرل ہوئے تھے۔(اس رپورٹ کی لنک نیچے پیش کی جارہی ہے)
ریاست تمل ناڈو کا ایک ویڈیو ان دنوں وائرل ہے۔جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ہاتھی کو مکمل سرکاری اعزازات کے ساتھ خدمات سے سبکدوش کیا جارہا ہے۔یہاں بھی جذباتی مناظر دیکھے گئے خود ہاتھی نے اس وداعی تقریب کے موقع پر اپنی سونڈ اٹھاکر بلند آواز میں اس کے ساتھ خدمات انجام دینے والے عہدیداروں اور ساتھی ملازمین کا شکریہ ادا کیا۔
محترمہ سپریا ساہو آئی اے ایس نے اس ویڈیو کو ٹوئٹ کیا ہے۔جو کہ تمل ناڈو حکومت میں بحیثیت ایڈیشنل چیف سکریٹری ماحولیات موسمیاتی تبدیلی اور جنگلات خدمات انجام دے رہی ہیں۔اور وہ دور درشن کی ڈائرکٹر جنرل بھی رہ چکی ہیں۔
اطلاعات کےمطابق تمل ناڈو کے دور دراز جنگلاتی مقامات میں پھنس جانے والے یا دیگر حادثات میں زخمی ہونے والے ہاتھیوں کو بچانے اور محفوظ طریقہ سے انہیں نکالنے کےلیے چندمخصوص ہاتھیوں کو تربیت دی جاتی ہے۔ایسے تربیت یافتہ ہاتھیوں کو ” کمکی Kumki# ” کہا جاتا ہے. جنہیں محکمہ جنگلات کے عہدیدار ایسے مواقع پر استعمال کرتے ہیں۔
تمل ناڈو کے کوزیکموتھی میں موجود ہاتھیوں کے کیمپ میں کلیم Kaleeem# نامی کُمی ہاتھی جس کی عمر 60 سال بتائی گئی ہےکی منگل 7 مارچ کو اس کیمپ میں منعقدہ ایک پُر اثر تقریب میں وظیفہ پر سبکدوشی عمل میں لائی گئی۔اس موقع پرمحکمہ جنگلات کے عہدیداروں اور ملازمین نے اس کلیم نامی ہاتھی کوباقاعدہ سلامی ( Guard Of Honour#) دی۔
بتایا جاتا ہےکہ محکمہ جنگلات تمل ناڈو میں اپنی خدمات کے دوران اس کلیم نامی ہاتھی نے 99 بچاؤ اور امدادی کاموں میں حصہ لیتےہوئے تمام عہدیداروں اور ملازمین کا دل جیت لیا تھا۔
اس وداعی تقریب کا ویڈیو ٹوئٹ کرتے ہوئے محترمہ سپریا ساہو آئی اے ایس نے لکھا ہے کہ” ہماری آنکھیں نم ہیں اور دل تشکر سے بھرے ہوئے ہیں,کیونکہ کلیم تامل ناڈو کے کوزیاموتھی ہاتھی کیمپ کےمشہور کمکی ہاتھی آج 60 سال کی عمر میں ریٹائرہوگئے۔99 ریسکیو آپریشنز میں شامل وہ ایک لیجنڈ ہیں۔انہوں نے گارڈ آف آنر وصول کیا۔ "
محترمہ سپریا ساہو آئی اے ایس نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں لکھاہےکہ”کلیم اناملائی ٹائیگر ریزرو کے کوزیکموتھی کیمپ میں ہمارے افسانوی ہاتھی آج 60 سال کی عمر میں ریٹائر ہو رہے ہیں۔اس کے مہاوت مانی کے لیے کلیم ایک بڑے بھائی کی طرح ہے۔ریٹائرمنٹ کی تقریب کا مشاہدہ کرنا میرے لیے اعزاز تھا،میں ہمیشہ یاد رکھوں گی اور اس کی قدر کروں گی۔آئی اے ایس عہدیدارمحترمہ سپریا ساہو کے اس ویڈیو کواب تک 2 لاکھ 33 ہزار سے زائد سوشل میڈیا صارفین نے دیکھا ہے۔
Our eyes are wet and hearts are full with gratitude as Kaleem the iconic Kumki elephant of the Kozhiamuttthi elephant camp in Tamil Nadu retired today at the age of 60. Involved in 99 rescue operations he is a legend. He received a guard of honour from #TNForest #Kaleem pic.twitter.com/bA1lUOQmTw
— Supriya Sahu IAS (@supriyasahuias) March 7, 2023
” یہ بھی پڑھیں "