بڑے پیمانے پرتہنیتی اور وداعی تقریب کا انعقاد
آندھراپردیش/نیلور: 03۔اکتوبر (سحرنیوزڈاٹ کام)
کسی بھی محکمہ کے سرکاری عہدیداروں کے وظیفہ حسن خدمات پر سبکدوش ہونے پر اس محکمہ کے تمام عہدیداران اور ملازمین ان کی تہنیتی تقریب منعقد کرتے ہوئے ان کے ساتھ یا ان کے ماتحت گزارے گئے دنوں اور محکمہ میں ان عہدیداروں کی خدمات کو خراج پیش کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر ان کی شال و گلپوشی کرکے انہیں یادگار مومنٹو حوالے کرتے ہیں۔اور ساتھ ہی ان کی بہتر وظیفہ یاب زندگی اور بہترمستقبل کے لیے نیک خواہشات بھی پیش کی جاتی ہیں۔

بعض اؤقات تو ایسی تقاریب انتہائی جذباتی اورمتاثر کن ہوتی ہیں کہ جیسے اس محکمہ کے موجودہ عہدیداروں اور ملازمین کا کوئی رشتہ دار ان سے جدا ہورہا ہو۔
آندھرا پردیش کے نیلور ضلع کے پولیس ہیڈکوارٹر میں بھی 2 اکتوبر کو ایسی ہی ہلچل مچی ہوئی تھی جہاں یونیفارم میں موجود تمام اعلیٰ عہدیدار، پولیس کے دیگر عہدیدار اور ملازمین پولیس ایک تہنیتی وداعی تقریب کے انعقاد میں مصروف تھے۔
قارئین سمجھیں گے کہ شاید کسی پولیس عہدیدار کی وظیفہ حسن خدمات پر سبکدوشی کی تقریب تھی! یہ وظیفہ حسن خدمات پر سبکدوشی کی تقریب ہی تھی لیکن کسی پولیس عہدیدار کی نہیں بلکہ پولیس محکمہ میں گزشتہ دس سال سے خدمات انجام دے رہے ” دو کتوں سندھو اور لکی ” کی وداعی تقریب تھی۔ جی ہاں چونکئیے مت!
جس طرح پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کی وظیفہ حسن خدمات پر سبکدوشی کے مواقع پر کوئی تقریب منعقد کی جاتی ہے بالکل اسی شایان شان سے یہ تقریب منعقد کی گئی اور ان دونوں کتوں کو وداعی دی گئی اور انہیں تہنیت پیش کرتے ہوئے باقاعدہ ان کی شال اورگل پوشی بھی کی گئی۔

اس موقع پر ایس پی ضلع نیلور وجئے راؤ آئی پی ایس نے بتایا کہ گزشتہ دس سال کے دؤران کئی ایک کیسوں میں جہاں کچھ بھی شواہد دستیاب نہیں تھے ان دو کتوں سندھو اور لکی نے مجرموں تک پہنچنے میں پولیس کی مدد کی تھی اور ان دونوں کتوں کی مدد سے کئی ایک کیس حل کیے گئے تھے۔
ضلع ایس پی نیلور وجئے راؤ نے کہا کہ پولیس محکمہ میں ان دو کتوں کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

