تلنگانہ میں 15 مارچ سے نصف دن کااسکول، شیڈول طئے
اول تا نویں جماعت کے 12 اپریل سے سالانہ امتحانات
حیدرآباد: 09۔مارچ (سحرنیوزڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ میں موسم گرما کے پیش نظر ریاستی محکمہ تعلیمات کی جانب سے نصف دن کے اسکولوں کا آج شیڈول طئے کرلیا گیا ہے۔جس کے تحت ریاست کے تمام سرکاری اور خانگی اسکولوں میں 15 مارچ بروز چہارشنبہ سے نصف دن کے اسکول پر عمل آوری کا آغاز ہوگا۔
طئے شدہ شیڈول کے مطابق روزآنہ صبح 45-7 بجے سے دوپہر 12 بجے تک ان تمام سرکاری اور خانگی اسکولوں میں تعلیم کانظم ہوگا۔تعلیمی سال 2022-2023 کے اختتام تک یعنی 24 اپریل تک اسی ٹائم ٹیبل پرعمل ہوگا۔عہدیداروں نےموسم گرما کو پیش نظر رکھتےہوئے تمام طلبہ کو صاف و شفاف پینے کا پانی سربراہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔امکان ہے کہ اس سلسلہ میں جلد ہی شیڈول جاری کیا جائے گا۔
تاہم دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے انعقاد کے پیش نظرمحکمہ تعلیمات کے اعلیٰ عہدیداران کی ہدایت پر ان کےلیے خصوصی کلاسیس کا نظم رہے گا۔
جبکہ ریاست تلنگانہ کے تمام سرکاری اور خانگی اسکولوں اور کالجس کو 25 اپریل بروز منگل سے 11 جون بروز اتوار تک جملہ 48 دنوں کی گرمائی تعطیلات ہوں گی۔اور 12 جون سے دوبارہ تمام تعلیمی اداروں کی کشادگی عمل میں لائی جائے گی۔
محکمہ تعلیمات نے فیصلہ کیاہےکہ اول تو نویں جماعت کے سالانہ امتحانات 12 اپریل سے منعقد ہوں گے۔اول تا پانچویں جماعت کے طلبہ کے لیے چونکہ چار مضامین پرمشتمل امتحانات منعقد ہونگے تو ان امتحانات کا اختتام 17 اپریل کو عمل میں آئے گا۔وہیں چھٹی تا نویں جماعت کے طلبہ کے سالانہ امتحانات 20 اپریل کو ختم ہونگے۔
محکمہ تعلیمات کے عہدیداروں نے تمام اسکولوں کے انتظامیہ کو ان امتحانات کےنتائج 21 اپریل تک جاری کرتے ہوئے ریکارڈ میں جمع کرنے کی ہدایت دی ہے۔ بعدازاں 24 اپریل کو اؤلیائے طلبہ Parents Committee# کی میٹنگ منعقد کی جائے۔جس میں طلبہ کی تعلیمی صلاحیتوں پر بات چیت کی جائے گی۔
ریاست تلنگانہ میں دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات 3 اپریل سے 13 اپریل تک اور انٹر میڈیٹ سال اول اور دوم کے سالانہ امتحانات 15 اپریل سے 24 اپریل تک منعقد ہونگے۔

