کانپور میں سڑک کے کنارے سوئے ہوئے بیوپاری کا موبائل فون چوری کرنے والا پولیس کانسٹیبل خدمات سےمعطل

کانپور میں سڑک کے کنارے سوئے ہوئے بیوپاری کا
موبائل فون چوری کرنے والا پولیس کانسٹیبل خدمات سے معطل

کانپور: 10۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

پولیس کا کام عوام کی جان و مال کی حفاظت کرنا ہوتا ہے۔لیکن گزشتہ چندسال سےایسا لگتا ہے کہ ملک کی چند ریاستوں میں چند پولیس ملازمین اپنے اس دستوری فریضہ کوبھول چکے ہیں؟جس دستور کی قسم کھاکر وہ عہد لیتے ہیں کہ وہ کسی بھی مذہبی،علاقائی اور ذات پات کےبھیدبھاؤ سے اوپر اٹھ کر اپنی خدمات انجام دیں گے۔

ریاست اترپردیش کا ایک ایسا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے،جس میں دیکھاجاسکتاہے کہ گشت کے دؤران دو پولیس کانسٹیبل ایک مقام پر رک جاتے ہیں۔ان میں سے ایک کانسٹیبل سڑک کے کنارے سوئے ہوئے ایک شخص کے قریب جاتا ہے اور اس کی جیب سےموبائل فون چوری کرنےکےبعد دونوں پولیس کانسٹیبل وہاں سے چپ چاپ روانہ ہوجاتے ہیں۔اتفاق سے یہ منظر قریب ہی موجود ایک سی سی ٹی وی کیمرہ میں قید ہوگیا۔جس کے بعد اس پولیس کانسٹیبل کو خدمات سے معطل کردیا گیا۔

میڈیا اطلاعات کےمطابق یہ واقعہ ہفتہ کی رات کا اور کانپور کا ہے۔کانپور کے مہاراج پور علاقہ کے چھتمارا چوراہے پر رات کے وقت گشت کے دوران کانسٹیبل نےسڑک کےکنارے سوئےہوئے ایک شخص کا موبائل فون چوری کرلیا۔اس سی سی ٹی ویڈیو میں موبائل چرانے والے پولیس کانسٹیبل کی شناخت پرگیش سنگھ کی حیثیت سے کی گئی ہے۔

اس ویڈیو کو ⬇️ سوربھ شکلا نے ٹوئٹر پر پوسٹ کیا ہے۔جسے کلک کرکے دیکھا جاسکتا ہے۔ 

https://twitter.com/Saurabh_Unmute/status/1579143014097637377

اس ویڈیو کے وائرل کےہونے کے بعد اعلیٰ پولیس عہدیداروں نے اس معاملہ کی جانچ کی اورمہاراج پور تھانے میں خدمات انجام دینے والے اس موبائل چور پولیس کانسٹیبل کی شناخت تائی پت پرگیش سنگھ کے طور پر کی گئی۔بعدازاں ضلع ایس پی(آؤٹر) کی ہدایت پر ملزم کانسٹیبل کو خدمات سےمعطل کر دیا۔

سڑک کےکنارے سوئے ہوئے شخص کے پاس سے موبائل کی چوری کے وقت اس پولیس کانسٹیبل کےساتھ ایک ہوم گارڈجوان ڈلائک سنگھ بھی تھا۔جلد ہی اس ہوم گارڈ جوان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ایڈیشنل ایس پی آؤٹر وجیندر دویدی نےمیڈیا کوبتایا کہ ملزم کانسٹیبل کو معطل کردیا گیا ہے۔ معاملے کی تفصیلی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

مزید اطلاعات کےمطابق مہاراج پورچھتمارا کا رہنے والا نتن سنگھ ہفتہ کی رات چوراہے پر واقع اپنی دکان کےبرآمدے میں سورہا تھا۔کہ مہاراج پور تھانے کے کانسٹیبل پرگیش سنگھ اور ایک ہوم گارڈ کی ڈیوٹی چھتمارا چوراہے پر لگائی گئی تھی۔اس دؤران کانسٹیبل نتن سنگھ کاموبائل فون چراکر وہاں سے چپ چاپ نکل گیا۔متاثرہ نتن سنگھ نےملزم کانسٹیبل پرگیش سنگھ اور ہوم گارڈ لائک سنگھ کے خلاف مہاراج پور تھانے میں موبائل چوری کی شکایت پولیس میں درج کروائی ہے۔