وزیراعظم نریندرمودی نے تینوں کسان قوانین واپس لینے کا اعلان کیا
نئی دہلی:19۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
وزیراعظم نریندرمودی نے آج قوم سے معافی مانگتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے تینوں متنازعہ کسان قوانین کو واپس لیا جائے گا۔جن کے خلاف کسان ایک سال سے احتجاج کررہے ہیں۔
آج ٹیلی ویثرن پر قوم کے نام وزیراعظم نریندرمودی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بابا گرونانک کے یوم پیدائش کے موقع پر یہ اعلان کرتے ہوئے انہیں خوشی ہورہی ہے۔
وہیں ملک کی اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ چند ماہ میں پنجاب اور اترپردیش سمیت ملک کی پانچ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے تناظر میں بی جے پی کی جانب سے یہ فیصلہ لیا گیا ہے!!
وزیراعظم نریندر مودی کا یہ اعلان گرو پورب تہوار کے موقع پر سامنے آیا ہے جب سکھ مذہب کے بانی گرو نانک کا یوم پیدائش پورے ہندوستان میں منایا جا رہا ہے،خاص طور پر پنجاب میں جہاں اندرون تین ماہ انتخابات ہونے والے ہیں۔
اپنے خطاب میں وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ "شاید ہماری کاوشوں میں کچھ کمی تھی،جس کی وجہ سے ہم چند کسانوں کو ان قوانین کے متعلق قائل نہیں کرواسکے۔ لیکن آج پرکاش پرو ہے کسی پر الزام لگانے کا وقت نہیں ہے۔ آج میں ملک کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہم نے کسانوں کے تینوں قوانین کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔”

