کوویڈ وبا کے دؤران والدین سے محروم ہوجانے والے بچوں کی مختلف امداد، وزیراعظم نریندرمودی کی ضلع کلکٹران سے ویڈیو کانفرنس

کوویڈ وباء کے دؤران والدین سے محروم ہوجانے والے بچوں کی امداد
وزیراعظم نریندرمودی کا ضلع کلکٹران سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ خطاب
کلکٹر وقارآباد محترمہ نکھیلا نے ضلع کے 15 بچوں کو ہیلتھ کارڈ اور پاس بک حوالے

وقارآباد: 31۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)

 کوروناوائرس کی وبا کے باعث اپنے والدین کے سائے سےمحروم ہوجانے والے بچوں کی”پردھان منتری سہایا نِدھی”اسکیم کےتحت مختلف طریقوں سےامداد کی غرض سے پیرکے دن وزیراعٖظم نریندرمودی نے دہلی سے ویڈیوکانفرنس کے ذریعہ ملک کےضلع کلکٹران سے خطاب کیا اور اس اسکیم کے مقاصد و طریقہ کار سے واقف کروایا۔مرکزی حکومت نے "پی ایم کیئر فنڈ” سے اس اسکیم کا آغاز کیا ہے۔

اس ویڈیو کانفرنس کا مشاہدہ کرنے کے بعد ضلع کلکٹر وقارآباد محترمہ بی۔نکھیلا نے کوویڈ وبا کے دؤران اپنے ماں اور باپ کے سائے سےمحروم ہوجانے والے 15 یسیر بچوں میں ہیلتھ کارڈس،اسکالرشپ اور بینک کے پاس بکس حوالے کیے۔

ضلع کلکٹر وقارآباد محترمہ بی۔نکھیلا نے بتایا کہ ان متاثرہ بچوں کی عمر 18سال ہوجانے تک ان کے ناموں پر فی کس دس لاکھ روپئے بینکوں میں بطور فکسڈ ڈپازٹ رکھے جائیں گے اور ان کے 18 سال سے 23 سال کے ہوجانے تک اس فکسڈ ڈپازٹ سے بینک کے ذریعہ ملنے والی سود کی رقم انہیں بطور امداد دی جاتی رہے گی۔جب یہ بچے 23 سال کی عمر کے ہوجائیں گے تب انہیں بینک میں بطور فکسڈ ڈپازٹ رکھی گئی رقم ان کے حوالے کردی جائے گی۔اور اس اسکیم کا آج سے وزیراعظم نریندرمودی نے آغاز کیا ہے۔

ضلع کلکٹرنے بتایا کہ ضلع وقارآباد میں ایسے جملہ 15بچے موجود ہیں جو کوویڈوبا کے دؤران اپنی ماں اور اپنے باپ کے سائے سے محروم ہوگئے ہیں۔ضلع کلکٹر وقارآباد بی۔نکھیلا نے بتایا کہ ان تمام یسیر بچوں کو ریاستی حکومت کے ریسیڈنشیل اسکولوں میں داخلہ دیتے ہوئے انہیں بہترین تعلیم فراہم کی جائے گی۔اور یہ مالی امداد ان کے بہترمستقبل کے لیے کام آئے گی۔

ضلع کلکٹروقارآباد محترمہ بی۔نکھیلانے ان بچوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ان کے نام پر بینکوں میں فکسڈ ڈپازٹ کیے جانے والے دس لاکھ روپئے ان کی عمر 23 سال ہوجانے کے بعد اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے میں کام آئیں گے۔

وزیراعٖظم کی اس ویڈیو کانفرنس اورہیلتھ کارڈز،اسکالرشپ اور پاس بکس کی تقسیم کے موقع پرضلعی انچارج ریوینیو ڈویژن وجئےلکشمی،محکمہ بہبود خواتین و اطفال للیتا کماری،صدرسی ڈبلیوسی وینکٹیش،کوآرڈنیٹر شری لکشمی،ڈی سی پی یو اور دیگر متعلقہ عہدیدار موجود تھے۔