نکہت زرین اور ایشا سنگھ کو فی کس دو کروڑروپئے کا انعام، مکان کی تعمیر کے لیے اراضی : وزیراعلیٰ تلنگانہ کا اعلان

نکہت زرین اور ایشا سنگھ کو فی کس دو کروڑ روپئے کا انعام
مکان کی تعمیر کے لیے اراضی: وزیراعلیٰ تلنگانہ کا اعلان

حیدرآباد: 01۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام)

بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوؐں کابہترین مظاہرہ کرتے ہوئے کھیلوں میں گولڈ حاصل کرنے والی دختران تلنگانہ نکہت زرین اور ایشا سنگھ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے آج وزیراعلیٰ تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ نے انہیں فی کس دو کروڑ روپئے کے نقد انعامات کا اعلان کیا ہے۔

نکہت زرین جن کا تعلق ہندوستان کی ریاست تلنگانہ کے نظام آباد شہر سے ہے۔نے 19مئی کو استنبول،ترکی میں منعقدہ فلائی ویٹ فائنل میں تھائی لینڈ کی جیتپونگ جوٹاماس کو یکطرفہ انداز میں 0-5 سےشکست دے کر خواتین کی عالمی چمپئن شپ میں 52 کلوگرام کے زمرہ میں سونے کاتمغہ حاصل کرتے ہوئے ملک،قوم اور ریاست کا سر فخر سے اونچا کرتے ہوئے چار سال کے وقفہ کے بعد 25سالہ نکہت زرین نے ہندوستان کو یہ عالمی تمغہ واپس لایا۔اس سے قبل 2018 میں ایم سی میری کوم چیمپئن بنی تھیں۔

جبکہ جرمنی میں منعقدہ ورلڈ کپ شوٹنگ مقابلوں میں ایک اور دختر تلنگانہ ایشا سنگھ نے گولڈ میڈل حاصل کیا تھا جس پرحکومت تلنگانہ کی جانب سے نکہت زرین اور ایشا سنگھ کے لیے آج فی کس دو کروڑ روپئے کے نقد انعامات کا اعلان کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ کی ہدایت پر اس سلسلہ میں حکومت نے احکام جاری کردئیے ہیں۔ورلڈ باکسنگ چمپئن نکہت زرین اور گولڈ میڈل یافتہ شوٹر ایشا سنگھ کو حکومت نے نقد رقم کے علاوہ انہیں مکانات تعمیر کرلینے کی غرض سے شہر کے پاش علاقوں جوبلی ہلز یا بنجارہ ہلز پر اراضیات جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

19 مئی کو نکہت زرین کی جانب سے ورلڈ باکسنگ چمپئن کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد سے عوام کی نظریں بالخصوص وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھر راؤ کی جانب تھیں کہ وہ انہیں بطور انعام کیا دیں گے؟کیونکہ ماضی میں ریاست کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے حکومت رقمی اور اراضی کے اعلان کے ساتھ سرکاری مازمتوں کا اعلان بھی کرتی آرہی ہے۔