عوام لون ایپ کے جھانسے میں نہ آئیں، غیر مصدقہ لنک کلک نہ کریں، ہراسانی پر پولیس میں شکایت درج کروائیں: ایس پی ضلع وقارآباد

عوام لون ایپ کے جھانسے میں نہ آئیں،غیرمصدقہ لنک کلک نہ کریں
ہراسانی سے پریشان افراد پولیس میں شکایت درج کروائیں
ایس پی ضلع وقارآباد کوٹی ریڈی آئی پی ایس کا عوام کو مشورہ

وقارآباد : 09۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ضلع وقارآبا مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نےعوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ رقم کے لالچ میں لون ایپ کا شکار بن کر ذہنی پریشانیوں اور مشکلات میں مبتلاء نہ ہوں۔انہوں نے عوام کو ہدایت دی کہ اگر کوئی ان لون ایپ اور دیگر سائبر جرائم کا شکار ہوئے ہیں تو فوری ہیلپ لائن نمبر 1930، 112 یا 100 پر شکایت درج کروائیں۔اور ساتھ ہی این سی آر پی کے پورٹل

http://www.cybercrime.gov.in  پر بھی مکمل تفصیلات کے ساتھ فوری اپنی شکایت درج کروائیں۔

ضلع ایس پی وقارآباد نے کہاکہ دھوکہ دہی پرمشتمل اور غیر مستند جعلسازوں کی جانب سے بنائے گئے لون ایپ کے جال میں پھنس کر ہراسانی کا شکار ہوکر اپنی جانیں گنوارہے ہیں۔اور کئی افراد ذہنی دباؤ میں مبتلاہورہے ہیں۔تو کئی نوجوان محض اپنےشوق پورے کرنےکی غرض ان لون ایپ سے قرض حاصل کرتے ہوئے پریشان ہورہے ہیں۔جس سے ان کے خاندانوں پر بھی اس کا اثر پڑرہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کوسوشل میڈیا پلیٹ فارمس فیس بک،انسٹاگرام اور یوٹیوب کےذریعہ بھی مختلف لون ایپ کی جانب سےمختلف لالچ دے کر انہیں اپناشکار بنایا جارہا ہےجس سے انتہائی چوکس رہنے کی سخت ضرورت ہے۔ضلع ایس پی نے کہا کہ زیادہ تر لون ایپ ریزرو بینک آف انڈیا کے قواعد و ضوابط کے خلاف یہ کاروبار کرتے ہوئےعوام کو شدید پریشان کررہے ہیں۔انہوں نےمشورہ دیا کہ ریزرو بینک آف انڈیا کی جانب سے غیر اجازت یافتہ لون ایپ کو ہرگز ڈاؤن لوڈ نہ کریں۔

ایس پی ضلع وقارآباد این۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے ساتھ ہی عوام کو مشورہ دیا ہے کہ انٹرنیٹ ،اسمارٹ فون اور سوشل میڈیا کے اس دؤر میں مختلف طریقوں سے عوام کو دھوکہ دیا جارہا ہے اور ان کے ساتھ جعلسازی کی جارہی ہے ایسے میں اگر عوام چوکس نہیں رہیں گے تو وہ سائبر جرائم کا آسانی کے ساتھ شکار ہوجائیں گے۔ضلع ایس پی نے عوام کو مشورہ دیا کہ مشتبہ نمبرات سے آنے والے فون کالز پر یا کسی کو بھی او ٹی پی نمبر،آدھار کارڈ کی تفصیلات،سی وی وی اور اپنے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات ہرگز کسی کو بھی فراہم نہ کریں۔

اپنے صحافتی بیان میں ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر این۔کوٹی ریڈی نےنوجوانوں کومشورہ دیا کہ آن لائن گیم کےذریعہ رقم کو دوگنی کرنے کا جھانسہ دیتے ہوئے انہیں دھوکہ دیا جارہا ہے اور نوجوان ایسے کسی بھی ایپ سے ہوشیار رہیں،ایسے ایپ کی لت میں پڑکر اپنی رقم ضائع نہ کریں۔ضلع ایس پی نے ایسے متاثرین کومشورہ دیا ہےکہ اگر کوئی ان لون ایپ کا شکار ہوکر پریشان ہیں تو فوری پولیس میں اپنی شکایت درج کروائیں 

ضلع ایس پی وقارآبا دمسٹر نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے انتباہ دیا کہ ان دھوکہ دہی پرمشتمل لون ایپ،ایس ایم ایس اور واٹس ایپ کے ذریعہ آنے والی کسی بھی غیر مصدقہ لنک کو ہرگز کلک نہ کریں۔اور نہ ہی کوئی غیرمصدقہ ایپ اپنے فون میں ڈاون لوڈ کریں کیوں کہ اس کے فوری بعد صارفین کے فونس میں موجود تمام ذاتی ریکارڈ،تصاویر،ویڈیوز،اہم معلومات،فون میں محفوظ شدہ موبائل نمبرات تمام ہیک کرلیے جاتے ہیں اور ان کا غلط استعمال کیا جاتا ہے۔

ضلع ایس پی نے کہا کہ لون ایپ کے ذریعہ حاصل کیےگئے قرضہ جات کی رقم مختلف دھمکیوں کے ساتھ دوگنی وصول کئےجانے کی اطلاعات عام ہیں۔انہوں نے ایسے متاثرین کوحوصلہ دیتے ہوئے کہاکہ کسی بھی لون ایپ کمپنی کی دھمکیوں اور نوٹسوں سے وہ ہرگز پریشان نہ ہوں،اپنے افراد خاندان،دوست احباب کو اس سے واقف کروائیں اور فوری طور پر پولیس میں شکایت درج کروائیں۔