وقارآبادضلع: تانڈور کے یالال منڈل میں شدید بارش
پولٹری فارم میں پانی داخل،9 ہزار سے زائد مرغیاں ہلاک
اندرون دیڑھ ماہ دوسری مرتبہ کاگناندی بریج کا ایک حصہ دوبارہ بہہ گیا
وقارآباد/تانڈور:
08۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
گزشتہ رات دس بجے وقارآبادضلع مستقرکے علاوہ تانڈوراور دیگر مقامات پر زائداز نصف گھنٹہ تک گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔یاد رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے کل آئندہ چار دنوں کے دوران ریاست کے جن اضلاع میں گرج وچمک کے ساتھ شدید اور موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے ان میں وقارآباد ضلع بھی شامل ہے۔
وہیں حلقہ اسمبلی تانڈور کے یالال منڈل میں گزشتہ رات دس بجے سے زائد از چار گھنٹوں تک ہونے والی شدید بارش کے باعث یالال کی کاگنا ندی سیلابی پانی سے لبریز ہوگئی۔اس بارش کے دوران ندی کے کنارے موجود محمدعلیم الدین کے پولٹری فارم میں پانی کےداخل ہوجانے سے 9,000 سے زائد مرغیاں ہلاک ہوگئیں اور بڑی تعداد میں مرغیاں اس سیلابی پانی کےساتھ کاگنا ندی میں بہہ گئیں۔اس کےنقصانات کی تفصیلات دستیاب نہیں ہوپائی ہیں۔
دوسری جانب براہ یالال تانڈور سے گزرنے والی کاگنا ندی پر موجود 130 سال قبل نظام دؤر حکومت میں تعمیرکردہ بریج سیلابی پانی میں مکمل طورپر غرق ہوگیا تھا اور جب ندی کےپانی کی سطح کم ہوئی تو یہ قدیم بریج نظر آیا۔تاہم اس قدیم بریج کا محبوب نگر کی جانب والا حصہ سیلابی پانی میں بہہ گیا ہے۔
یادرہے کہ گزشتہ چار سال کے دؤران اسی بریج کا یہی حصہ تین مرتبہ سیلابی پانی میں بہہ چکا تھا۔دوبارہ بریج کا یہی حصہ دیڑ ھ ماہ قبل 26 جولائی کو ضلع وقارآباد میں ہونے والی شدید بارش کے دوران بھی ٹوٹ کر بہہ گیا تھا۔جس کی عارضی طور پر مرمت کرتےہوئے ٹریفک نظام بحال کیا گیا تھا۔
بنگلور۔ممبئی ہائی وے کو جوڑنےوالی اس اہم شاہراہ پر جہاں سےدن اور رات کے اؤقات ہزاروں مال بردار اور عوامی گاڑیوں کاگزر ہوتا ہے اور قدیم بریج کی شکستگی کو دیکھتے ہوئے پانچ سال قبل کاگنا ندی پرمتوازی ایک وسیع وعریض بریج کی تعمیر کے لیےحکومت تلنگانہ نے 14 کروڑ روپئے منظور کئے تھے اور اس بریج کی تکمیل کو زائد از دوسال ہوگئے ہیں۔

تاہم اس بریج کی دونوں جانب لنک روڈ تعمیر کرنے کاکام چھوڑدیا گیا تھا۔پھرگزشتہ سال مٹی کےذریعہ اس جدید بریج کی دونوں جانب لنک روڈز جوڑدی گئیں۔لیکن اس بریج کا باقاعدہ سرکاری طور پر افتتاح عمل میں نہیں لایا گیا ہے۔عوامی مطالبہ ہےکہ تانڈور سےچارکلومیٹر کےفاصلہ پرموجود اس کاگناندی کے قدیم بریج کی دوبارہ مرمت کی جائے اور ساتھ ہی جدید بریج کے بقیہ کاموں کی فوری انجام دہی کے ذریعہ اس بریج کا باقاعدہ افتتاح عمل میں لایا جائے۔

