شاہ رخ خان کے فرزند آریان خان کی گرفتاری ایک جعلسازی،ایک گرام منشیات بھی نہیں پکڑی گئی: مہاراشٹرا کے وزیر نواب ملک کےسنسنی خیز الزامات

شاہ رخ خان کے فرزند آریان خان کی گرفتاری ایک جعلسازی
ایک گرام منشیات بھی نہیں پکڑی گئی،بی جے پی نے این سی بی کا استعمال کیا ہے
مہاراشٹرا کے وزیر کابینہ و قومی ترجمان این سی پی نواب ملک کے سنسنی خیز الزامات

ممبئی: 07۔اکتوبر(سحرنیوز ڈاٹ کام/ایجنسیز)
فلم اداکار شاہ رخ خان کے فرزند آریان خان 23 سالہ کو ممبئی کے سمندر میں ہفتہ کی رات نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے دیگر سات نوجوانوں کے ساتھ تحویل میں لیا تھا جو کہ ممبئی سے گوا جانے والی کروز (کشتی) میں سوار تھے۔

اتوار کے دن  پوچھ تاچھ کے بعد اسی شام این سی بی نے آریان خان،مون مون دھنیچہ اور ایاز مرچنٹ کی گرفتاری کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے عہدیداروں بتایا تھا کہ کروز میں پارٹی کے دؤران ہائی پروفائل چھاپے میں 13 گرام کوکین، 21 گرام چرس اور ایم ڈی ایم اے کی 22 گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔

این سی بی نے بتایا تھا کہ آریان خان کے خلاف لگائے گئے الزامات میں ممنوعہ مذکورہ اشیاء کی خریداری،قبضہ اور استعمال شامل ہیں۔بعدازاں عدالت نے آریان خان سمیت تینوں ملزمین کو 7 اکتوبر تک نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی تحویل میں دے دیا تھا۔

اسی دؤران آج مہاراشٹرا کابینہ کے وزیر سینئر سیاستداں و نیشنلسٹ کانگریس پارٹی(این سی پی)کے قومی ترجمان نواب ملک نے پریس کانفرنس میں سنسنی خیز الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ممبئی کروز پر سوار نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کا چھاپہ ” جعلی ” تھا اور  بی جے پی نے آریان خان کو نشانہ بنانے کے لیے مرکزی ادارہ کا غلط استعمال کیا ہے۔

میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے مہاراشٹرا کے کابینی وزیر و این سی پی ترجمان نواب ملک نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ” کروز یا ٹرمینل پر ایک گرام منشیات بھی ضبط نہیں کی گئی ہے۔”

نواب ملک نے کہا کہ نے کہا ” آریان خان کی گرفتاری دھوکہ دہی ہے اور گزشتہ ایک ماہ سے کرائم رپورٹرس کے درمیان یہ اطلاع زیرگشت تھی کہ اگلا نشانہ اداکار شاہ رخ خان ہیں۔”

مہاراشٹرا کے ریاستی وزیر و قومی ترجمان نیشنلسٹ کانگریس پارٹی نواب ملک نے اس پریس کانفرنس میں یہ الزام بھی عائد کیا کہ کروز پر ایک گرام منشیات بھی نہیں پکڑی گئی ہے اور ٹرمینل پر بھی نہیں یہاں تک کہ کسی ایک ملزم کے پاس سے بھی منشیات دستیاب نہیں ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے جو بھی نمونے کی ویڈیو شیئر کی ہے،اسے زونل ڈائریکٹر کے دفتر میں تیار کیا گیا ہے جو کہ ضبط کرنے کے طریقہ کار کے خلاف ہے۔

کرن پی گوسوی کو ایک خانگی جاسوس اور منیش بھانوشالی کو بی جے پی لیڈر بتایا جارہا ہے!!۔ 

ایک ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے جس میں ممبئی کروز سے حراست میں لیے گئے افراد کو این سی بی آفس لے جاتے دیکھا گیا نواب ملک نے الزام عائد کیا کہ ” جو شخص آریان خان کو دفتر لے جا رہا ہے وہ بی جے پی لیڈر منیش بھانوشالی ہے۔”

مہاراشٹرا کے وزیر نواب ملک کی جانب سے ان سنسنی خیز انکشافات کے بعد منیش بھانوشالی نے خبررساں ایجنسی اے این آئی سے کہا کہ نواب ملک نے ان پر غلط الزام عائد کیا ہے اور ان گرفتاریوں سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے،منیش بھانوشالی نے کہا کہ انہیں یکم اکتوبر کو اطلاع ملی تھی کہ کروز میں ڈرگ پارٹی ہونے والی ہے۔انہوں نے قبول کیا کہ وہ اس رات نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے عہدیداروں کی ٹیم کے ساتھ انفارمیشن اپ ڈیٹ کرنے کی غرض سے کروز پر تھے۔

منیش بھانو شالی نے کہا کہ وہ بی جے پی کے کسی بھی عہدہ پر نہیں ہیں اور وہ اس الزام کے خلاف مہاراشٹرا کے وزیر نواب ملک کے خلاف عزت ہتک کا مقدمہ دائر کریں گے۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اس طرح نواب ملک نے ان کی زندگی کے لیے خطرہ پیدا کردیا ہے انہوں نے انہیں سیکورٹی فراہم کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔

پریس کانفرنس کے بعد سے مہاراشٹرا کے ریاستی وزیر سینئر سیاستداں و نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے قومی ترجمان نواب ملک نے ٹوئٹر پر رات ساڑھے بارہ بجے دو ویڈیوس پوسٹ کیے ہیں۔

ایک ویڈیو کے ساتھ انہوں نے لکھا ہے کہ ” کرن پی گوسوی اور منیش بھانوشالی کی این سی بی آفس میں داخل ہونے کی ویڈیو،اسی رات کروز جہاز پر چھاپہ مارا گیا۔

 

جبکہ نواب ملک نے ایک اور ویڈیو کے ساتھ ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ” کرن پی گوسوی اور منیش بھانوشالی ” کی ایک اور ویڈیو فوٹیج این سی بی آفس سے نکلتے ہوئے۔ 

مہاراشٹرا ریاستی کابینہ کے وزیر سینئر سیاستداں و نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے قومی ترجمان نواب ملک کے ان الزامات اور انکشافات کے بعد سوشل میڈیا بالخصوص ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر کرن پی گوسوی اور منیش بھانوشالی کی ایسی تصاویر وائرل ہوئی ہیں جن میں وہ بی جے پی کے تمام اعلیٰ قائدین کے ساتھ نظر آرہے ہیں!

 

” اتوار کی شام نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی جانب سے دن بھر پوچھ تاچھ کے بعد آریان خان کی گرفتاری کی توثیق، تفصیلی اس خبر اس لنک پر پڑھی جاسکتی ہے۔ "

ڈرگس معاملہ میں شاہ رخ خان کے فرزند آریان خان کی باقاعدہ گرفتاری کی توثیق