وقار آباد ضلع : اقلیتی اقامتی اسکول و جونیئر کالج برائے طالبات تانڈورمیں قومی یوم تعلیم تقریب، ڈی ایس پی اورمسلم نمائندوں کی شرکت

وقارآبادضلع : اقلیتی اقامتی اسکول و جونیئر کالج برائے طالبات تانڈورمیں قومی یوم تعلیم تقریب
ڈی ایس پی اور مسلم نمائندوں کی شرکت،طالبات کا بہترین مظاہرہ،توصیفی اسناد کی تقسیم

وقارآباد/تانڈور: 11۔نومبر (سحرنیوزڈاٹ کام)

ممتاز مجاہد آزادی و آزاد ہندوستان کے پہلے وزیرتعلیم،بھارت رتن مولانا ابوالکلام آزاد کےیوم پیدائش اور قومی یوم تعلیم کے موقع پر 11 نومبرکو وقارآبا ضلع کے تانڈور میں حیدرآباد روڈ پر موجوو اقلیتی اقامتی اسکول اور جونیئر کالج برائےطالبات میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد پرنسپل محترمہ محبوب فاطمہ کی زیر نگرانی عمل میں لایا گیا۔

اس تقریب میں ڈی ایس پی تانڈور جی۔شیکھرگوڑ نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ان کے علاوہ مقامی مسلم قائدین محمد خورشید حسین، مولانا محمدعثمان غنی،صدر ٹاؤن ٹی آر ایس ایم اے نعیم افو، عبدالرحمٰن مجاہدی،ایم اے ستار مجاہدی(گولکنڈہ)،سابق امیرمقامی جماعت اسلامی ہند سراج صمدانی،نائب صدر تلنگانہ کانگریس مائنارٹی ڈپارٹمنٹ خالد سیف اللہ، ایم اے سلیم اور دیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر طالبات نے اپنے تعلیمی و ثقافتی مظاہر ہ کے ذریعہ مہمانوں کو متاثر کیا۔ڈی ایس پی جی۔شیکھر گوڑ اورمسلم نمائندوں نےاس موقع پر طالبات کے بہترین تعلیمی و ثقافتی مظاہرہ کی ستائش کرتے ہوئے طالبات کو تلقین کی وہ بہترین تعلیم و تربیت کے ذریعہ ملک،ریاست اور قوم کا نام روشن کریں۔انہوں نے کہاکہ طالبات کی بہترین تعلیم اور تربیت ہی آنے والی نسلوں کے لیے بہترمستقبل کا ضامن ہوتا ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے تلنگانہ مینارٹی ریسیڈنشیل ایجوکیشنل انسٹیٹیوشنس سوسائٹی (ٹمریز) کے زیر انتظام چلائے جارہے اقلیتی اقامتی اسکولس اور کالجس کی سراہنا کرتے ہوئے پرنسپل اورمعلمات کو بھی مشورہ دیا کہ وہ ان طالبات کو خصوصی دلچسپی کے ذریعہ بہترین تعلیم اور تربیت کے زیور سے آراستہ کریں تاکہ وہ مستقبل میں اپنے خاندان ،ملک،ریاست اور قوم کانام روشن کرتےہوئے اپنی صلاحیتوں کے ذریعہ ایک بہتر مقام حاصل کرسکیں۔

ڈی ایس پی جی۔شیکھر گوڑ نے ان طالبات اور معلمات کو مشورہ دیا کہ وہ کسی بھی قسم کی ہراسانی پر ہرگز خوفزدہ نہ ہوں۔ان کے تحفظ کے شی۔ٹیموں کے علاوہ محکمہ پولیس مستعد ہے۔اگر انہیں کسی ہراسانی کاسامنا کرنا پڑرہا ہو تو وہ بے خوف پولیس یا شی۔ٹیم سے اس کی شکایت
کرسکتی ہیں۔

اس تقریب کے مہمان خصوصی اورمسلم نمائندوں کے ہاتھوں اسکول اور کالج کی معلمات اور طالبات میں بہترین تعلیمی کار کردگی پر توصیفی اسنادات تقسیم کیے گئے۔پرنسپل محترمہ محبوب فاطمہ نے تقریب یوم تعلیم میں شریک تمام مہمانوں کاشکریہ ادا کرتے ہوئے تیقن دیا کہ وہ اپنے تمام اسٹاف کے ساتھ اسی طرح اقلیتی اقامتی اسکول اور جونیئر کالج کی طالبات کو بہترین تعلیم و تربیت پر مزید توجہ دیں گی۔