وقارآباد ضلع اور ظہیرآباد سے 300 کنٹل راشن کا چاول ضبط, تین افرادگرفتار، ضلع ایس پی کوٹی ریڈی کی پریس کانفرنس

وقارآباد ضلع اور ظہیرآباد سے 300 کنٹل راشن کا چاول ضبط
تین افراد گرفتار،ضلع ایس پی این۔کوٹی ریڈی کی پریس کانفرنس
غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ

حیدرآباد/وقارآباد:11۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

وقارآباد ضلع پولیس نے حکومت کی جانب سے سربراہ کیے جانے والے 300 کنٹل راشن کےچاول کی غیر قانونی منتقلی کا پردہ فاش کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

اس سلسلہ میں آج دفتر ایس پی وقارآباد میں منعقدہ پریس کانفرنس میں ایس پی ضلع وقارآبادمسٹر نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نےبتایا کہ کل 10 نومبر کی دوپہرموصولہ مصدقہ اطلاع کےبعد انچارج انسپکٹر وقارآباد ضلع ٹاسک فورس ٹیم ایم۔وینکٹیشم نے ٹاسک فورس ٹیم اورسب انسپکٹر پولیس پدیمول محمدعبدالرؤف اور ان کی ٹیم کےساتھ پدیمول منڈل کے موضع مندھان پلی کے قریب ایک بولیرو ویاں نمبر KA 32 C 0901 کو روک کر تلاشی لی تو اس میں 30 کنٹل راشن کا چاول موجود تھے جسے غیر قانونی طریقہ سےمنتقل کیا جارہا تھا۔

ٹاسک فورس اور پدیمول پولیس کی ٹیم نے اس چاول اور گاڑی کو ضبط کرتےہوئے اس گاڑی میں موجود بولیرو گاڑی کے مالک پریم سنگھ اور گاڑی کے ڈرائیور سنتوش نرسنگ کوتحویل میں لے لیا۔اور ان کے خلاف پدیمول پولیس اسٹیشن میں ایک کیس کرائم نمبر 148/2022کے تحت انڈین پینل کوڈ کی دفعہ 420 اور 7 ای سی ایکٹ کے تحت کیس درج رجسٹر کرلیا گیا۔

ایس پی ضلع وقارآبادمسٹر نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نےبتایاکہ جب پریم سنگھ اورسنتوش نرسنگ سے پولیس نے تفتیش کی تو انہوں نے بتایا کہ ضبط شدہ چاول وہ ذاکرعلی،پیشہ ڈرائیور،ساکن ہوتی کےموضع،ظہیر آباد منڈل،سنگاریڈی ضلع کوفروخت کرنے کی غرض سے لے جارہے تھے۔ تو فوری وقارآبادضلع پولیس نے ظہیر آباد پہنچ کر ذاکرعلی کےمکان پر دھاوہ منظم کیا تو وہاں ایک ڈی سی ایم ویان نمبر TS 12 UD 0590 میں 270 کنٹل غیر قانونی راشن چاول پایا گیا۔پولیس نے ذاکرعلی کوتحویل میں لےکر پوچھ تاچھ کی تو اس نے بتایا کہ وہ یہ راشن کا چاول ویدیہ ناتھ اور جہانگیر کو فروخت کرنے کےلیےلے جارہا ہے۔

بعدازاں پولیس نے ذاکرعلی،پریم سنگھ اورسنتوش نرسنگ کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے جملہ 300 کنٹل راشن کا چاول( پی ڈی ایس رائس)،بولیرو اور ڈی سی ایم گاڑیاں ضبط کرلیں۔

ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے انتباہ دیا ہےکہ ضلع وقارآباد میں کسی بھی قسم کی غیرقانونی سرگرمیوں اور غیر سماجی حرکتوں کو ہرگز برداشت نہیں کیاجائے گا۔اور ان سرگرمیوں میں ملوث افراد کےخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔اور مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کی مشتبہ شیٹ کھولی جائے گی۔ساتھ ہی ضلع ایس پی نے کہا کہ ایسے افراد اگر دوبارہ ایسی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے تو ان کے خلاف پی ڈی ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ضلع ایس پی وقارآباد نے متنبہ کیا کہ ضلع میں غیر قانونی اور غیر سماجی سرگرمیوں میں چاہے کوئی بھی ملوث ہوں انہیں کسی بھی حال بخشا نہیں جائے گا۔

اس پریس کانفرنس میں ایڈیشنل ایس پی ڈاکٹر ایم اے رشید بھی موجود تھے۔ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے غیر قانونی طریقہ سے راشن کے چاول کی منتقلی میں مصروف گینگ کا پردہ فاش کرتے ہوئے اتنی بڑی مقدار میں سرکاری چاول ضبط کرنے پر اس پریس کانفرنس میں موجود انچارج انسپکٹر وقارآبادضلع ٹاسک فورس ایم۔وینکٹیشم،سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور(رورل ) رام بابو،سب انسپکٹر پولیس پدیمول محمدعبدالرؤف،ٹاسک فورس ٹیم کے ارکان رمیش،سریش،بالو،شیواکمار،رام چندرا ور بی ۔رمیش کو ریوارڈ دینے کا اعلان کیا۔