تانڈور میں عیدالفطرتزک واحتشام کے ساتھ منائی گئی، دونوں عیدگاہوں میں ہزاروں مسلمانوں نے نماز عید ادا کی

تانڈور میں عیدالفطر تزک واحتشام کے ساتھ منائی گئی
دونوں عیدگاہوں میں ہزاروں مسلمانوں نے نماز عید ادا کی
ایم ایل سی مہیندر ریڈی اور ایم ایل اے روہت ریڈی نے عیدگاہ پہنچ کر مبارکباد دی

وقارآباد/ تانڈور :  23 / اپریل
(سحر نیوز ڈاٹ کام/نمائندہ)

ریاست تلنگانہ کے وقارآبادضلع کے تانڈور شہر میں روایتی جوش وخروش اور تزک و احتشام کے ساتھ عیدالفطر منائی گئی۔چنگیز پور روڈ پرموجود عیدگاہ (جدید) میں 40 ڈگری درجہ حرارت کی شدید گرمی کو شکست دیتے ہوئے 29 روزوں کی تکمیل، 30 روزہ پنچگانہ نمازوں،عبادتوں، ریاضتوں، مشقتوں، ذکر و اذکار،زکواۃ،فطرہ،صدقات،خیرات اور دیگرحقوق کی ادائیگی کے بعدصبح 7 بجے سے ہی ہزاروں مسلمانوں کا مجمع رنگ برنگی پوشاکوں میں ملبوس بلاءکسی تفریق کے شہر کے مختلف مقامات اور اطراف و اکناف کے مواضعات سے جوش و خروش کے ساتھ عید گاہ کی سمت رواں دواں تھا۔یہ منظر انتہائی دلنشین اور دیگر اقوام کے لیے لائق دید تھا۔

عیدگاہ چنگیز پور روڈ اور عیدگاہ جمعیت اہلحدیث حیدرآباد روڈ میں نماز عیدالفطر کی ادائیگی کے روحانی مناظر "

https://www.facebook.com/khanyahiya276/videos/140733188831071

 

عیدالفطرکے مؤقع پرعیدگاہ جدید میں زائد از 30 ہزار مسلمان شدید چلچلاتی ہوئی دھوپ کے دؤران انتہائی خشوع وخضوع اورمکمل نظم وضبط کے ساتھ مفتی سیدشکیل احمد قاسمی، صدر مدرس مدرسہء قاسم العلوم تانڈور کی امامت میں 9 بجےصبح نماز عیدالفطر ادا کرتے ہوئے خدا کے حضور سر بسجود ہوئے اور چلچلاتی دھوپ کی شدت کو بالائے طاق رکھتے ہوئےسکون اور اطمینان قلب کے ساتھ خطبہء عید کی سماعت کی۔بعد ازاں مفتی سیدشکیل احمد قاسمی نے ماہ رمضان کے دوران روزوں،عبادتوں اور توبہ کی قبولیت کےلیے دعاء کی،ایمان کامل یقین صادق اور اسلامی اخلاق،امت میں اتحاد اتفاق، اہل ایمان کو قوت وسعت، تدبر وتفکر کے لیے رقت انگیز دعائیں کیں۔

عیدگاہ چنگیز پور روڈ تانڈور میں مفتی سید شکیل احمد قاسمی نماز عیدالفطر کی امامت کرتے ہوئے۔

مفتی سیدشکیل احمد قاسمی نے اقطاع عالم میں اسلام اورمسلمانوں کی سربلندی کےلیے،اللہ سے ملک میں امن امان اور قومی یکجہتی کی مضبوطی کے لیے،ملک بشمول سارے عالم میں مسلمانوں کی جانوں،مالوں،عزتوں اورعصمتوں کی حفاظت،بیماریوں،مصیبتوں، تنگدستی اور دیگر مسائل سے پریشان حال مسلمانوں کو راحت کی رقت انگیز دعاء کی۔اورمسلمانوں کوتلقین کی کہ وہ ماہ رمضان کےبعد بھی اپنی عبادتوں اورریاضتوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مساجد کو آباد رکھیں اور اپنی صفوں میں اتحاد کو مزید مضبوط بنائیں۔

صدر عیدگاہ و قبرستان کمیٹی تانڈور محمد یوسف خان کی زیرنگرانی عیدگاہ کمیٹی کی جانب سے عیدگاہ میں بہترین انتظامات کیے گئے تھے۔جبکہ ہر سال کی طرح عید گاہ میں ایس او ایف ایمبولنس سرویس کے مالک محمد نذیر احمد کی جانب سے تمام مصلیوں کے لیے شربت کا انتظام کیا گیا تھا۔

عیدگاہ چنگیز پور روڈ میں نماز عید الفطر کی ادائیگی کا منظر۔

عیدگاہ میدان کے قریب نصب شامیانے میں ایم ایل سی و سابق وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔مہیندرریڈی، رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی اور دیگر قائدین نےمسلمانوں سے گلے مل کر عید کی مبارکباد دی۔بعدازاں عیدگاہ کمیٹی کی جانب سے عیدگاہ میدان میں ان تمام سیاسی و سماجی قائدین کی شیرخورمہ سے تواضع کی گئی۔اس موقع پر ایم ایل سی اور ایم ایل اے نےخطاب کرتےہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ کےسی آر اور حکومت تلنگانہ مسلمانوں کی فلاح وبہبود میں مصروف ہیں۔انہوں نے تانڈور کےتمام مسائل کےحل کاتیقن دیا۔اور ساتھ ہی عیدگاہ کی مزید ترقی کے لیے وہ ہر ممکنہ تعاون کریں گے۔اس موقع پر رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے تیقن دیا کہ حیدرآباد روڈ پر اور قدیم تانڈور میں قبرستانوں کے لیے اراضی کی منظوری کو یقینی بنایا جائے گا۔

عیدگاہ چنگیز پور روڈ میں ایم ایل سی اور ایم ایل اے شیرخورمہ نوش فرماتے ہوئے،ساتھ میں صدر عیدگاہ و قبرستان کمیٹی اور دیگر۔

اس موقع پر رکن تلنگانہ بی سی کمیشن شبھاپردھ پٹیل،صدر ضلع لائبررئز راجو گوڑ، صدرنشین زرعی مارکیٹ کمیٹی وٹھل نائیک،صدر عیدگاہ و قبرستان کمیٹی محمد یوسف خان،صدر تانڈور ٹاؤن بی آر ایس ایم اے نعیم افو،سابق صدر تانڈور ٹاؤن ٹی آرایس عبدالرؤف،امیر منتظمہ محمد خورشید حسین، صدر مسلم ویلفیئر اسوسی ایشن سید کمال اطہر، صدر مجلس اتحادالمسلمین عبدلہادی شہری،مجلسی فلورلیڈر بلدیہ سید ساجد علی،بی آر ایس قائدین و سابق صدرنشین بلدیہ پی۔لکشماریڈی،پٹلولا نرسملو،سرینواس چاری،سابق رکن ضلع پریشد بشیر آباد راکیش مہاراج،صدر ٹاون کانگریس و رکن بلدیہ پربھاکر گوڑ،سی پی آئی قائدین جناردھن ریڈی،مسز وجئے لکشمی پنڈت،محمد خالد سیف اللہ،غلام مصطفیٰ پٹیل،محمد پاشاہ قریشی،خلیل اللہ شریف دیگر قائدین موجود تھے۔

عیدگاہ چنگیز پور روڈ میں نماز عیدالفطر کی ادائیگی کے بعد ایم ایل سی اور ایم ایل اے کے علاوہ دیگر۔

دوسری جانب حیدرآباد روڈ پر موجود جدیدعیدگاہ جمعیت اہلحدیث میں ساڑھے سات بجے صبح انتہائی خشوع و خضوع اور نظم و ضبط کیساتھ مولانا محمدخلیل الرحمن محمدی کی امامت میں نماز عیدالفطر ادا کی گئی۔مولانا محمدعثمان غنی امیر جمعیت اہلحدیث تانڈور کی جانب سے دئیے گئے خطبہء عید کی سکون اور اطمینان کیساتھ کی سماعت کی۔بعدازاں انہوں نےرقت انگیز دعاءفرمائی۔یہاں بھی بڑی تعداد میں فرزندان توحید و دختران ملت نے علحدہ علحدہ گوشہ میں خشوع و خضوع کے ساتھ نماز عیدالفطر ادا کی۔ایم ایل سی وسابق وزیرٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔مہیندر ریڈی، رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی اور دیگر قائدین نے عیدگاہ اہلحدیث پہنچ کر عید کی مبارکباد پیش کی۔

عیدگاہ جمعیت اہلحدیث،حیدرآباد روڈ تانڈور میں نماز عیدالفطر کی ادائیگی کا منظر۔

اس موقع پر صدر عیدگاہ جمعیت اہلحدیث عبداللہ مجاہدی،امیرجمعیت اہلحدیث وقارآبادضلع مولانا نذیر احمد جامعی،مولانا عبدالرشید جامعی،خازن ضلع جمعیت اہلحدیث، صدرمسلم ویلفیئر اسوسی ایشن تانڈور سید کمال اطہر، مولانا سہیل احمدعمری،مولانا شکیل احمد عمری،سابق صدر ٹاؤن ٹی آر ایس عبدالرؤف،صدر ٹاون بی آر ایس ایم اےنعیم افو،جمعیت اہلحدیث کےذمہ داران ایم اے ستار مجاہدی(گولکنڈہ)،عبدالرحمن مجاہدی، سابق رکن ضلع آر ٹی اے محمد جاوید، سابق رکن بلدیہ محمدعرفان، ارکان بلدیہ محمد مختار احمد ناز، عبدالرزاق،محمد باسط علی(رائل میڈیکل) سیدمسعود احمد، شکور خان کے علاوہ دیگر موجود تھے۔

عیدگاہ جمعیت اہلحدیث تانڈور میں نماز عیدلفطر کی ادائیگی کے بعد ایم ایل سی اور ایم ایل اے۔