تلنگانہ میں اقتدار پر آنے کے فوری بعدمسلمانوں کو دئے جانے والے تحفظات ختم کیے جائیں گے : چیوڑلہ میں امیت شاہ کا اعلان

تلنگانہ میں اقتدار پر آنے کے فوری بعدمسلمانوں کو دئے جانے والے تحفظات ختم کیے جائیں گے
بی جے پی کا اقتدار پر آنا اور بدعنوان بی آر ایس پارٹی کی حکومت کا خاتمہ یقینی
چیوڑلہ میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کا خطاب،سی ایم کے سی آر  اور اویسی پر تنقید

حیدرآباد/چیوڑلہ: 23/اپریل (سحرنیوزڈاٹ کام)

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج اعلان کیاہےکہ ریاست تلنگانہ میں بی جے پی کے اقتدار پر آنے کے فوری بعدمسلمانوں کو تعلیم اور روزگار میں دئیے جانے والے 4 فیصد تحفظات ختم کر دئیے جائیں گے۔وزیرداخلہ نےمسلم تحفظات کو غیر دستوری قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان تحفظات پر تلنگانہ کے ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی طبقہ کا حق ہے۔

https://www.facebook.com/khanyahiya276/videos/531718822508876

 

مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ آج شام دیرگئے حیدرآبادکےمضافاتی ضلع رنگاریڈی کے چیوڑلہ میں منعقدہ بی جے پی کی وجئے سنکلپ سبھاسے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ انتخابات میں ریاست تلنگانہ کے اقتدار پر بی جے پی کا قبضہ یقینی ہے اور اسی کے ساتھ بی آر ایس پارٹی کے اقتدار کا خاتمہ ہوگا۔

مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ نے اپنے خطاب میں عوام سےسوال کرتےہوئے کہاکہ بی آر ایس پارٹی کا انتخابی نشان کارہے اور اس کا اسٹیئرنگ مجلس کے پاس اویسی کے ہاتھ میں ہے،جس سے ریاست کا بھلا نہیں ہوسکتا۔مرکزی وزیر داخلہ نے الزام عائد کیاکہ وزیراعلیٰ کے سی آر اویسی کے ایجنڈے پر چلتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم مجلس سے نہیں ڈرتے مجلس آپ کی کمزوری ہے۔

چیوڑلہ میں منعقدہ اس بی جے پی کی وجئے سنکلپ سبھا سے اپنےخطاب میں مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ نے وزیراعلیٰ تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ پر شدید الزامات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں بی آر ایس پارٹی بڑے پیمانے پر بدعنوانیوں میں ملوث ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ انتخابات میں ریاست تلنگانہ کے اقتدار پر مکمل اکثریت کے ساتھ بی جے پی کی کامیابی اور بی آر ایس پارٹی کا خاتمہ یقینی ہے۔

وزیرداخلہ امیت شاہ نے اپنے خطاب میں تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن اور دسویں جماعت کے پرچہ سوالات کے افشاء پر سوال اٹھاتے ہوئے استفسار کیا کہ کیا چیف منسٹر کے سی آر بیروزگار نوجوانوں کی زندگیوں کے ساتھ کھلواڑ کر رہے ہیں۔؟انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس معاملہ میں صدر تلنگانہ بی جے پی بنڈی سنجے کمار کو گرفتار کرتے ہوئے جیل میں رکھا گیا۔مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ نے کہا کہ ان کی پارٹی کے قائدین اور کارکن جیل جانے سے نہیں ڈرتے۔

قبل ازیں صدر تلنگانہ بی جے پی و رکن پارلیمان کریم نگر بنڈی سنجے کمار نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہیں پولیس نے گرفتار کرکے 8 گھنٹوں تک سڑکوں پر گھمایا اور دہلی سے فون آنے کے بعد پولیس عہدیدار پریشان ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ کارکنوں کا تحفظ کرنے والے اسی شیر نے آج چیوڑلہ کی سرزمین پر قدم رکھا ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ریاست تلنگانہ میں بی جے پی کو ایک موقع دیا جائے تو تعلیم اور طب کے میدان میں زبردست ترقی ہوگی۔

چیوڑلہ میں منعقدہ بی جے پی کی اس وجئے سنکلپ سبھا میں مرکزی وزیر سیاحت و رکن پارلیمان سکندرآباد جی۔کشن ریڈی،ڈاکٹر لکشمن قومی صدر بی جے پی او بی سی مورچہ، انچارج تلنگانہ بی جے پی ترون چگ،ارکان اسمبلی ایٹالہ راجندر،رگھونندن راؤ،سابق رکن پارلیمان چیوڑلہ کونڈاوشویشور ریڈی، ریاستی نائب صدر بی جے پی مسز ڈی کے ارونا، مرلی دھر راؤ کے علاوہ بی جے پی کے دیگر ریاستی قائدین بھی شریک تھے۔بی جے پی کی اس وجئے سنکلپ سبھا میں کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کی۔