وزیر داخلہ تلنگانہ سے ڈی ایس پی تانڈور کے خلاف صدرنشین بلدیہ تانڈور کی شکایت ،کارروائی کا مطالبہ

وزیر داخلہ تلنگانہ سے ڈی ایس پی تانڈور کے خلاف صدرنشین بلدیہ تانڈور کی شکایت
شیواجی جینتی تقریب میں اہانت اور ان پر جھوٹا کیس درج کرنے کا الزام، کارروائی کا مطالبہ

وقارآباد/تانڈور: 23۔فروری (سحرنیوزڈاٹ کام)

ریاستی وزیر داخلہ جناب محمدمحمود علی سے آج صدرنشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل نےملاقات کرتے ہوئے ایک تحریری شکایت حوالے کی،جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ڈی ایس پی تانڈور،ضلع وقارآباد جی۔شیکھرگوڑ کے خلاف کارروائی کی جائے۔

صدرنشین بلدیہ تانڈور نے سابق صدر تانڈور ٹاؤن ٹی آر ایس عبدالرؤف، بی آر ایس پارٹی فلورلیڈر بلدیہ شوبھا رانی،ارکان بلدیہ نیرجابال ریڈی، رامو،بویا روی،بی آرایس قائدین پی۔نرسملو،سید مسعود احمد، پریمل گپتا اور دیگر کے ساتھ حیدرآباد میں وزیرداخلہ سے راست ملاقات کرتے ہوئے ڈی ایس پی تانڈور کے خلاف شکایت کی۔

ذرائع کے مطابق اتوار 19 فروری کو تانڈور کے شیواجی چوک پر منعقدہ شیواجی مہاراج جینتی اتسو تقریب سے خطاب کے دؤران مقامی بی آر ایس پارٹی کے ایک گروپ کے قائدین اور بی جے پی قائدین کے درمیان بحث و تکرار اور نعرہ بازی ہوئی تھی، تاہم ڈی ایس پی سمیت دیگر پولیس عہدیداروں نے مداخلت کرتے ہوئے حالات پر قابو پالیا تھا۔

اس دؤران صدرنشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل کےخطاب کے دؤران ڈی ایس پی تانڈور جی۔شیکھرگوڑ نےصدرنشین بلدیہ کے ہاتھوں سے مائیک چھین لیتے ہوئے اعتراض کیا تھا۔جس کے فوری بعد صدرنشین بلدیہ تاٹی کونڈا سواپنا پریمل نے ڈی ایس پی اور پولیس کے خلاف نعرے لگائے تھے۔

اس سلسلہ میں 21 فروری کو سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور (اربن)راجندر ریڈی کی جانب سے پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ شیواجی چوک پر منعقدہ شیواجی جینتی اتسو کی اختتامی تقریب میں پولیس خدمات میں رکاوٹ پیدا کرنے،پولیس کی ہدایت پرعمل نہ کرنے کے علاوہ جلسہ میں موجود افراد کو اکسانے پرمشتمل نعرے بازی، ڈی ایس پی ڈاؤن ڈاؤن، پولیس ڈاؤن ڈاؤن کےنعرےلگائےجانے کےخلاف صدرنشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل، رکن بلدیہ رامو سمیت دیگر کے خلاف ایک کیس درج رجسٹر کیا گیا ہے۔

ریاستی وزیر داخلہ جناب محمدمحمود علی سے آج صدرنشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل نے ملاقات کرتے ہوئے ان کےحوالے کی گئی اپنی شکایت میں کہاہے کہ اس تقریب میں ان کی اہانت کی گئی اور انہیں زبردستی اسٹیج سے نیچے اتارا گیا اور ان کے خلاف تانڈور پولیس نے ایک جھوٹا کیس بھی درج کیا ہے۔

بعدازاں صدرنشین بلدیہ نے میڈیا کو بتایاکہ وزیر داخلہ جناب محمدمحمود علی نے تحقیقات کے بعد ڈی ایس پی تانڈور کے خلاف کارروائی کا تیقن دیا ہے۔صدرنشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل نے یہ بھی بتایا کہ وزیر داخلہ کے ساتھ ساتھ ریاستی ڈی جی پی اور انٹلی جنس آئی جی سے بھی ڈی ایس پی تانڈور جی۔شیکھرگوڑ کے خلاف شکایت کی گئی ہے۔

وقار آباد ضلع : شیواجی جینتی اتسو تقریب میں پولیس کے خلاف نعرہ بازی، صدرنشین بلدیہ تانڈور، رکن بلدیہ اور دیگر کے خلاف کیس درج