ممبئی اور حیدرآباد کے درمیان بلیٹ ٹرین اضلاع وقارآباد اور سنگاریڈی سے گزرے گی
ہائی کوریڈور ٹریک کے لیے وقارآباد ضلع میں 124.425 ہیکٹر اراضی درکار
سوشل ریہابلیشن ری سیٹلمنٹ عہدیدار ڈاکٹر آنند کا انکشاف،تجاویز اور نمائندگیاں حاصل
وقارآباد: 28۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
سوشل ریہابلیشن ری سیٹلمنٹ عہدیدار ڈاکٹر آنند نے کہا ہے کہ ممبئی اور حیدرآبادکے درمیان مجوزہ ہائی اسپیڈ بلیٹ ٹرین تلنگانہ کے صرف دو اضلاع وقارآباد اور سنگاریڈی سے گزرے گی۔
سوشل ریہابلیشن ری سیٹل منٹ عہدیدار ڈاکٹر آنند نے ساتھ ہی انکشاف کیا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے حیدرآباد تا ممبئی بلیٹ ٹرین کے لیے ہائی کوریڈور ٹریک کی تعمیر کے لیے ضلع وقارآباد میں جملہ 124.425 ہیکٹر اراضی درکار ہوگی اورحصول اراضی کے قانون کے تحت اراضیات کی قیمت ادا کی جائے گی۔

سوشل ریہابلیشن ری سیٹلمنٹ عہدیدار ڈاکٹر آنند کل وقارآباد کے امبیڈ کر بھون میں ایڈیشنل کلکٹر ضلع وقارآباد موتی لال کی صدارت میں حیدرآباد سے ممبئی تک براہ ضلع وقارآباد گزرنے والی اس ہائی اسپیڈ ٹرین کے کوریڈور کی تعمیرکے سلسلہ میں ماحولیات اورسماجی ذمہ داریوں پر مشتمل نکات پر منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس میں ایچ آرایس پراجکٹ عہدیدارشیام چوگلے بھی موجود تھے۔
اس اجلاس میں شریک کسانوں اور ضلع کے عوامی نمائندوں سے ان کی تجاویز اور نمائندگیاں بھی ریکارڈ کی گئیں۔
اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سوشل ریہابلیشن ری سیٹلمنٹ عہدیدار ڈاکٹر آنند نے اس اجلاس میں کسانوں،ماہرین ماحولیات اور عوامی نمائندوں کو بتایا کہ اس بلیٹ ٹرین کے ہائی کوریڈور ٹریک بچھانے کے لئے ضلع وقارآباد کے پانچ منڈلات کے 39 مواضعات میں 124.425 ہیکٹر اراضی درکار ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس پراجکٹ کے لیے اپنی اراضیات سے محروم ہونے والے کسانوں اور اراضی مالکین کو حصول اراضی قانون کے تحت اراضیات کی قیمت ادا کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہائی اسپیڈ بلیٹ ٹرین سے ریاست تلنگانہ کے ساتھ ساتھ ضلع وقارآباد کے عوام کو بہت سے فوائد حاصل ہوں گے۔
ہائی اسپیڈ بلیٹ ٹرین کے متعلق تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے ڈاکٹر آنند نے اس اجلاس میں بتایا کہ ممبئی۔حیدرآباد کے درمیان اس بلیٹ ٹرین کے لیے صرف دس ریلوے اسٹیشن تعمیر کئے جائیں گے جن میں ممبئی،نوی ممبئی،تھانے، پونے،شولا پور،لونا والا، گلبرگہ، تانڈور، وقارآباد اور حیدرآباد شامل ہیں۔

ڈاکٹر آنند نے بتایا کہ یہ ہائی اسپیڈ بلیٹ ٹرین دس بوگیوں پر مشتمل ہوگی اور فی گھنٹہ 330 کلومیٹر کی رفتار سے دؤڑے گی اور ہر ایک بوگی میں 70 مسافرین کی سہولت ہوگی۔اور یہ ٹرین حیدرآباد سے ممبئی تک کا سفر صرف تین گھنٹوں میں طئے کرے گی جبکہ عام طور پر دیگر ایکسپریس ٹرین یہی فاصلہ 14 گھنٹوں میں طئے کرتی ہیں۔
اس اجلاس میں یہ انکشاف نہیں کیا گیا کہ وقارآباد ضلع کے ساتھ سنگاریڈی کے کن مقامات سے اس ہائی اسپیڈ بلیٹ ٹرین کو گزارا جائے گا تاہم مانا جارہا ہے کہ اس میں ظہیرآباد شامل ہے!!
اجلاس میں کسانوں نے کہا کہ اس پراجکٹ کے لیے اپنی اراضیات سے محروم ہونے والے کسانوں کو کوئی نقصان نہ ہو اس کا خیال رکھا جائے۔جس پر ایڈیشنل کلکٹر ضلع وقارآباد موتی لال نے کہا کہ یہ اجلاس صرف کسانوں اور عوامی نمائندوں کی تجاویز قبول کرنے کے لیے طلب کیا گیا ہے اور اراضیات کے حصول کے وقت اس کا مکمل خیال رکھا جائے گا۔
دوسری جانب دستیاب اطلاعات کے مطابق ممبئی اور حیدرآباد کے درمیان 711 کلومیٹر فاصلہ پرمشتمل اس ہائی اسپیڈ بلیٹ ٹرین پراجکٹ کا ممبئی۔احمدآباد اور ممبئی۔ناگپور بلیٹ ٹرین پراجکٹ کے تحت تیسرے مرحلہ میں شروع کیا جانے والا ہے۔اور اس کے لیے سہولت اور منصوبے کے تحت زمین سے بلند اور زیر زمین ہائی کوریڈور ٹریک کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی۔
MumbaiHyderabad #HighspeedBulletTrain #Vikarabad #Sangareddy#

