وقارآباد ضلع : خاتون کی 6 ماہ کے بچہ کے ساتھ گروپ۔3 امتحان میں شرکت، بچہ کو سنبھالنے پر خاتون پولیس کانسٹیبل کی ستائش

وقارآباد ضلع : خاتون کی 6 ماہ کے بچہ کے ساتھ گروپ۔3 امتحان میں شرکت
بچہ کو سنبھالنے پر خاتون پولیس کانسٹیبل کی ستائش، تانڈور کے امتحانی مرکز پر دلکش نظارہ

وقارآباد/تانڈور : 18۔نومبر
( سحر نیوز ڈاٹ کام)

عورت کو ممتا کی مورت کہا جاتا ہے اور اس بات کو آج ایک خاتون پولیس کانسٹیبل نے سچ ثابت کرتے ہوئے گروپ۔3 کے امتحان میں شرکت کرنے کی غرض سے اپنے 6 ماہ کے بچہ کیساتھ امتحانی مرکز پر پہنچی ایک ماں کو جب بچہ کیساتھ امتحانی مرکز میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی تو امتحانی مرکز پر خدمات انجام دے رہیں نرسماں نامی پولیس کانسٹیبل نے اس ماں سے اس کے بچہ کو لے لیا اور امتحان کے اختتام تک اس بچہ کو سنبھالا جبکہ بچہ کی ماں نے اس اطمینان کیساتھ امتحان میں شرکت کی کہ اس کا بچہ محفوظ ہاتھوں میں موجود ہے۔

وقارآباد ضلع کے تانڈور میں پیش آئے اس انسانیت کے پرچم کو بلند کرنے والے واقعہ کی تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے سیری لنگم پلی کی ساکن کرشنا وینی گروپ۔3 کا امتحان لکھ رہی ہیں جنہیں 6 ماہ کا ایک لڑکا ہے۔

گروپ۔3 کے امتحان میں شرکت کرنے کی غرض سے آج کرشنا وینی حیدرآباد سے اپنے 6 ماہ کے لڑکے کیساتھ تانڈور کے سندھو جونیئر کالج پر قائم اپنے امتحانی مرکز پہنچیں۔تاہم امتحانی عملہ نے قواعد کےمطابق اس خاتون کیساتھ اس کے 6 ماہ کے بچے کو امتحانی میں لیجانے کی اجازت نہیں دی جس پر یہ خاتون مایوس ہوگئیں۔

یہ منظر دیکھ کراس امتحانی مرکز پر ڈیوٹی انجام دے رہیں خاتون کانسٹیبل نرسماں نے اس بچہ کو اپنے پاس رکھ لیا اور اس کی ماں کرشنا وینی سے کہا کہ وہ سکون کیسا تھ امتحان میں شرکت کریں اور وہ ان کے اس بچہ کی دیکھ بھال کریں گی۔اس طرح خاتون کانسٹیبل نرسماں امتحانی ڈیوٹی کیساتھ ساتھ اپنی ڈیوٹی اس بچہ کو بھی سنبھالتی رہیں ،بچہ کو احساس تک نہیں ہونے دیا کہ وہ اپنی ماں کیساتھ نہیں ہے۔

نرسماں کیساتھ وہاں موجود دیگر خاتون کانسٹیبلس بھی اس معصوم کی دلجوئی کرتی رہیں یہ مناظر انتہائی دلکش تھے۔اسی دوران امتحانی مرکز کا دورہ کرنے پہنچے سب کلکٹر تانڈور نے یہ منظر دیکھ کر تفصیلات حاصل کیں اور خاتون کانسٹیبل نرسماں کے اس جذبہء انسانی کی ستائش کی۔

بعدازاں امتحان میں شرکت کے بعد لڑکے کی ماں کرشنا وینی امتحانی مرکز سے باہر آئیں تو خاتون کانسٹیبل نرسماں نے اس بچہ کو اس کی ماں کے حوالے کر دیا۔جس پر بچہ کی ماں نے ان کا اور دیگر پولیس عہدیداروں کا شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں ” 

ایمبولنس کو راستہ نہ دینے پر کار مالک پر ڈھائی لاکھ روپئے کا جرمانہ اور ڈرائیونگ لائسنس منسوخ

 

بھوپال کے سبزی فروش سلمان خان کو 14 سال بعد ڈی ایس پی سنتوش پٹیل نے ڈھونڈ نکالا