تلنگانہ : سابق چیف منسٹر کے سی آر کی دختر و ایم ایل سی کے۔کویتا گرفتار، ای ڈی کی جانب سے دہلی منتقلی کی تیاری

تلنگانہ: سابق چیف منسٹر کے سی آر کی دختر و ایم ایل سی کے۔کویتا گرفتار
ای ڈی کی جانب سے دہلی منتقلی کی تیاری، مکان میں موجود 18 فونس ضبط

حیدرآباد: 15۔مارچ
(سحر نیوز ڈاٹ کام)

سابق چیف منسٹر تلنگانہ و بی آر ایس پارٹی سربراہ کے۔چندرا شیکھرراؤ کی دختر رکن قانون ساز کونسل و سابق رکن پارلیمان حلقہ نظام آباد کے۔کویتا کو آج شام انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ ED# نے حیدرآباد کے بنجارہ ہلز میں موجود ان کی رہائش گاہ سےکئی گھنٹوں تک پوچھ تاچھ کے بعد منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔

مانا جارہا ہے کہ دہلی شراب اسکام معاملہ میں کے۔کویتا کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔؟جن سے ماضی میں تین مرتبہ ای ڈی نے گھنٹوں تک پوچھ تاچھ کے بعد روانہ کر دیا تھا۔اس دہلی شراب معاملہ میں گرفتار شدہ دہلی کے ڈپٹی چیف منسٹرمنیش سیسوڈیا ایک سال سےجیل میں قید ہیں۔

بعدازاں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے رکن قانون ساز کونسل کے۔کویتا کی گرفتاری پر مشتمل
ایک میمو نمبر ECIR/HIU/-II/14/2022 جاری کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ کے۔کویتا، زوجہ ڈی آر انیل کمار کو
ان کی رہائش گاہ واقع بنجارہ ہلز حیدرآباد،  تلنگانہ سے منی لانڈرنگ کے الزام میں
قابل جرم منی لانڈرنگ ایکٹ کے سیکشن 3 اور 4 کے تحت 15 مارچ 2024 کی شام 5 بجکر 20 منٹ پر
اسسٹنٹ ڈائرکٹر مسٹر جوگیندر کی جانب سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

گرفتاری کے اس میمو میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے بتایا ہے کہ
کے۔کویتا کی گرفتاری کے متعلق ان کے شوہر ڈی آر انیل کمار کو نجی طور پر اطلاع دی گئی ہے۔
اور کے۔کویتا منی لانڈرنگ میں ملوث پائی گئی ہیں۔!

دستیاب اطلاعات کے مطابق دہلی سے آئے ہوئے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ اور محکمہ انکم ٹیکس کے 10 عہدیداروں کی ٹیم نے جوائنٹ ڈائرکٹر کی قیادت میں تین گھنٹوں تک کے۔کویتا سے پوچھ تاچھ کی اور ان کے مکان کی تلاشی لی۔بعد ازاں انہیں اپنی تحویل میں لے لیا۔ان عہدیداروں کی ٹیم نے مکان کی تلاشی کے بعد کے۔کویتا کے دو ذاتی موبائل فونس کےعلاوہ مکان میں موجود دیگر 16 فونس بھی اپنی تحویل میں لے لیے۔ 

انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کے عہدیداروں کی جانب سے رکن قانون ساز کونسل کے۔کویتا کی گرفتاری کی اطلاع کے فوری بعد ان کے بھائی و سابق ریاستی وزیر آئی ٹی و بلدی نظم نسق کے۔تارک راما راؤ(کے ٹی آر) اور سابق وزیر فینانس و صحت ٹی۔ہریش راؤ کے علاوہ بی آر ایس کے اہم قائدین کے۔کویتا کی رہائش گاہ پہنچ گئے اور مخالف مرکزی حکومت، مخالف ای ڈی نعرے لگائے۔ایم ایل سی کے۔کویتا کے بھائی و سابق ریاستی وزیر کے ٹی آر نے اس موقع پر ای ڈی اور آئی ٹی کے عہدیداروں کی جانب سے کے۔کویتا کی گرفتاری پر برہمی ظاہر کی۔

اطلاع کے مطابق انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے عہدیدار سابق چیف منسٹر تلنگانہ و بی آر ایس پارٹی سربراہ کے۔چندراشیکھرراؤ کی دختر رکن قانون ساز کونسل و سابق رکن پارلیمان حلقہ نظام آباد کے۔کویتا کو راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (حیدرآباد ایئر پورٹ) منتقل کررہے ہیں جہاں سے انہیں 45-8 بجے کی فلائٹ سے دہلی لے کر روانہ ہونے والے ہیں۔

دہلی شراب اسکام معاملہ میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ ED# کی جانب سے ان کے سامنے پیش ہونے کے لیے جاری کردہ سمن کے خلاف رکن قانون ساز کونسل و سابق رکن پارلیمان حلقہ نظام آباد کے۔کویتاسپریم کورٹ سے رجوع ہوئی تھیں۔اور اپنی درخواست میں سپریم کورٹ سے شکایت کی تھی کہ ای ڈی کی جانب سے سی آر پی سی کے قواعد کے تحت تحقیقات نہیں کی جارہی ہیں۔

اور ای ڈی کی جانب سے خواتین کو اپنے دفتر طلب کرتے ہوئے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔انہوں نے سپریم کورٹ سے استدعا کی تھی کہ ان کے خلاف زبردستی کوئی کارروائی نہ کرنے کا ای ڈی کو حکم دیا جائے۔ 

رکن قانون ساز کونسل کے۔کویتا کی درخواست پر آج 15 مارچ کو ہی سماعت کےبعد سپریم کورٹ نے اس درخواست کی سماعت کو 19 مارچ تک ملتوی کیا تھا۔سپریم کورٹ میں کے۔کویتا کے وکیل پی۔موہت راؤ پیروی کر رہے ہیں جنہوں نے آج ہی ایک مکتوب کےذریعہ اس کیس کی سماعت 19 مارچ تک ملتوی کیے جانے کی اطلاع رکن قانون ساز کونسل کے۔کویتا کو روانہ کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں "

مرکزی حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

DirectorateOfEnforcement#
ED#
Kavithakalvakuntla#
MLC#
Arrested#
Hyderabad#
Moneylaundering#
BRS#
KCR#
Telangana#