نیشنل ہائی وے 167 کی لنک روڈ کے تعمیراتی کاموں کا!!
رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی تانڈور کے ہاتھوں آغاز
ہائی وے کے لیے مرکزی حکومت کی جانب سے 631 کروڑ کی منظوری
وقارآباد/تانڈور:21۔اپریل(سحرنیوزڈاٹ کام)
محبوب نگر تا چنچولی براہ کوڑنگل اور تانڈور منظورہ نیشنل ہائی وے 167 کی تعمیر کے لیے شہری علاقوں میں لنک روڈ بچھانے کی غرض سے مرکزی حکومت کی جانب سے 631 کروڑ روپئے منظور کئے گئے ہیں اور اسی کے تحت 27 کروڑ روپئے کے صرفہ سے تانڈور میں لنک روڈ کے تعمیراتی کاموں کا رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے آج شیواجی چوک پراس لنک روڈ کےتعمیراتی کاموں کا افتتاح انجام دیا۔
اس موقع پر رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے کہاکہ وزیراعلیٰ کے سی آر اور وزیر بلدی نظم ونسق کے ٹی آر کی خصوصی دلچسپی کے باعث نیشنل ہائی وے نمبر 167 براہ تانڈور گزررہی ہے۔رکن اسمبلی نے کہا کہ محبوب نگر سے کرناٹک کے چنچولی تک براہ تانڈور اس نیشنل ہائی وے کے لیے مرکزی حکومت نے 631 کروڑ روپئے منظور کئے ہیں۔اسی کے تحت تانڈور میں کاگنا ندی سے گوتاپور تک نیشنل ہائی وے کی اس لنک روڈ کی تعمیر پر 27 کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اندرون تین ماہ اس لنک روڈ کی تعمیر مکمل کرلی جائے گی۔

رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ تانڈور میں زیرتعمیر بائی پاس روڈ،حیدرآباد۔تانڈور چاررخی روڈ،جنگورتی،تٹے پلی،گوتاپوراور کرنکوٹ روڈ کے جاریہ کاموں کو بھی مکمل کرلیا جائے گا۔
رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ اندرون دو تا تین سال ان کی جانب سے کیے گئے تمام انتخابی وعدوں کو پورا کیا جائے گا۔اور دیگر علاقوں میں بھی سڑکیں بچھائی جائیں گی۔رکن اسمبلی نے کہا کہ بائی پاس روڈ کی تعمیر کے بعد بھاری گاڑیاں تانڈور شہر میں داخل نہیں ہوں گی۔اس کے ذریعہ بھی فضائی آلودگی کو کم کیا جائے گا۔ساتھ ہی رکن اسمبلی نے کہا کہ تانڈور کو ایک مکمل پاک و صاف شہر اور تمام مسائل کے حل کے ذریعہ ایک مثالی ٹاؤن میں تبدیل کیا جائے گا جیسا کہ عوام نے ان پر بھروسہ کیا ہے۔
لنک روڈ کے ان تعمیری کاموں کے آغازکےموقع پر نائب صدرنشین بلدیہ تانڈور دیپا نرسملو،صدر ٹاؤن ٹی آرایس ایم اےنعیم افو،صدر نشین زرعی مارکیٹ کمیٹی وٹھل نائیک،ٹی آر ایس قائدین و ارکان بلدیہ مختار احمد ناز،وجیہ دیوی،منکالا راگھویندرا،صدر اردو گھر و شادی خانہ عبدالرزاق پٹلولا نرسملو،راجو گوڑ،سرینواس چاری،اکبر بابا،امتیاز بابا کے علاوہ دیگر موجود تھے۔

