تلنگانہ میں عوامی مقامات پر ماسک لازمی طورپر پہنیں، فی الوقت کوئی پابندیاں نہیں، ماسک نہ پہننے پر ایک ہزار روپئے کا جرمانہ ہوسکتاہے

تلنگانہ میں عوامی مقامات پر ماسک لازمی طور پر پہنیں،فی الوقت کوئی پابندیاں نہیں
ماسک نہ پہننے پر ایک ہزار روپئے تک کا جرمانہ ہوسکتا ہے!!
ملک میں بڑھتے کورونا معاملات پر ہیلتھ ڈائرکٹر سرینواس راؤ کا بیان

حیدرآباد:21۔اپریل(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

ملک میں پھر ایک بار بڑھتے کوروناوائرس کے معاملات اور کورونا وبا کی چوتھی لہر کی اطلاعات کے دؤران ڈائرکٹر پبلک ہیلتھ حکومت تلنگانہ ڈاکٹر جی۔سرینواس راؤ نے آج واضح کیا ہے کہ فی الوقت ریاست تلنگانہ میں کوئی کوویڈ پابندیاں عائد نہیں کی گئی ہیں۔تاہم انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ خود اپنی جانب سے احتیاطی طور پر کوویڈ قواعد پر لازمی طور پرعمل کریں۔

ساتھ ہی ڈائرکٹر پبلک ہیلتھ حکومت تلنگانہ ڈاکٹر جی۔سرینواس راؤ نے عوام کو صلاح دی ہے کہ”عوامی ہجوم والے مقامات” پر وہ لازمی طور پر ماسک کا استعمال کریں۔وہیں ڈاکٹر جی۔سرینواس راؤ نے انتباہ دیا کہ عوامی مقامات پر ماسک نہ پہننے والوں پر ایک ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کیا جاسکتاہے۔(تاہم اس سلسلہ میں چیف سیکریٹری کی جانب سے اب تک ایسا کوئی جی او جاری نہیں کیا گیا ہے!!) 

ڈائرکٹر پبلک ہیلتھ حکومت تلنگانہ ڈاکٹر جی۔سرینواس راؤ نے انکشاف کیا کہ حیدرآباد کے عوام میں 97 فیصد اینٹی باڈیز(خون میں ایسا مادہ جو جراثیم کو بے اثر کرتا ہے)کی شںاخت کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فی الوقت کورونا وبا سے خوفزدہ ہونے یا گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔تاہم پڑوسی ریاستوں میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسوں کو دیکھتے ہوئے لازمی ہے کہ عوام چوکس رہیں،کوویڈ قواعد پرعمل کیا جائے اور احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔اور ہر کوئی کوویڈ ویکیسن لازمی طور پر لیں۔

ڈائرکٹر پبلک ہیلتھ حکومت تلنگانہ ڈاکٹر جی۔سرینواس راؤ نے کہا کہ 60 سال کی عمر سے زائد عمر کے حامل افراد کے لیے سرکاری ہسپتالوں میں بوسٹر ڈوز موجود ہیں۔جبکہ 18 سال تا 59 سال کی عمر کے حامل بچوں اور لوگوں کے لیے بوسٹر ڈوز خانگی ہسپتالوں میں دستیاب ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر مرکزی حکومت اجازت دے تو یہ سہولت سرکاری ہسپتالوں میں فراہم کی جائے گی۔

ڈائرکٹر پبلک ہیلتھ حکومت تلنگانہ ڈاکٹر جی۔سرینواس راؤ نے کہا کہ کوویڈ سے دوبارہ متاثر ہونے والی ریاستوں کی بہ نسبت ریاست تلنگانہ میں ریکوری 5۔0 فیصد ہے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ "سیرو سروے” کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تلنگانہ میں کورونا وبا کی چوتھی لہر کے آنے کے امکانات نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ تاہم احتیاط لازمی ہے۔انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ عوامی ہجوم کے درمیان ماسک لازمی طور پر پہنیں۔ساتھ ہی انہوں نے مشورہ دیا کہ چونکہ شادیوں کا موسم ہے تو عوام شادیوں اور دیگر تقاریب کا اہتمام کرلیں لیکن احتیاطی اقدامات کا خاص خیال رکھیں اور ماسک کا استعمال ضرور کریں۔

دوسری جانب سے ملک میں کورونا وبا دوبارہ پھیلتی جارہی ہے۔ملک میں دوسرے دن بھی کورونا وائرس متاثرین کی تعداد دو ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔تاہم شرح اموات بہت حد تک کم ریکارڈ ہورہی ہے۔بالخصوص مہاراشٹرا، اترپردیش،ہریانہ، دہلی میں کوروناکیس درج کیے جارہے ہیں۔کورونا وباکی چوتھی لہرکے اندیشوں کے دؤران مرکزی حکومت نے تمام احتیاطی اقدامات کرنے کی ریاستوں کو ہدایت جاری کی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دؤران ملک میں 2,380 کورونا کیس درج ہوئے ہیں۔