وزیراعلیٰ کے سی آر نے تانڈور میں میڈیکل کالج کے قیام کا تیقن دیا،منرل ڈیولپمنٹ فنڈ سے 14.56کروڑ منظور

وزیراعلیٰ کے سی آر نے تانڈور میں میڈیکل کالج کے قیام کا تیقن دیا،منرل ڈیولپمنٹ فنڈ سے 14.56کروڑ منظور

14 کروڑ کے صرفہ سے اِنٹی گریٹیڈ مارکیٹ کا قیام،نیشنل ہائی وے کیلئے موثر نمائندگی،آلودگی کے خاتمہ کیلئے اقدامات

رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کی پریس کانفرنس

وقارآباد/تانڈور:13۔جون( سحرنیوزڈاٹ کام)

رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نےکہا ہے کہ تانڈور کی بے مثال ترقی ہی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے وہ آج یہاں ایم ایل اے کیمپ آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے انکشاف کیا کہ اسمبلی حلقہ تانڈور کے چاروں منڈلات اور ٹاؤن کی ترقی کیلئے پہلی مرتبہ ڈسٹرکٹ منرل ڈیولپمنٹ فنڈ سے 14؍کروڑ 56؍لاکھ روپئے منظور کیے گئے ہیں۔

جس میں سے محکمہ آراینڈبی کے ذریعہ 2 کروڑ،محکمہ پنچایت راج کے تحت 9 کروڑ 53 لاکھ روپئے اور حلقہ کے چاروں منڈلات یالال،تانڈور،پدیمول اور بشیرآباد میں موجود سرکاری اسکولس کی مرمت اور طلبہ کو بنیادی سہولتیں فراہمی پر صرف کیے جائیں گے جبکہ رورل واٹر سپلائی پر تین لاکھ روپئے اور محکمہ آبپاشی کے تحت 8 لاکھ روپئے کے ترقیاتی کام انجام دئیے جائیں گے اس طرح اس فنڈ سے اسمبلی حلقہ میں 331؍ترقیاتی کام انجام دئیے جائیں گے۔

رکن اسمبلی نے کہا کہ تانڈور ٹاؤن میں 2؍ کروڑ روپئے کے مصارف سے اہم سڑکوں کی دونوں جانب ریلنگ اور فٹ پاتھ تعمیر کیے جائیں گے۔جبکہ ایک کروڑ روپئے کے صرفہ سے انتارام روڈ کی تعمیر و مرمت کی جائے گی۔اس موقع پر رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ تانڈور میں بہت زیادہ حد تک سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قبضہ اور ناجائز تعمیرات موجود ہیں انہوں نے سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر غیر مجاز قبضہ کرنے والے بیوپاریوں اور دُُکانداروں سے خواہش کی کہ وہ انہدامی کارروائی سے قبل ہی ان قبضوں کواپنی جانب سے ہٹالیں۔انہوں نے کہا کہ اس فنڈ کے ذریعہ چاروں منڈلات اور تانڈور میں تمام کاموں کا جلد ہی آغاز کیا جائے گا۔

رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ تانڈور کے رعیتو بازار میں 14 کروڑ روپئے کے صرفہ سے سدی پیٹ کی طرز پر تمام عصری سہولتوں سے آراستہ اِنٹی گریٹیڈمارکیٹ تعمیر کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ جولائی کے اواخر تک حیدرآباد روڈ تا گوتاپور روڈ تک بائی پاس روڈ کے کاموں کو مکمل کرتے ہوئے جوڑدیا جائے گا پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ محبوب نگر تا چنچولی براہ تانڈور منظورہ نیشنل ہائی وے 167 کیلئے انہوں نے موثر نمائندگی کی ہے نیشنل ہائی وے کے کاموں کے آغاز سے قبل مانسون کے پیش نظر تانڈور۔چنچولی روڈکے مرمتی کاموں کو جلد مکمل کرلینے کی عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے۔

رکن اسمبلی نے کہا کہ کاگنا ندی پر تعمیر بریج کے 95 فیصد کام مکمل ہوگئے ہیں اور جلد ہی اس بریج کے افتتاح کو یقینی بنایا جائے گا۔اسی طرح جیونگی ، غاضی پور اور بدھارم میں بریجس کی تعمیر کیلئے جلد ہی اراضیات کے حصول کا تنازعہ حل کرتے ہوئے سروے مکمل کرلیا جائے گا۔جنگورتی۔تٹے پلی سڑک کے کاموں کا بھی جلد آغاز کیا جائے گا۔

رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے اس پریس کانفرنس میں کہا کہ حلقہ اسمبلی تانڈور میں بائی پاس روڈ ،انڈسٹریل پارک کی تعمیر اور ہریتا ہارم پروگرام کے تحت بڑے پیمانے پرشجر کاری کے ذریعہ تانڈور کی فضائی آلودگی کے خاتمہ کے لیے اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔

رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے انکشاف کیا کہ وزیراعلیٰ کے سی آر نے اگلے مرحلہ میں تانڈور میں میڈیکل کالج کے قیام کا انہیں تیقن دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جاریہ سال حلقہ اسمبلی تانڈور میں جاری سال دھان کی کاشت تین گُنا زائد ہوئی ہے اور اسی لیے دھان کی خریدی میں تاخیر ہورہی ہے ساتھ ہی وقت سے پہلے بارش سے بھی کسانوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

اس پریس کانفرنس میں صدرنشین ضلع لائبرریز مرلی کرشنا،نائب صدرنشین بلدیہ دیپا نرسملو،صدر نشین ضلع مارکیٹ کمیٹی وٹھل نائیک،نائب صدر وینکٹ ریڈی،سابق رکن بلدیہ محمد عرفان،ٹی آرایس قائدین ایم اے نعیم افو،ایم پی پی یالال بالیشورگپتا،عبدالرزاق،سرینواس چاری،بنٹارام سدھاکر،امتیاز بابا،معز خان اور دیگر موجود تھے۔