وقار آباد ضلع میں دس دنوں تک ایک دن کے وقفہ سے مشن بھاگیرتا کے پانی کی سربراہی
وقارآباد/تانڈور:01۔جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام)
وقارآبادضلع کے اسمبلی حلقہ جات وقارآباد، تانڈور، پرگی اور کوڑنگل کےتمام مقامات پرمشن بھاگیرتا کےتحت نلوں کےذریعہ سربراہ کیا جانے والا پانی 10 جنوری تک ایک دن کے وقفہ سے سربراہ کیا جائے گا۔اور اس پر آج یکم جنوری سے عمل سے آغاز ہوگیا ہے۔
اس سلسلہ میں ڈی ای مشن بھاگیرتا اسکیم ضلع وقارآباد وجئے کمار نے بتایا کہ پرگی کے قریب موجود مشن بھاگیرتا ذخیرہ پر دیکھ بھال اور مرمتی کاموں کےلیے یہ اقدام کیا جارہا ہے۔انہوں نے ضلع کے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ ان دس دنوں کے دؤران پانی کی بچت کرتے ہوئے اسے خرچ کریں اور پانی کی عدم سربراہی پر تعاون کریں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی ایک ہفتہ تک مشن بھاگیرتا کےتحت بناء کسی پیشگی اطلاع مکمل آبی سربراہی بند کردئیے جانے سےبالخصوص تانڈورکے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔دوسری جانب مشن بھاگیرتا اسکیم کے آغاز سے قبل بلدیہ تانڈور کی جانب سے تانڈورکے تمام بلدی حلقوں کو نلوں کے ذریعہ کاگنا ندی کا صاف کیا گیا پانی سربراہ کیا جاتا تھا۔تاہم مشن بھاگیرتا کے آغاز کے بعد سے یہ سلسلہ بند کر دیا گیا ہے۔
جس کے بعد کاگنا ندی کے پمپ ہاؤز میں موجود برقی موٹریں مکمل طور پر ناکارہ اورنا قابل استعمال ہوکر رہ گئیں۔اطلاعات کے مطابق ان برقی موٹرز کی درستگی کے لیے زائداز دیڑھ کروڑ روپئے کا صرفہ ہوگا۔!!
اس سلسلہ میں عوام کا الزام ہے کہ مقامی طور پر برسر اقتدار بی آر ایس پارٹی کے دو گروپس میں جاری سیاسی رسہ کشی کےباعث بلدیہ تانڈور کے تمام کام ٹھپ ہیں۔اور ڈھائی،ڈھائی سال کے معاہدہ کی تکمیل اور صدرنشین بلدیہ کےعہدہ کی منتقلی کےمعاملہ میں دونوں گروپس کےدرمیان رسہ کشی کے باعث تانڈور کے عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔!
جس سے عوام کوصاف صفائی سے لےکر آبی سربراہی تک دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔نہ بلدیہ کے ماہانہ اجلاس طلب کئے جارہے ہیں اور نہ ہی جدید ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جارہا ہے اور نہ زیر تعمیر کاموں کو مکمل ہی کیا جارہا ہے۔!!



