ڈی جی پی تلنگانہ کی حیثیت سے جائزہ حاصل کرنے کے بعد انجنی کمار کی وزیراعلیٰ کے سی آر سے ملاقات

ریاستی خبریں

ڈی جی پی تلنگانہ کی حیثیت سے جائزہ حاصل کرنے کے بعد
انجنی کمار کی وزیراعلیٰ کے سی آر سے ملاقات،اظہار تشکر

حیدرآباد: 31۔ڈسمبر (سحر نیوزڈاٹ کام)

مسٹر انجنی کمار نے آج 31 ڈسمبر کو ڈاکٹر ایم۔مہیندر ریڈی ڈائرکٹر جنرل آف پولیس(ڈی جی پی) تلنگانہ سے اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا۔ڈی جی پی ڈاکٹر ایم ۔مہیندر ریڈی آج اپنے عہدہ سے وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوش ہوگئے۔

اس سلسلہ میں ریاستی چیف سیکریٹری مسٹر سومیش کمار نے 29 ڈسمبر کو جی او آر ٹی نمبر 2438 جاری کرتےہوئے مسٹر انجنی کمار جن کا تعلق 1990ء کے آئی پی ایس بیاچ سے ہے اور وہ بحیثیت کمشنرسٹی پولیس حیدرآباد بہترین خدمات انجام دینےکے بعد ڈائرکٹر جنرل محکمہ اینٹی کرپشن بیور و تلنگانہ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں کو انچارج ڈی جی پی تلنگانہ مقرر کیا تھا۔

آج دوپہر 57-12 بجے مسٹر انجنی کمار نے پولیس ہیڈ کوارٹرز،لکڑی پل میں عہدہ سے سبکدوش ہو رہے ڈی جی پی تلنگانہ ڈاکٹر ایم۔مہیندر ریڈی سےبحیثیت ڈی جی پی تلنگانہ اپنے عہدہ کاجائزہ حاصل کرلیا۔اس موقع پر ڈاکٹرایم۔مہیندرریڈی نےعہدہ کے جائزہ کےساتھ ازروئے قواعد اعزازی لاٹھی بھی حوالے کی۔اس موقع پر کئی اعلیٰ پولیس عہدیداروں نے نئے ڈی جی پی تلنگانہ مسٹر انجنی کمار کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

وہیں ان سینئر پولیس عہدیداروں نے وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوش ہونے والے سابق ڈی ڈی جی پی ڈاکٹر ایم۔مہیندرریڈی کو تہنیت پیش کی اور آئندہ پرسکون زندگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد ڈائرکٹر جنرل آف پولیس تلنگانہ (ڈی جی پی) مسٹر انجنی کمار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہیں ڈی جی پی مقرر کیے جانے پر ریاستی وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نےکہاکہ عوام کے تحفظ کے معاملہ میں تلنگانہ ریاست اپنی ایک مخصوص پہچان رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کے معاملہ میں ریاست تلنگانہ ایک انجن کی طرح ہےاور تلنگانہ ملک بھر کے لیے ایک مثال ہے۔

انہوں نے اپنے ماتحت عہدیداروں سے کہا کہ وہ ایک لیڈر کی طرح اپنے کام انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ فوری رابطہ اور امداد کے معاملہ میں پولیس عوام کےتحفظ کےمعاملہ میں ہمہ وقت دستیاب رہے گی۔مسٹر انجنی کمارنےاپنےخطاب میں کہاکہ پولیس محکمہ میں جدید ٹکنالوجی کو متعارف کروانے میں موظف ڈی جی پی ڈاکٹر مہیندر ریڈی نے بہترین خدمات انجام دی ہیں۔اور اس ٹکنالوجی پرعمل جاری رکھتے ہوئے جرائم کی شرح میں مزید کمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

بحیثیت ڈی جی پی اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد مسٹر انجنی کمار نے پرگتی بھون پہنچ کر وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ سے خیر سگالی ملاقات کی،اور انہیں ڈی جی پی کے عہدہ پر فائز کیے جانے پر وزیراعلیٰ سے تشکر کا اظہار کیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ کے۔ چندرا شیکھر راؤ نے ڈی جی پی مسٹر انجنی کمار کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔اس موقع پرموظف ڈی جی پی ڈاکٹر ایم۔مہیندرریڈی، کمشنران پولیس سی وی آنند،مہیش بھاگوت کے علاوہ دیگر اعلیٰ پولیس عہدیداران موجود تھے۔

 

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے