وقار آباد ضلع میں ایپا سوامی کے خلاف اہانت آمیز بیان، بھگتوں کا شدید احتجاج، بیئری نریش ورنگل میں گرفتار، 14 دنوں کی عدالتی تحویل میں روانہ

ریاستی خبریں ضلعی خبریں

وقار آباد ضلع میں ایپا سوامی کے خلاف اہانت آمیز بیان،بھگتوں کا شدید احتجاج
بیئری نریش ورنگل میں گرفتار، 14 دنوں کی عدالتی تحویل میں روانہ
مذہبی جذبات کو مجروح کرنے والوں کے خلاف ہوگی کارروائی: ضلع ایس پی

حیدرآباد/وقارآباد: 31۔ڈسمبر (سحرنیوزڈاٹ کام)

وقار آباد ضلع کے حلقہ اسمبلی کوڑنگل کےموضع راؤلہ پلی میں منعقدہ ایک پروگرام میں بیئری نریش کی جانب سے ایپا سوامی کی پیدائش پر اہانت آمیز اور متنازعہ بیان کے خلاف وقار آبادضلع کے علاوہ ریاست کے کئی مقامات پر کل سے ایپا سوامی کے بھگتوں کے احتجاج کا سلسلہ جاری تھا۔اس سلسلہ میں ضلع کے مختلف مقامات پر بیئری نریش کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی گئی تھی۔

وقارآباد ضلع کے تانڈور ٹاؤن میں بھی ایپا سوامی کے بھگتوں نے اندرا چوک پر انسانی زنجیر بناتے ہوئے راستہ روکو احتجاج منظم کیا تھا۔ان کا مطالبہ تھا کہ بیئری نریش کو پی ڈی ایکٹ کےتحت گرفتار کیاجائے۔اس احتجاج کی بی آر ایس، کانگریس اور بی جے پی قائدین نے تائید کی بیئری نریش جن کا دلت طبقہ سے تعلق ہے اور وہ ایتھسٹ اسوسی ایشن کے صدربھی ہیں کے خلاف بشمول وقارآبادضلع،حیدرآباد اور ریاست کے دیگر مقامات کے پولیس اسٹیشنوں میں بھی ان کےخلاف ایپاسوامی کی توہین کی شکایتیں درج کروائی گئی ہیں۔ 

اس معاملہ میں کوڑنگل پولیس نےبھی ہندووں اور ایپا سوامی کےبھگتوں کےمذہبی جذبات مجروح کیےجانے پر ایک کیس درج رجسٹرکرتےہوئے بیئری نریش کی تلاش میں مصروف ہوگئی تھی۔کوڑنگل پولیس نے آج 31 ڈسمبر کوبیئری نریش کو ورنگل میں گرفتار کرتےہوئےکوڑنگل منتقل کیا۔ بعدازاں اسے عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے اسے 14 دنوں کے لیے پرگی جیل بھیج دیا گیا۔اس موقع پر برہم ایپاسوامی بھگتوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی اور حالات کشیدہ ہوگئے تھے۔تاہم پولیس نے حالات پر قابو پالیا۔

اس سلسلہ میں ڈی ایس پی تانڈور جی۔شیکھرگوڑ سے ملاقات کرتےہوئے صدرضلع لائبرریز راجو گوڑ،صدر بی آر ایس تانڈور ٹاؤن ایم اےنعیم افو کے علاوہ کئی سیاسی قائدین،ارکان بلدیہ نے ایک شکایت درج کرواتے ہوئے کہاکہ بیئری نریش نے آزادی اظہار رائے کا غلط استعمال کرتے ہوئے ایپا سوامی کے خلاف انتہائی نازیبا اور ناقابل قبول بیان دیا ہے۔جس سے ایپابھگتوں کےبشمول ہندووں کےمذہبی جذبات کوشدیدٹھیس پہنچی ہے۔انہوں نے بیئری نریش کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

اس سلسلہ میں کل ایس پی ضلع وقارآباد این۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے انتباہ دیاتھا کہ کسی کو بھی کسی کےبھی مذہبی جذبات کوٹھیس پہنچانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور ایپاسوامی کے خلاف ریمارکس پر حاصل شدہ شکایتوں کےبعد انہوں نے بیئری نریش کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہر کسی کو چاہئے کہ وہ ایک دوسرے کے مذہبی جذبات کا احترام کریں اور کسی بھی مذہب کی توہین یا بیانات کے ذریعہ پُرامن ماحول کو خراب کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔

آج جاری کردہ پریس نوٹ میں ایس پی ضلع وقارآباد این۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے بتایاکہ ایپا سوامی کے خلاف اہانت آمیز بیان دینے والے بیئری نریش کو اندرون 24 گھنٹے گرفتار کرکے عدالتی تحویل میں روانہ کر دیا گیا ہے۔

ضلع ایس پی کے مطابق 19 ڈسمبر کو کوڑنگل منڈل کے راؤلہ پلی موضع میں منعقدہ جلسہ میں بیئری نریش جس نے ایپاسوامی کی پیدائش کومضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے قابل اعتراض بیان دیا تھا کو ورنگل سے گرفتار کرلیا گیاہے۔ساتھ ہی اس جلسہ کے آرگنائزر ڈولو ہنمنتو کو بھی گرفتارکیا گیا ہے۔ان دونوں کے خلاف کوڑنگل پولیس اسٹیشن میں کرائم نمبر 185/2022 درج کرتے ہوئے ان کے خلاف انڈین پینل کوڈ کی دفعات (A) 153 (A) 295،298,505 کے تحت آج 31 ڈسمبر کوعدالتی تحویل میں دے دیا گیاہے۔

ایس پی ضلع وقارآباد این۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے اپنے بیان میں کہاہے کہ کسی بھی مذہب کی توہین کرنےوالوں کوبرداشت نہیں کیا جائے گا۔اور ایسے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی،چاہے وہ کسی بھی مقام و مرتبہ کے حامل ہوں۔ضلع ایس پی نے کہا کہ ہمارا ملک مختلف مذاہب کا گہوارہ ہے جہاں ایک دوسرے کے مذاہب اور مذہبی جذبات کا احترام کرنا لازمی ہے۔

ضلع ایس پی وقارآباد این۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے اپنے پریس نوٹ میں انکشاف کیاہےکہ گرفتارشدہ بیئری نریش اس سے قبل بھی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہے اور وہ پہلے ہی سے وقارآباد ضلع کے نواب پیٹ منڈل پولیس اسٹیشن اور کریم نگر ضلع کے جمی کنٹہ پولیس اسٹیشن میں مختلف دفعات کے تحت مقدمات میں ملزم ہے۔

ایس پی ضلع وقارآباد نے کہا ہے کہ ضلع میں کسی بھی جلسہ کے انعقاد کے موقع پر منتظمین مذہبی جذبات کو مجروح کرتے ہوئے امن وامان کو مکدر کرنے والے بیانات دینے والے ایسے مقررین کو مدعو نہ کریں اور ان کی ہمت افزائی نہ کریں۔ورنہ منتظمین کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔

 

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے