بھوپال میں مسلم نوجوان نے کیا بہادری کا مظاہرہ
ریلوے ٹریک پر گرنے والی لڑکی کی جان بچائی
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل،ہر طرف سے ستائش
بھوپال: 12۔فروری(سحرنیوزڈاٹ کام)
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہواہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹوپی اور کرتا پاجامے میں ملبوس ایک شخص ٹرین کی پٹریوں پر لیٹا ہوا ایک لڑکی کے سر کو سختی سے نیچے کی طرف دبائے ہوئے خود بھی ساکت لیٹا ہوا ہے اور ان دونوں کے اوپر سے ٹرین گزر رہی ہے۔
اس گزرتی ٹرین کے پہیوں اور ریلوے ٹریک پر انسانی سروں کے سائے بھی نظر آرہے ہیں جس سے محسوس ہوتا ہے وہاں لوگ جمع ہیں اور اس منظر کو دیکھ رہے ہیں انہی میں سے کسی نے اس واقعہ کا ویڈیو لے لیا۔
ٹوئٹر پر اس ویڈیو کو آج این ڈی ٹی وی کے ریزیڈنٹ ایڈیٹر انوراگ تیواری Anurag Dwary@نے پوسٹ کیا ہے۔میڈیا ذرائع سے حاصل تفصیلات کے مطابق یہ ویڈیو مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال کے "برکھیڈی” علاقہ کے ریلوے ٹریک کا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ کرتا پاجامہ اور ٹوپی میں موجود اس شخص کا نام محمدمحبوب ہے 37 سالہ محمدمحبوب پیشہ سے کارپینٹر ہیں۔تاہم لڑکی کے نام کا انکشاف نہیں کیا گیا ہے!!۔لیکن سوشل میڈیا پر دستیاب اطلاع کے مطابق اس لڑکی کا نام کستوری ہے!!
تفصیلات کے مطابق محمدمحبوب شام کے وقت اپنی ڈیوٹی ختم ہونے کے بعد دوستوں کے ساتھ ریلوے ٹریک کے قریب سے پیدل جارہے تھے ان کے ساتھ دیگر لوگ بھی پیدل چل رہے تھے اور ریل کی پٹریاں عبور کرکے آگے بڑھنا تھا کہ اسی دؤران ایک مال گاڑی آرہی تھی کہ جس کے باعث یہ تمام لوگ ٹرین کے گزر جانے کا انتظار کرتے ہوئے رک گئے۔
اچانک ایک لڑکی جو اپنے والدین کے ساتھ کھڑی تھی ریل کی پٹریوں کے درمیان اچانک گرگئی۔وہاں موجود محمدمحبوب اور دیگر یہ منظر دیکھ کر دنگ رہ گئے اور چیخ و پکار کرنے لگے۔
اسی دؤران مال گاڑی قریب آرہی تھی وہاں موجود تمام لوگ حیران تھے کہ کیا آکر کیا کیا جائے۔!؟لیکن محمدمحبوب بنا سوچے سمجھے کہ لڑکی کون ہے،اس کا مذہب کیا ہے؟ ہمت اور انسانی میراث کا پرچم بلند کرتے ہوئے وہ بھی فوری ریلوے ٹریک پر چھلانگ لگاتے ہوئے لڑکی کے سامنے لیٹ گئے جو پیش آنے والے واقعہ سے بے خبر ریلوے ٹریک سے اٹھنے کی کوشش کررہی تھی۔
اسی دؤران مال گاڑی اس مقام پر پہنچ گئی۔لڑکی اور خود کو محفوظ رکھنے کی غرض سے محمدمحبوب نے جہاں خود کو اؤندھی حالت میں ساکت رکھا وہیں اس لڑکی کا سر بھی نیچے ہی دبائے رکھتے ہوئے اس کی حفاظت کی تاکہ لڑکی کا سر گزرنے والی مال گاڑی کے نچلے حصہ سے نہ ٹکرائے۔اس منظر کو دیکھنے والوں کے رؤنگھٹے کھڑے ہوگئے تھے کہ محمدمحبوب اور لڑکی کے اوپر سے مال گاڑی گزر رہی تھی۔
محمدمحبوب کی بہادری کے اس مظاہرہ کا وہاں موجود لوگوں نے ویڈیو لے لیا جو کہ اب سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے۔سوشل میڈیا پر محمدمحبوب کی اس ہمت اور انسانی جذبہ کی جم کر سراہنا کی جارہی ہے کہ انہوں نے اپنی زندگی کو خطرے میں ڈالتے ہوئے ایک لڑکی کی جان بچائی۔

