کورونا وائرس کے بڑھتے معاملات اور اومی کرون کا خوف
مدھیہ پردیش میں رات کا کرفیو نافذ
چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان کا اعلان
بھوپال: 23۔ڈسمبر (سحرنیوزڈاٹ کام)
ریاست مدھیہ پردیش میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے بڑھتے معاملات اور اومی کرون سے تحفظ کی غرض سے مدھیہ پردیش حکومت نے اچانک سنسنی خیز اقدام کے طور پر رات کا کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا۔
چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان نے اعلان کیا ہے کہ پوری ریاست مدھیہ پردیش میں روزآنہ رات 11 بجے سے صبح 5 بجے تک کرفیو نافذالعمل رہے گا۔

ٹوئٹر پر CMMadhyaPradesh@ کے مصدقہ ہینڈل پر تین الگ الگ ویڈیوز کے ذریعہ چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان نے کہا ہے کہ کورونا کے بڑھتے معاملات کے پیش نظر حکومت کی جانب سے رات کے کرفیو کے نفاذ کا فیصلہ لینا لازمی ہوگیا تھا۔
چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ کئی ماہ بعد ریاست مدھیہ پردیش میں آج کورونا وائرس کے 30 کیس درج ہونے کے بعد روک تھام کی غرض سے حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان نے ریاست کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس سے تحفظ کے لیے ماسک لازمی طور پر پہنیں،جسمانی فاصلہ کا خاص خیال رکھیں،عوامی مقامات اور بھیڑبھاڑ والی جگہوں پر نہ جائیں۔اگر اب تک کسی نے کوویڈ ویکسین ٹیکہ نہ لیا ہو تو فوری طور پر ٹیکہ لیں اور پہلا ٹیکہ لینے والے دوسرا ٹیکہ بھی لیں۔
انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا، دہلی اور گجرات میں گزشتہ ایک ہفتہ سے کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں اضافہ کا سلسلہ جاری ہے جس سے حکومت مدھیہ پردیش کو تشویش ہے۔چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ ان ریاستوں سے بڑی تعداد میں لوگ مدھیہ پردیش پہنچتے ہیں۔
انہوں نے یاد دلایا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دؤران مہاراشٹرا میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں شدید اضافہ ہوا تھا اور اس کے بعد مدھیہ پردیش میں کورونا وائرس کی دوسری لہر آئی تھی جس کے دؤران ریاست میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہوا تھا۔
چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دؤران ریاست کو جن حالات کا سامنا کرنا پڑا تھا اس کو حکومت بھول نہیں سکتی۔
انہوں نے کہا کہ احتیاطی طور پر ریاست کے اسکولس میں نصف طلبہ کی حاضری کا فیصلہ نافذ کیا گیا تھا۔اب ریاست مدھیہ پردیش میں رات کے کرفیو کے نفاذ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
شیوراج سنگھ چوہان نے اپنے ویڈیو خطاب میں کہا کہ اومی کرون کے کیس ملک کی 16 ریاستوں میں درج ہوئے ہیں۔انہوں نے متنبہ کیا کہ اومی کرون ریاست میں بھی داخل ہوسکتا ہے! اور اسی کے پیش نظر احتیاطی اقدامات کے طور پر ریاست میں رات کا کرفیو نافذ کیا جارہا ہے۔
چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ اگر کوئی کورونا وائرس سے متاثر ہو تو اپنے گھر میں ہی آئسولیشن میں رہے اور ضرورت پڑنے پر ہسپتال میں داخل کیا جائے۔

