تلنگانہ میں کورونا وائرس اور اومی کرون کے بڑھتے معاملات
کرسمس اور نئے سال کی تقاریب پر پابندی عائد کرنے ہائی کورٹ کی ہدایت
ریاستی وزیرصحت ہریش راؤ کا ردعمل،اب آروگیہ شری کے بِلس ہر ماہ جاری کرنے کا اعلان
حیدرآباد: 23۔ڈسمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس اور اومی کرون متاثرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر آج 23 ڈسمبر کو ریاستی ہائی کورٹ نے تلنگانہ حکومت کو ہدایت دی ہے کہ کرسمس تہوار ،نئے سال کی تقاریب اور تلسنکرانتی کے دؤران عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کی جائے اور اس سلسلہ میں حکومت دو تین دن میں حکم نامہ جاری کرے۔
ساتھ ہی ریاستی ہائی کورٹ نے حکومت تلنگانہ کو ہدایت دی کہ ہے وہ کورونا اور اومی کرون کے پھیلاؤ کو روکنے کی غرض سے دہلی اور مہاراشٹرا کی حکومتوں کی جانب سے عائد کردہ مختلف پابندیوں کا جائزہ لیتے ہوئے تلنگانہ میں بھی ان پابندیوں کو عائد کرنے پر غور کرے
اسی طرح ریاست کی سرحدات پر دیگر ریاستوں سے داخل ہونے والے مسافرین کے کوویڈ ٹسٹ کا نظم کیا جائے اور اومی کرون کے پھیلاؤ کو روکنے کی غرض سے تمامتر اقدامات کرنے کی بھی ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی ہے۔
ہائی کورٹ کی اس ہدایت پر ریاستی وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ نے آج شام دیر گئے کہا ہے کہ ہائی کورٹ کی ہدایت کا حکومت احترام کرتی ہے اور ہائی کورٹ کی تمام ہدایات پر سختی کے ساتھ عمل کو یقینی بنایا جائے گا۔

ریاستی وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست میں اومی کرون اور کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ہائی کورٹ کا حکمنامہ ابھی موصول نہیں ہوا ہے موصول ہونے کے فوری بعد ان تمام ہدایات پرعمل کیا جائے گا۔
قبل ازیں ریاستی وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ نے حیدرآباد کے دُرگا بائی دیشمکھ ہسپتال میں عصری سہولتوں اور طبی آلات پرمشتمل آئی سی یو،آپریشن تھیٹر اور مختلف وارڈس کا افتتاح انجام دیا۔

اس موقع پر ریاستی وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست میں کوویڈ ٹیکہ اندازی کے عمل میں مزید سرعت پیدا کردی گئی ہے۔
ریاستی وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ نے کہا کہ کورونا وائرس کے نئے وائرئنٹ اومی کرون کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیش نظر” بوسٹر ڈوز” اور "بچوں کے لیے ٹیکہ اندازی” کے سلسلہ میں مرکزی حکومت کی جانب سے اب تک واضح ہدایت حاصل نہیں ہوئی ہے۔
اس موقع پر ریاستی وزیرصحت ٹی۔ہریش راؤ نے اعلان کیا کہ اب ” آروگیہ شری اسکیم ” کے بِلس ہر ماہ جاری کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔

