جانوروں نے انسانیت پسندی کی راہ اپنالی!
بندر نے کتے کے بچے کو گود لیا،دونوں علحدہ ہونے تیار نہیں
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل
حیدرآباد: 23۔ڈسمبر (سحر نیوز ڈیسک)
گزشتہ دنوں تمل ناڈو کے پیرمبلور کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وائرل ہوا تھا کہ 6 کتوں کے حملہ میں شدید زخمی اور مردہ بندر کے دل کی پمپنگ کرنے کے بعد 38 سالہ شخص پربھو نے اس بندر کو اپنے منہ سے بندر کا منہ جوڑ کر اپنی سانسیں فراہم کرتے ہوئے اس بندر کو ایک نئی زندگی دی تھی۔بعدازاں اس بندر کو ہسپتال میں علاج فراہم کرنے کے بعد محکمہ جنگلات کے حوالے کردیا تھا۔
پھر سوشل میڈیا پر جھارکھنڈ کے رانچی کا ایک اور ایسا ویڈیو وائرل ہوا جس میں ایک بندر کتے کی مدد سے اس پر کھڑے ہوکر ایک دُکان کے باہر لٹکائی گئیں چپس کے پیاکٹ اُڑانے کی کوشش کررہا ہے۔
اس سے قبل آندھرا پردیش کے وشاکھاپٹنم کا ایک ایسا ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا کہ ایک بندریا نے سڑک پر ملنے والی ساڑی کو مختلف طریقوں سے اوڑھ کر سب کو حیرت زدہ کردیا تھا۔(ان انوکھے واقعات کے لنکس نیچے پیش ہیں)
زیادہ تر دیکھا جاتا ہے کہ کتوں اور بندروں میں بالکل نہیں جمتی زیادہ تر کتے معصوم اور شرارتی بندروں کو اپنا شکار بنالیتے ہیں۔

سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس پر مذہبی منافرت نفرت پھیلانے والے اور ایک مخصوص طبقہ کے خلاف جھوٹے پروپگنڈہ پر مشتمل اشتعال انگیز ویڈیوز کے ساتھ کئی ایسے ویڈیوز بھی شیئر اور وائرل ہوتے ہیں جن میں جانوروں کی دوستی اور ان کی عجیب و غریب حرکتیں دیکھ کر دیکھنے والے بہت زیادہ لطف اندوز ہوتے ہیں۔
انسانیت کے گرتے ہوئے معیار کے دؤران حوصلہ افزا اور امید والی بات یہ ہے کہ نفرت اور منافرت انگیز ویڈیوز کی بہ نسبت سوشل میڈیا پر ایسے ہی ویڈیوز زیادہ دیکھے،پسند اور شیئر کیے جارہے ہیں۔
اس کا مطلب یہی مانا جائے کہ سوشل میڈیا صارفین اب اس نفرت کی سیاست سے اوب چکے ہیں!!مندر،مسجد،شمشان،قبرستان، پاکستان،افغانستان اور طالبان والی سیاست کے سحر سے باہر نکلنا چاہتے ہیں؟!
سوشل میڈیا پر ان دنوں ایک اور ویڈیو وائرل ہوا ہے جو کہ ریاست چھتیس گڑھ کے مانیندرا گڑھ کا ہے۔

ٹوئٹر پر اس ویڈیو کو Anurag_Dwary@ نے پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ” چھتیس گڑھ کے مانیندرا گڑھ میں پچھلے 5 دنوں سے یہ چھوٹا گھوم رہا ہے،اپنے ساتھ کھانا کھلاتا ہے،لوگوں نے دونوں کو الگ کرنے کی کوشش کی لیکن بندر اسے چھوڑنے کو تیار نہ تھا”۔گزشتہ چند دنوں سے باقاعدہ سوشل میڈیا کے انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر MonkeyAndDog# اور MonkeyVsDog# جیسے ہیش ٹیگ بھی دھوم مچارہے ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ چھتیس گڑھ کے مانیندرا گڑھ میں ایک بندر نے چھوٹے سے کتے کے بچے کو گود لے لیا ہے۔سب جانتے ہیں کہ بندر مکانات کی چھتوں یا درختوں پر رہتے ہیں اور کتے زمین پر۔
لیکن یہ کتے کا بچہ بجائے زمین پر رہنے کے اس بندر کے ساتھ مکان کی چھتوں یا درختوں پر رہ رہا ہے۔بندر اور کتے کے اس بچے کے اس ویڈیو کو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین حیرت کا اظہار کررہے ہیں۔ٹوئٹر پر اس ویڈیو کو اب تک 40،000 سے زائد افراد نے دیکھا ہے اور اس ویڈیو کو سینکڑوں ٹوئٹر صارفین نے لائیک کرتے ہوئے اس پر کمنٹس کیے ہیں۔
مقامی لوگ مکان کی چھت پر کھانے کی اشیا پھینک دیتے ہیں تو بندر اس کتے کے بچے کے پاس پہنچ جاتا ہے اور ان اشیا کے ساتھ ساتھ کتے کے بچے کو اپنے ہاتھوں میں اٹھا کر وہاں سے فوری چلا جاتا ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ یہ بندر باقاعدہ اس کتے کے بچے کو ہمیشہ اپنے ساتھ اٹھاکر چلتا ہے اور اسے کھانے کی اشیا بھی دیتا ہے۔اور بندر اس کتے کی اپنے بچے کی طرح پرورش کررہا ہے!۔
مقامی افراد نے کئی مرتبہ کوشش کی کہ اس کتے کے بچے کو اس بندر کے پاس سے اور دیگر بندروں کے غول سے حفاظت کے ساتھ نکال لیا جائے لیکن ہمیشہ انہیں ناکامی ہی ہوئی۔اس موقع پر بڑی تعداد میں بندر وہاں پہنچ جاتے ہیں اور یہ کوشش ناکام ہوجاتی ہے۔

