تیرے جیسا یار کہاں،کہاں ایسا یارانہ!!
چِپس کی پیاکٹ چُرانے کے لیے کتے نے بندر کی مدد کی
سوشل میڈیا پر انوکھا ویڈیو وائرل
حیدرآباد: 21۔ڈسمبر(سحرنیوزڈیسک/یحییٰ خان)
دوستی! خدا کی دی ہوئی نعمتوں میں سے ایک نعمت ہے۔دو انسانوں کے بیچ دوستی کا اٹوٹ رشتہ کبھی کبھی خونی رشتوں پر بھی سبقت لےجاتا ہے۔دوستی مذہب،عمر،ذات پات،رنگ ونسل،جنس،امیری اور غریبی نہیں دیکھتی،خالص اور بے لوث دوستی کی راہ میں ملکوں کے درمیان حائل سرحدوں اور فاصلوں کی بھی کوئی اہمیت نہیں رہتی۔
سوشل میڈیا کے اس دؤر میں کئی لوگ ایسے بھی ہیں جن کے درمیان ہزاروں کلومیٹر دور ملک کے مختلف شہروں یا پھر دیگر ممالک کا طویل فاصلہ ہوتا ہے اور شاید ہی کبھی ان کی کبھی ملاقات ہوپائے!۔لیکن ان کے درمیان دوستی کا ایک اٹوٹ رشتہ قائم ہوجاتاہے اور فون کالس یا چیاٹ کے ذریعہ یہ اپنے دُکھ سکھ ایک دوسرےکے ساتھ بانٹ لیتے ہیں جس سے دل کا بوجھ بھی ہلکا ہوجاتا ہے!۔
دنیا میں ایسے کئی خوش نصیب لوگ ہیں جو بے غرض اور بے لوث بہترین دوست رکھتے ہیں جو ایک دوسرے کی خوشی اور غم کے مواقع پر یکساں ساتھ کھڑے رہتے ہیں۔
ایک دوسرے پر آنے والی عارضی مصیبتوں اور پریشانیوں میں ہر طرح سے مدد فراہم کرتے ہیں اور ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہوئے جتا دیتے ہیں کہ " میں ہوں نہ "۔

ایسے دوست بے غرض ہوتے ہیں اور بدلے میں اپنے دوست سے کسی بھی صلہ کی یا فائدہ حاصل کرنے سے انہیں کوئی غرض نہیں ہوتی۔ایسی دوستی واقعی لائق صد ستائش ہوتی ہے۔
وہیں دنیا میں ایسے بھی لوگ ہیں جو دوستی کے نام پر دھوکہ،فریب اور دل شکنی میں ماہر ہوتے ہیں اور ایسے لوگ موقع کی مناسبت سے اپنے ذاتی مفاد کے لیے دوست بدلتے رہتے ہیں! ایسے خود غرض،مطلبی اور فریبی انسانوں پر اندھا بھروسہ ہمیشہ نقصاندہ ثابت ہوتا ہے!!
مختلف مواقع پر بالخصوص گزشتہ سال کے آغاز میں کوروناوائرس کی وبا کے بعد سے کئی ایسے لوگ ہیں جنہوں نے دوستوں کا اصلی روپ بھی دیکھا ہوگا!!۔جہاں دوستوں نے چپکے سے ہر طرح سے ایک دوسرے کی مدد کی تو وہیں ایسے دوست بھی تھے جو اپنے دوستوں کے موبائل فون نمبر تک بھول گئے کہ کہیں کچھ مانگ نہ لے!!
شاید ایسے ہی دوستوں کے لیے مشہور شعرا نے یہ شعر کہے تھے!؟
ہم کو یاروں نے یاد بھی نہ رکھا
جونؔ یاروں کے یار تھے ہم تو
(جون ایلیا)
دوستی جب کسی سے کی جائے
دشمنوں کی بھی رائے لی جائے
(راحت اندوری)
تم تکلف کو بھی اخلاص سمجھتے ہو فرازؔ
دوست ہوتا نہیں ہر ہاتھ ملانے والا
(احمد فراز)
دشمنوں سے پیار ہوتا جائے گا
دوستوں کو آزماتے جائیے
(خمار بارہ بنکوی)
دیکھا جو کھاکے تیر کمیں گاہ کی طرف
اپنے ہی دوستوں سے ملاقات ہو گئی
(حفیظ جالندھری)
دشمنوں نے جو دشمنی کی ہے
دوستوں نے بھی کیا کمی کی ہے
(حبیب جالب)
دشمنوں کی جفا کا خوف نہیں
دوستوں کی وفا سے ڈرتے ہیں
(حفیظ بنارسی)
ہٹائے تھے جو راہ سے دوستوں کی
وہ پتھر مرے گھر میں آنے لگے ہیں
(خمار بارہ بنکوی)
خیر یہ تو دوست کے متعلق اپنا اپنا تجربہ ہوسکتا ہے۔سوشل میڈیا پر مختلف نسل کے جانوروں کی دوستی پرمشتمل کئی ویڈیوز شیئر ہوتے رہتے ہیں۔
لیکن ان دنوں سوشل میڈیا پر ایک کتا اور بندر کی گہری دوستی کا ایسا ویڈیو وائرل ہوا ہے جسے دیکھ تعجب ہوتا ہے کہ کتا جسے خونخوار جانور مانا جاتا ہے وہیں ایک بندر جو کہ اپنی حرکتوں سے لوگوں سے ہنسنے پر مجبور کرتا ہے کے درمیان یہ دوستی کیسے ہوئی!

بات دوستی تک تو ٹھیک تھی کہ شاید یہ دونوں بچپن سے ایک ہی جگہ پر ایک ساتھ پلے بڑھے ہوں گے اور ان میں دوستی مضبوط ہوتی چلی گئی ہوگی۔
لیکن اس ویڈیو کو دیکھ آپ بھی لوٹ پوٹ جائیں گے کہ بندر سرِ بازار ایک دکان کے باہر لٹکائی گئیں "چپس Chips” کی پیاکٹ چرانے کے لیے کتے کی مدد لے رہا ہے!
انسٹاگرام پر”Naughty.raa@"کے اکاؤنٹ سے یہ ویڈیو پوسٹ کیا گیاہے۔جسے اب تک10،70,195صارفین دیکھ چکے ہیں اور 3،939 صارفین نے اپنے دلچسپ کمنٹس کے ذریعہ اس دوستی کومختلف نام دئیے ہیں۔
پوسٹ کنندہ Naughty.raa نے اپنے ایک کمنٹ میں لکھا ہے کہ یہ ویڈیو جھارکھنڈ کے رانچی کا ہے۔
جس میں باآسانی دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک کتا دُکان کے باہر لٹکائی گئیں "چپس کی پیاکٹس”کے بالکل نیچے کھڑا ہے اور ایک بندر اس کتے پر کھڑے ہوکر چپس کی پیاکٹ حاصل کرنے کی کوشش کررہا ہے۔
چپس کا پیاکٹ حاصل کرنے میں کئی مرتبہ اس بندر کو ناکامی ہی ہاتھ لگتی ہے اور بندر نیچے گر کر دوبارہ کتے پر کھڑا ہوجاتا ہے۔لیکن کتا بدستور اسی طرح کھڑا رہتا ہے۔
انسٹاگرام صارفین اپنے کمنٹس کے ذریعہ Naughty.raa@ نامی اس نوجوان سے پوچھ رہے ہیں کہ بندر نے اس طرح چپس کی پیاکٹ حاصل کرلی یا نہیں؟ کئی صارفین اس دلچسپ واقعہ کا مکمل ویڈیو پوسٹ کرنے کی خواہش کررہے ہیں۔
یحییٰ خان
khanreport@gmail.com
https://www.facebook.com/khanreport

