وقارآباد ضلع میں شدید سردی کی لہر
تانڈورمیں 10 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ
درجہ حرارت میں گراوٹ کا سلسلہ جاری
ڈاکٹر محمد عامر نے دئیے عوام کو مشورے
وقارآباد/تانڈور:19۔ڈسمبر(سحر نیوز ڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ چند دنوں سے شدید سردی کی لپیٹ میں ہے۔محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان ہے!۔
ضلع وقارآباد کے اسمبلی حلقہ جات وقارآباد، تانڈور،کوڑنگل اور پرگی کے علاوہ ضلع میں موجود 18 منڈلات میں موجود مواضعات گزشتہ چند دنوں سے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔دن بہ دن درجہ حرارت میں کمی واقع ہونے کے باعث عوام بالخصوص بچوں اور ضعیف افرادکا برا حال ہے۔
صبح کی اولین ساعتوں میں گہری کہر اورشبنم کی چادر،پھر دن بھر سرد ہواؤں کے جھکڑ چلنے کے باعث عوام اپنے گھروں میں رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔
کل 18 ڈسمبر کو 30-8 بجے صبح تک 24 گھنٹوں کے دؤران محکمہ موسمیات کی جانب سے ریکارڈ کیے گئے درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق ضلع وقارآباد کے مرپلی میں انتہائی کم یعنی 7.4 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ ہواتھا۔
جبکہ آج 19 ڈسمبر کو اسی مرپلی میں 8.1 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ ہوا ہے۔وہیں تانڈور ٹاؤن میں کل 18 ڈسمبر کو 10 ڈگری اور تانڈور منڈل میں 10.5 ڈگری سنٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ ہوا تھا۔
وہیں کل 18 ڈسمبر کو ضلع وقارآباد کے ترمامڑی میں 12 ڈگری،مومن پیٹ میں 9.4 ڈگری،کوٹ پلی میں9.9 ڈگری،دوما میں 10.4 ڈگری،قاسم پور میں10.9، یالال میں 10.4 ڈگری،,چوڈا پور میں 9.5 ڈگری،مدن پلی میں11.7 ڈگری،نواب پیٹ میں 11.4 ڈگری،بھمرس پیٹ میں 11.1 ڈگری،منے گوڑہ میں 10.3،وقارآباد میں 11.6،بشیرآباد میں 11.2ڈگری،پدیمول میں 11 ڈگری،مدگل چیٹم پلی میں10.8 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ ہوا تھا۔
جبکہ کل 18 ڈسمبر کی صبح 30-8 بجے سے آج 19ڈسمبر کی صبح 30-8 بجے تک 24 گھنٹوں کے دؤران ضلع وقارآباد کے چوڈاپور میں9.6 ڈگری،کوٹ پلی میں10.3 ڈگری، تانڈورمنڈل میں 10.8 ڈگری،تانڈور ٹاؤن میں10.5 ڈگری،یالال میں10.7،
مدن پلی میں11.1 ڈگری،بھمرس پیٹ میں 11.2 ڈگری،مدگل چیٹم پلی اور دوما میں 11.4 ڈگری،منّے گوڑہ میں 11.5 ڈگری، دھارور اور نواب پیٹ میں 11.6 ڈگری،مومن پیٹ اور دُدیال میں 11.7 ڈگری،راپول اور پدیمول میں 11.9 ڈگری، پرگی میں 12 ڈگری،وقارآباد اور کوڑنگل میں 12.6 ڈگری،بشیرآباد میں 12.2 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ ہوا ہے
ضلع وقارآباد کے تانڈور کے بشمول تمام مقامات میں شدیدسردی کی لہرکے باعث گرم کپڑوں کا استعمال بڑھ گیا ہے۔دکانات اور کاروباری ادارے بھی جلد بند کردئیے جارہے ہیں۔سڑکوں پر چہل پہل بھی کم نظر آرہی ہے۔شہروں اور مواضعات میں عوام سردی کی شدت سے محفوظ رہنے کی غرض سے صبح اور شام کے اؤقات آگ تاپنے پر مجبور ہیں
کئی مقامات پر آگ کے الاؤ کے اطراف خواتین اور بچوں کے ساتھ نوجوانوں کو بھی آگ تاپتے ہوئے دیکھا جارہا ہے۔
اس سلسلہ میں پرنسپل سائنٹسٹ و ہیڈ زرعی ریسرچ سنٹر تانڈور ڈاکٹر سدھاکر چورات نے نمائندہ "سحرنیوز ڈاٹ کام” کو بتایا کہ ریاستی محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی پیش قیاسی کے تحت ریاست اور وقارآباد ضلع میں بھی مزید چند دنوں تک سردی کی شدت میں اضافہ کا امکان ہے!۔ڈاکٹر سدھاکر چورات نے بتایا کہ اس سردی کے دؤران صبح کی اولین ساعتوں میں پڑنے پر والی شبنم جاریہ ربیع سیزن میں چنا،جوار اور کرڑ کی فصلوں کے لیے انتہائی فائدہ مند ہوتی ہے۔
ضلع وقارآباد کے تمام مقامات اور تانڈور میں جاری شدید سردی کی لہر کے دؤران احتیاطی اقدامات سے متعلق جب نمائندہ سحر نیوز ڈاٹ کام نے ڈاکٹر محمد عامر،ایم ڈی،ڈائرکٹر تانڈور نرسنگ ہوم سے بات کی تو انہوں نے عوام کو مشورہ دیا ہے اس دؤران بالخصوص بچوں اور ضعیف افراد کا خاص خیال رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ شام سے ہی عوام گھروں میں رہنے کو ترجیح دیں۔ساتھ ہی ڈاکٹر محمد عامر نے کہا کہ جاریہ شدید سردی کی لہر اور ساتھ ہی کورونا وائرس اور پھر اومی کرون کے کیسوں میں اضافہ کی اطلاعات کے دؤران بہت زیادہ احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر محمد عامر نے کہا کہ جو لوگ کوویڈ ویکسین لے چکے ہیں یا جنہوں نے کوویڈ ویکسین اب تک نہیں لیا ہے وہ بھی کوویڈ قواعد پر سختی کے ساتھ عمل کریں،ماسک لازمی طور پر پہنیں اور ساتھ ہی عوام مجمع اور عوامی مقامات سے دور رہیں۔جسمانی فاصلہ کا خیال رکھیں اور گرم کپڑیں پہنیں۔
ڈاکٹر محمد عامر نے عوام کو مشورہ دیا کہ جاریہ شدید سردی کے دؤران ٹھنڈی اور باسی غذاؤں کا استعمال نہ کریں بلکہ گرم اور قوت بخش غذاؤں کو ترجیح دیں،پینے کے پانی کو اُبال کرٹھنڈا کرنے کے بعد اس کو چھان کر استعمال کریں۔صاف صفائی کا خاص خیال کریں۔
ڈاکٹر محمد عامر نے کہا کہ اس سرد موسم میں عوام بالخصوص اپنے سینے کو گرم رکھیں۔تازہ مچھلی، چکن، انڈا، کالی مرچ اور ڈرائی فروٹس(خشک میوہ جات) کا استعمال زیادہ کریں۔انہوں نے مشورہ دیا کہ سردی کے اس موسم میں” کھٹّی چیزوں Citrus Fruit ” کو مکمل ترک کریں۔

