تلنگانہ شدید سردی کی لپیٹ میں،سردی نے قدیم ریکارڈ توڑ دئیے،اضلاع سنگاریڈی اور وقارآباد میں آج سب سے کم درجہ حرارت ریکارڈ

ریاستی خبریں

تلنگانہ شدید سردی کی لپیٹ میں،سردی نے قدیم ریکارڈ توڑدئیے
اضلاع سنگاریڈی اور وقارآباد میں آج سب سے کم درجہ حرارت ریکارڈ

حیدرآباد: 19۔ڈسمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کے بشمول کئی اضلاع ان دنوں شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق آج 19 ڈسمبر کی صبح 30-8 بجے تک سنگاریڈی ضلع کے کوہیر میں کم سے کم 7.1 ڈگری اور الگول میں 8.1 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ ہوا ہے۔جبکہ وقارآباد ضلع کے مرپلی میں 8.1 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست کے دیگر اضلاع میں
آج 19 ڈسمبر کی صبح 30-8 بجے ریکارڈ شدہ درجہ حرارت کی تفصیلات:-

اضلاع رنگاریڈی میں 8.5،ناگرکرنول میں 9.3،کومرم بھیم میں 9.5،عادل آبادمیں 10.2، میڑچل(ملکاجگیری)،محبوب نگر میں 10.3، کاماریڈی میں 10.4،میدک میں10.6,سدی پیٹ میں 10.9،نارائن پیٹ،جوگولامبا میں11، یادادری بھونگیر میں 11.2،نلگنڈہ میں 11.3،بھدرادری کوتہ گوڑم میں 11.5،نظام آباد میں 11.6، جئے شنکر بھوپال پلی میں 11.7،راجناسرسلہ میں 11.9،نرمل میں 12،حیدرآباد میں 12.1، اضلاع ملگ، ہنمکنڈہ اورمنچریال میں 12.2، جنگاؤں میں 12.3، ونپرتی میں 12.4،

اضلاع ورنگل،کھمم اور جگتیال میں 12.5،کریم نگر میں 12.6، محبوب آباد میں 12.8، سوریہ پیٹ میں 13.2اور پیدا پلی ضلع میں 13.3 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔

کل ہفتہ کے دن حیدرآباد میں سردی نے اپنا برسوں قدیم ریکارڈ توڑ دیاتھا جہاں حیدرآباد یونیورسٹی،گچی باؤلی میں درجہ حرارت 8.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔حیدرآباد کی تاریخ میں برسوں بعد کل کا دن سب زیادہ سرد ترین دن کے طورپر ریکارڈ ہواہے۔

اس سے قبل 13 ڈسمبر 2015ء کو حیدرآباد میں سب سے کم 9.5 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ ہوا تھا۔

جبکہ کل ہفتہ کی صبح ساڑھے آٹھ بجے تک حیدرآباد سے قریب وقارآباد ضلع کے مرپلی منڈل میں 7.4 ڈگری،سنگاریڈی ضلع کے پٹن چیرؤو میں 8.4 اور راجندرنگر میں 9.1 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا تھا۔

وہیں وقارآبادضلع کے مومن پیٹ میں 9.4 ڈگری،چوڈاپور میں 9.5 ڈگری،کوٹ پلی منڈل میں9.9، یالال منڈل میں 10، منے گوڑہ میں 10.3، اور تانڈور میں 10.5 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ ہوا تھا۔

ریاست تلنگانہ میں دن بہ دن درجہ حرارت میں کمی کے باعث عوام بالخصوص بچوں اور ضعیف افراد کا برا حال ہے۔صبح کی اولین ساعتوں میں گہری کہر اور شبنم کی چادر پھر دن بھر سرد ہواؤں کے جھکڑ کے باعث عوام اپنے مکانات میں محصور ہونے پر مجبور ہیں دوپہر تک بھی شدید سردی کی لہر اور دن بھر سرد ہوائیں محسوس کی جارہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے دو دن قبل ہی حیدرآباد سمیت ریاست کے 19 اضلاع کے لیے ” آرینج الرٹ "کرتے ہوئے پیش قیاسی کی گئی تھی کہ ان اضلاع میں 18 ڈسمبر تا 22 ڈسمبر پانچ دنوں تک موسم کے شدید سرد ہونے کا امکان ہے۔جہاں رات کا درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ سے 7 ڈگری سیلسیس تک ریکارڈ ہوسکتا ہے۔

 

ان 19 اضلاع میں حیدرآباد، رنگاریڈی، وقارآباد، میڑچل (ملکاجگیری)،سنگاریڈی، میدک،سدی پیٹ، کریم نگر، کاماریڈی، راجنا سرسلہ،ملگ، جئے شنکر، پیدا پلی،نظام آباد، جگتیال،منچریال،نرمل،کومرم بھیم اور عادل آباد شامل ہیں۔

جبکہ اضلاع جوگولامبا، ونپرتی، ناگرکرنول،محبوب نگر، نارائن پیٹ، یادادری بھونگیر، جنگاؤں،محبوب آباد،بھدرادری کوتہ گوڑم، ورنگل (رورل)،ورنگل(اربن) اور کریم نگر کے لیے زرد Yellow Alert جاری کیا گیا تھا کہ ان 12 اضلاع میں 8 تا 14ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ ہوسکتا ہے وہیں اضلاع نلگنڈہ ،سوریہ پیٹ اور کھمم کے لیے سبز الرٹ جاری کیا گیا تھا کہ یہاں 14 تا 17 ڈگری سینٹی درجہ حرارت ریکارڈ ہوگا۔

ریاست میں شدید سردی کی لہر کے باعث گرم کپڑوں کا استعمال ہو رہاہے اور لوگ شام 7بجے کے بعد گھروں میں ہی رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔دکانات اور کاروباری ادارے بھی جلد ہی بند کردئے جارہے ہیں سڑکوں پر چہل پہل بھی کم نظر آرہی ہے۔دن اور رات کے اؤقات میں ہوٹلوں پر گاہکوں کا ہجوم دیکھا جارہا ہے۔

مواضعات کے عوام صبح اور شام کے اؤقات سردی سے بچنے کی غرض سے آگ تاپنے پر مجبور ہیں کئی مقامات پر آگ کے الاؤ کے اطراف نوجوانوں سمیت خواتین اور بچوں کو آگ تاپتے ہوئے دیکھا جارہا ہے۔

ڈاکٹرس عوام کو صلاح دے رہے ہیں کہ ضعیف،بچوں اور دل سے متعلق امراض میں مبتلاء افراد کا سردی سے بچاؤ کا اہتمام،گرم غذاؤں اور گرم کپڑوں کا استعمال کرنا ضروری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے