شہنشاہ جذبات دلیپ کمار سرکاری اعزازات کیساتھ سپرد لحد
کئی ممتازشخصیتوں نے میت کا آخری دیدار کیا،سوشیل میڈیا پر تعزیتی پیامات کا طوفان
ممبئی :07۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
شہنشاہِ جذبات و افسانوی اداکار یوسف خان عرف دلیپ کمار کو جن کا آج صبح ساڑھے سات بجے ممبئی کے ہندوجا اسپتال میں 98 سال کی عمر میں انتقال ہوا تھا کی آج شام جوہو،سانتا کروز کے قبرستان میں ریاست مہاراشٹرا کی جانب سے دی گئی سرکاری اعزازات کیساتھ قومی ترنگے میں لپیٹ کر اور کئی نم آنکھوں کی موجودگی میں پولیس سلا می کیساتھ انہیں سپرلحد کردیا گیا۔

اس موقع پر دلیپ کمار کی آخری جھلک دیکھنے کیلئے مداحوں کی بڑی تعداد ان کی رہائش گاہ کے باہر امڈ پڑی تھی اور دلیپ کمار کے آخری سفر کے کوریج کیلئے میڈیا نمائندوں کی کثیر تعداد دیکھی گئی ۔
قبل ازیں دلیپ کمار کے انتقال کی اطلاع کے ساتھ ہی صبح سے ہی بالی ووڈ کے علاوہ ملک اور بیرون ملک دلیپ کمار کے مداحوں اور ان کی افسانوی شخصیت اور کردار سے متاثر افراد میں غم کی لہر دؤرگئی تھی۔
https://twitter.com/TheDilipKumar/status/1412798689815326728
سوشیل میڈیا کے تمام پلیٹ فارمس پر تعزیتی پیامات ، دلیپ کمار کی تصاویر ، ان کے ویڈیوس ، فلمی گانوں کے اور نجی ویڈیوس کا طوفان آگیا تھا۔
وہیں کچھ زہریلی سوچ اور انسانیت دشمن نسل کے لوگ جنہیں مذہبی منافرت اور ایک خاص فرقہ کے خلاف نفرت کا زہر پلایا گیا ہے وہ انسانیت کو بھول کر ہمیشہ کی طرح سوشیل میڈیا پر دلیپ کمار جیسی شخصیت کے خلاف زہر اگلنے میں مصروف رہے! ان کے لیے بس یہی کہا جاسکتا ہے کہ وہ کم تعداد اور چھوٹے قد کیساتھ چاند پر تھوکنے کی کوشش میں مصروف رہے!

صبح سے ہی فلمی دنیا ، سیاسی ، سماجی اور مختلف شعبہ جات سے وابستہ شخصیتیں دلیپ کمار کی رہائش گاہ پہنچ کر نعش کا دیدار کیا اور ان کی بیوہ سائرہ بانو خان سے تعزیت کا اظہار کیا جن میں چیف منسٹر ادھوٹھاکرے ،امیتابھ بچن ، شاہ رخ خان ، دھرمیندر ، شبانہ اعظمی ،انوپم کھیر ،ودیا بالن اور دیگر شامل ہیں۔

جبکہ وزیراعظم نریندر مودی ، نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو،عامر خان، پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی،تلگو فلم اداکار چرنجیوی اور پرکاش راج، وزیر آئی ٹی تلنگانہ کے۔ تارک راما راؤکے علاوہ بڑی تعداد میں ملک اور بیرون ملک کی اہم شخصیتوں نے سائرہ بانو خان کو فون کرکے اور ٹوئٹ کے ذریعہ دلیپ کمار کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا۔

