لالو پرساد یادو کے گردہ کی سنگاپور میں کامیاب پیوند کاری، دختر روہنی آچاریہ نے گردہ کا عطیہ دیا، باپ اور بیٹی دونوں صحتمند

لالو پرساد یادو کے گردہ کی سنگاپور میں کامیاب پیوند کاری
دختر روہنی آچاریہ نے  گردہ کا عطیہ دیا، باپ اور بیٹی دونوں صحتمند
بیٹی کے جذبہ و ایثار کی انٹرنیٹ پر زبردست ستائش 

حیدرآباد : 06۔ڈسمبر
(سحرنیوزڈاٹ کام/سوشل میڈیا ڈیسک)

انگریزی میں ایک بہت مشہور محاورہ ہےجس کا مفہوم ہے کہ” بیٹیاں پریشانیاں نہیں ہوتیں،بلکہ یہ دس بیٹوں کے مماثل ہوتی ہیں۔”اس دنیا کا سب سےخوبصورت رشتہ جہاں ماں و بہنوں کاہے وہیں ایک رشتہ "بیٹی” کا بھی ہوتاہے۔ جسے” خدا کی رحمت ” قرار دیا جاتا ہے۔ہر بیٹی کے لیے اس کی زندگی کا پہلا ہیرو اس کا اپنا باپ ہوتا ہے۔یہ بھی سچ ہےکہ زیادہ تر بیٹیاں اپنے باپ کےبہت قریب ہوتی ہیں۔جو اپنے ضعیف باپ کی دیکھ بھال اور تیمارداری ایک ماں کی طرح کرتی ہیں۔اکثر باپ اپنی بیٹیوں کو ماں کی جگہ رکھ کر دیکھتے اور محسوس بھی کرتے ہیں۔

اس مقدس و مفاد پرستی سے پاک رشتہ کےمتعلق جتنے حقائق اور اقوال ہیں ان پر صدر راشٹریہ جنتادل (آر جے ڈی) و سابق وزیراعلیٰ بہار و سابق مرکزی وزیر ریلوے لالو پرساد یادو کی بیٹی روہنی آچاریہ نے اپنا ایک گردہ اپنے والد کو بطور عطیہ دیتے ہوئے پھر ایک بار اس رشتہ کی سچائی اور حقیقت پر مہر ثبت کردی ہے۔روہنی آچاریہ کے اس اقدام کی ہرطرف سے بالخصوص سوشل میڈیا کے پلیٹ فارمز پر جم کر ستائش کی جارہی ہے کہ ” بیٹی ہو تو ایسی "

راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما اور بہار کے سابق چیف منسٹر لالو پرساد یادو کے گردہ کی کل پیر 5 ڈسمبر کو سنگاپور کے ماؤنٹ الزبتھ ہسپتال میں تبدیلی عمل میں لائی گئی اور ان کی بیٹی روہنی آچاریہ نے ان کے لیے اپنے ایک گردہ کاعطیہ دیا ہے۔اس گردہ کی تبدیلی کا آپریشن کامیاب رہا۔اب لالو پرساد یادو اور ان کی بیٹی روہنی آچاریہ دونوں صحتمند ہیں۔

کل پیر کو آپریشن سے قبل روہنی آچاریہ نے ہسپتال سے اپنی اور اپنے والد لالو پرساد یادو کے ساتھ لی گئی تصاویر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ” راک اینڈ رول کرنے کے لیے تیار ہوں،ہمارے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیجئے۔”

بعدازاں لالو پرساد یادو کے فرزند اور بہار کےنائب وزیراعلی تیجسوی یادو نے جو کہ اس گردہ کی تبدیلی کے لیے اپنے والد لالو پرساد یادو،والدہ و سابق وزیراعلیٰ بہار رابڑی دیوی اور اپنی ایک اور بڑی بہن و رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر میسا بھارتی کے ساتھ سنگاپور روانہ ہوئے ہیں۔ کل دوپہر ایک مختصر ویڈیو کلپ ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ” گردہ کی تبدیلی کے بعد پاپا (لالو پرساد یادو) کو آپریشن تھیٹر سے آئی سی یو میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ہمارے قومی صدر اور گردہ کا عطیہ دینے والی بڑی بہن روہنی آچاریہ دونوں ٹھیک ہیں۔آپ کی دعاؤں اور نیک تمناؤں کےلیے آپ سب کا تہہ دل سے شکریہ۔”

وہیں آج 6 ڈسمبر کی شام دیر گئے نائب وزیراعلیٰ بہار تیجسوی یادو نے سنگاپور کے ماؤنٹ الزبتھ ہسپتال جہاں گردہ کی پیوندکاری کا آپریشن انجام دیا گیا ہے سے گردہ کا عطیہ دے چکیں اپنی بڑی بہن روہنی آچاریہ جو کہ ہسپتال کے بستر پر لیٹی ہوئی ہیں کے ساتھ لی گئیں تین تصاویر ٹوئٹ شیئر کرتے ہوئے اپنے انتہائی جذباتی ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ

” آپریشن کے بعد میری پیاری بہن کا اعتماد، مافوق الفطرت،منفرد اور شاندار ہے۔
ٹوٹتے رشتوں کے موجودہ دور میں جو اٹوٹ محبت،لامحدود قربانی،بے مثال ہمت،انوکھی لگن اور ناقابل تصور خاندانی اقدار کی جو انوکھی مثال میری پیاری بہن روہنی آچاریہ نے قائم کی ہے۔وہ نا قابل بیان اور ناقابل فراموش ہے۔”

ڈاکٹر میسا بھارتی رکن راجیہ سبھا نے بھی اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر، اپنےصحت یاب ہو رہے والد لالو پرساد یادو کا ایک ویڈیو ٹوئٹ کیاہے۔جس میں سابق وزیراعلیٰ بہار لالو پرساد یادو کہہ رہے ہیں کہ ” آپ سب نے دعاء کی، ہم اچھا محسوس کررہے ہیں۔اب ٹھیک ہیں۔”

بعدازاں ڈاکٹر میسا بھارتی نے کہاکہ یہ ہمارے لیے بڑی راحت کا لمحہ تھا جب ہمیں آئی سی یو میں پاپا سے ملنے کا موقع ملا۔وہ اپنے بہی خواہوں اور حامیوں کی نیک خواہشات اور دعاؤں کے اعتراف میں ہاتھ ہلا نے کی کوشش کررہے تھے۔

وزیراعظم نریندر مودی نے آج منگل کو بہار کے نائب وزیراعلی تیجسوی یادو سےفون پر بات کی اورسنگاپور میں گردے کی پیوند کاری کےآپریشن کے بعد ان کے والد اور آر جے ڈی صدر لالو پرساد یادو کی صحت کےمتعلق تفصیلات حاصل کرتےہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

جبکہ وزیراعلیٰ تمل ناڈو ایم کے اسٹالن،وزیراعلیٰ جھارکھنڈ ہیمنت سورین اور دیگرسیاسی قائدین نےگردے کی پیوندکاری سےقبل ٹوئٹ کرتےہوئے لالو پرساد یادو کے کامیاب آپریشن اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔

 

وہیں بہار میں لالو پرساد یادو کےحامیوں کی بڑی تعدادنے کل دن کے اوائل سےہی پیوندکاری سےقبل خصوصی پوجا اور درگاہوں پر اس وقت تک حاضری میں مصروف رہے،جب تک کہ تیجسوی یادونے ٹوئٹ کےذریعہ کامیاب آپریشن کی طلاع نہیں دی۔لالو پرساد یادو کی جلد صحت یابی کے لیے جھارکھنڈ کے رام گڑھ کی مندر میں بھی خصوصی پوجا اور دعائیں کی گئیں۔

میڈیا اطلاعات کےمطابق سنگاپور میں ہندوستانی سفارت خانے کےعہدیداروں نےماؤنٹ الزبتھ ہسپتال کا دورہ کرتے ہوئے نائب وزیراعلیٰ بہار تیجسوی یادو سے ملاقات کی اور زیر علاج لالو پرساد یادو کی جلد صحت یابی کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

74سالہ منفرد و مقبول سیاسی رہنما لالو پرساد یادو کی 40 سالہ دختر روہنی آچاریہ نے اپنا گردہ اپنے والد کو عطیہ دیتے ہوئے ایک مثال قائم کی ہے۔جن کی انٹرنیٹ پر بھرپور تعریف اورستائش کی جارہی ہے۔سوشل میڈیا صارفین ان کی جم کر ستائش کررہے ہیں۔

یہاں تک کہ لالو یادو کےسخت ترین نقادوں میں سے ایک بی جے پی لیڈر گری راج سنگھ نےکہا کہ روہنی آچاریہ نے اپنے اس عمل کے ذریعہ ایک مثال قائم کی ہے۔گری راج سنگھ نے روہنی آچاریہ اور ڈاکٹر میسا بھارتی کی تصویر کے ساتھ اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ”بیٹی ہو تو روہنی آچاریہ جیسی” آپ پر فخر ہے،آپ آنے والی نسلوں کے لیے ایک مثال بنیں گی۔

نامور شاعر افتخار عارف نے کبھی کہا تھا کہ؎

بیٹیاں باپ کی آنکھوں میں چھپے خواب کو پہچانتی ہیں
اور کوئی دوسرا اس خواب کو پڑھ لے تو برا مانتی ہیں