آشنا نے قرض واپس کرنے کے مطالبہ پر داشتہ کا قتل کردیا

ریاستی خبریں

آشنا نے قرض واپس کرنے کے مطالبہ پر داشتہ کو قتل کرکے جنگل میں پھینک دیا 

تانڈور۔3 مارچ (سحر نیوز ڈاٹ کام)

ایک آشنا نے داشتہ کی جانب سے قرض واپس لوٹانے کے مطالبہ پر اس کا چاقو سے قتل کرتے ہوئے نعش کو جنگل میں پھینک دیا۔ اس قتل کا معاملہ ضلع وقارآباد کے تانڈور اسمبلی حلقہ کے موضع پگڑیال میں آج ایک ہفتہ کی تاخیر سے منظر عام پر آیا ہے۔

سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور رورل جلندھر ریڈی کے بموجب بیگاری لکشمی 30 سالہا کی شادی 15 سال قبل قدیم تانڈور کے ساکن نیرٹی بالپا کے ساتھ ہوئی تھی تاہم چار سال قبل دونوں کے درمیان اختلافات پیدا ہوجانے کے بعد لکشمی اپنے مائیکہ موضع پگڑیال میں رہ رہی تھی۔

اسی دؤران موضع بنڈہ میدا پلی،پدیمول منڈل کے ساکن مالا نرسملو سے اس کے ناجائز تعلقات پیدا ہوگئے تھے۔ نرسملو نے لکشمی کے پاس سے 40 ہزار روپئے بطور قرض حاصل کیے تھے لکشمی اس قرض  کی واپسی کا نرسملو سے تقاضہ کررہی تھی۔

مقتولہ لکشمی کی نعش کی باقیات اور اسکی فائل فوٹو

قرض کی ادائیگی میں ٹال مٹول کرنے والے نرسملو نے ایک ہفتہ قبل منصوبہ کے تحت لکشمی کو یہ کہہ کر موضع پگڑیال سے اپنے ساتھ لے گیا کہ وہ قرض کی رقم واپس لوٹائے گا نرسملو لکشمی کو لیکر موضع راسنم کے جنگلات میں لے گیا جہاں دونوں نے شراب نوشی کی اور اسی دوران نرسملو نے شراب کے نشہ میں بدمست لکشمی کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا اور نعش کو وہیں پھینک کر فرار ہوگیا۔

ادھر لکشمی کے لاپتہ ہونے کے بعد اس کی ماں نے پولیس میں بیٹی کی گمشدگی کی شکایت درج کروائی پولیس نے ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے تحقیقات کے دؤران مالا نرسملو کو اپنی تحویل میں لیکر تفتیش کی تو اس نے قبول کیا کہ اسی نے لکشمی کا قتل کیا ہے۔

بعد ازاں اس کی شناخت پر پولیس نے لکشمی کی نعش کی باقیات آج راسنم کے جنگل سے برآمد کیں۔سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور (رورل) جلندھر ریڈی سب انسپکٹر پولیس یالال اشوک بابو نے جائے مقام کا دؤرہ کرتے ہوئے نعش کی باقیات کا مشاہدہ کیا۔