نوٹ بندی جیسے بیمار فیصلے سے ملک میں بیروزگاری عروج پر :سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کا بیان
کیرالا/ترواننتا پورم: (ایجنسیز/سحرنیوزڈاٹ کام)
سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے آج مرکزی حکومت پر بڑا حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2016 ء میں بناء کسی منصوبہ بندی کے مودی حکوت کی جانب سے اچانک کیے گئے نوٹ بندی کے فیصلے سے ملک میں بیروزگاری اپنے عروج پر ہے۔اور غیر رسمی شعبہ پریشانی کا سخت شکارہے۔
ماہر معاشیات ڈاکٹر منموہن سنگھ نے 2004ء تا 2014ء دس سال تک کانگریس کی قیادت والی یوپی اے حکومت کی باگ ڈور بحیثیت وزیر اعظم ہند سنبھالی تھی نے ساتھ ہی مرکز کی نریندر مودی حکومت کو یہ کہتے ہوئے بھی نشانہ بنایا کہ وہ ملک کی ریاستوں سے مستقل طورپر مشورہ بھی نہیں کررہے ہیں جبکہ کسی بھی اہم فیصلہ سے قبل ریاستوں کے سربراہوں سے مشورہ کرنا لازمی ہوتا ہے۔

ڈاکٹر منموہن سنگھ نے 2 مارچ کو اقتصادی مضامین کے تھنک ٹینک” راجیوگاندھی انسٹیٹیوٹ آف ڈیولپمنٹ اسٹڈیز” کے ذریعہ ورچوئیل ترقیاتی کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ہے۔
سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے مزید کہاہے کہ بڑھتے ہوئے مالی بحران کو چھپانے کے لیے مرکزی حکومت اورریزرو بینک آف انڈیا کی جانب سے کیے گئے قرض سے متعلق عارضی اقدامات چھوٹے اور درمیانی شعبہ جات کومتاثر ہوسکتے ہیں اور اس صورتحال کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
ڈاکٹر منموہن سنگھ نے کہا کہ بشمول ریاست کیرالا کے دیگر ریاستوں کی جانب سے ضرورت سے زیادہ قرض لینے کے باعث عوامی معاملات عدم استحکام کا شکار ہیں جس سے مستقبل کے بجٹ پر ناقابل برداشت بوجھ پڑسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت ریاستوں کیساتھ جو فیڈرل ازم اور باقاعدہ مشاورت ملک کی معاشی اور سیاسی فلسفے کی اساس تھی اب اس کی مرکزی حکومت حمایت نہیں کررہی ہے
سا بق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے کہا کہ ریاست کیرالا کا معاشرتی معیار اعلیٰ ہے لیکن دوسرے شعبے بھی ہیں جن پر مستقبل میں سخت توجہ دینے کی ضرورت ہے انہوں نے متنبہ کیا کہ آگے بہت ساری رکاوٹیں ہیں جن پر ریاست کو قابو پانا ہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ وبائی امراض سے دوچار عالمی بدحالی نے کیرالا کو بھی عالمی سطح پر کمزور کردیا ہے۔ مسٹر سنگھ نے کہا کہ اگر چہ ڈیجیٹل شعبہ کے بڑھتے ہوئے استعمال سے آئی ٹی شعبہ کو ترقی حاصل ہوسکتی ہےلیکن سیاحت کا شعبہ بری طرح متاثر ہوا ہے اور وبائی امراض اس صنعت کیلئے ایک چیلنج ہیں۔
سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے یاد دلایا کہ جب میں نے 1991 ءمیں وزیر خزانہ کی حیثیت سے قومی بجٹ پیش کیا تھا تو میں نے وکٹر ہیوگو کا حوالہ دیاتھا جس نے کہا تھا کہ "‘ جس خیال کا وقت آگیا ہے اس سے زیادہ طاقتور کوئی نہیں ہے” ۔