تالاب تو برسات میں ہو جاتے ہیں کم ظرف
باہر کبھی آپے سے سمندر نہیں ہوتا
چیف منسٹر پنجاب چرنجیت سنگھ چنی کو شکست دیکر ایم ایل اے بننے والے
موبائل میکانک لبھ سنگھ کی ماں نے کل بھی اسکول میں جاروب کشی کی
برنالہ/پنجاب:13۔مارچ(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
کہتے ہیں کہ ہمت،عزم و حوصلہ اور زندگی میں کچھ حاصل کرنے کا جذبہ اور جنون رکھنے والے ہی کامیابی حاصل کرتے ہیں۔صرف نیچےسے نظارہ کرنے والے کبھی بھی پہاڑوں کی چوٹیوں کو سرنہیں کرسکتے!آنکھوں میں خواب اور زندگی میں کچھ حاصل کرنے کی خواہشات ہر انسان کی آنکھوں اور دل میں ہوتی ہیں۔لیکن اس کے لیے ایک جنون،ایمانداری اورسخت محنت درکار اور دیوانگی کی حد تک ہوتی ہے۔
ایسے ہی لوگوں میں پنجاب کے”لبھ سنگھ یوگوک” (Labh Singh Ugoke) بھی شامل ہیں۔جو کہ ایک موبائل فون شاپ میں میکانیک کی ملازمت کرتے ہوئے پنجاب میں منعقدہ ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں عام آدمی پارٹی کے امیدوار کے طور پر مقابلہ کیا۔
ان کا مقابلہ کسی اور سے نہیں بلکہ چیف منسٹر پنجاب(حالیہ سابق) چرنجیت سنگھ چنی سے تھا۔ظاہر ہے کہ ایک چیف منسٹر سے مقابلہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرنا لوہے کے چنے چبانے کے مماثل تھا لیکن "لبھ سنگھ یوگوک” مقابلہ میں ڈٹے رہے اور چیف منسٹر پنجاب چرنجیت سنگھ چنّی کو پنجاب کے برنالہ ضلع کے حلقہ اسمبلی "بہادؤر”سے 37،500 ووٹوں کی اکثریت سے شکست فاش دے دی۔
کانگریس کے چرنجیت سنگھ چنی نے اس الیکشن میں جہاں 26،409 ووٹ ہی حاصل کرپائے وہیں عام آدمی پارٹی کے امیدوار لبھ سنگھ یوگوک نے جملہ 63،967 ووٹ حاصل کرتے ہوئے اپنی شاندار کامیابی درج کروائی۔
چیف منسٹر پنجاب چرنجیت سنگھ چنّی کو شکست دے کر سیاسی پنڈتوں اور عوام کو حیران کردینے والے لبھ سنگھ یوگوک نہ کوئی مالدار شخص ہیں اور نہ ہی ان کی بہت زیادہ سیاسی پہچان ہی تھی۔وہ ایک موبائل شاپ میں میکانک کے طور پر ملازم ہیں۔35 سالہ لبھ سنگھ یوگوک 1987 میں پیدا ہوئے اور بارہویں تک تعلیم حاصل کرنے کے بعد انہوں نے موبائل رپیرنگ میں ڈپلومہ مکمل کیا اور ایک موبائل فون شاپ میں میکانک کی حیثیت سے ملازمت اختیار کرلی۔
لبھ سنگھ یوگوک نے 2013 میں عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔حلقہ اسمبلی بہادؤر سے نومنتخب رکن اسمبلی لبھ سنگھ یوگوک کے والد درشن سنگھ روزآنہ کی اجرت پر مزدوری کرتے ہیں جبکہ لبھ سنگھ کی ماں بلدیو کور ایک مقامی سرکاری اسکول میں جاروب کش ہیں۔
10 مارچ آنے والے انتخابی نتائج کے بعد لبھ سنگھ یوگوک رکن اسمبلی منتخب ہوگئے لیکن ان کی ماں نے کل ہفتہ کے دن بھی اسکول میں باقاعدہ روز کی طرح اپنی خدمات جاری رکھیں اور اسکول میں جاروب کشی کی۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے لبھ سنگھ یوگوک کی والدہ بلدیو کور نے کہا کہ”ہم نے ہمیشہ پیسہ کمانے اور اپنی ضرورتیں پوری کرنےکے لیے سخت محنت کی ہے۔میرے بیٹے کی حیثیت سے قطع نظر میں اسکول میں اپنا یہ کام جاری رکھوں گی۔اپنے بیٹے کی کامیابی پر انہوں نے کہا کہ” عام آدمی پارٹی کے امیدوار کے طور پر میرے بیٹے کی جیت سے خوشی ہوئی ہے۔جس کی پارٹی کا نشان ” جھاڑو "ہے۔
بلدیو کور نے کہا کہ "جھاڑو” میری زندگی کا ایک اہم حصہ ہے”۔لبھ سنگھ یوگوک کی ماں بلدیو کور نے کہا کہ اگرچہ ان کے بیٹے نے ریاست کے چیف منسٹر کے خلاف الیکشن لڑا تھا۔لیکن ہمیں ہمیشہ یقین تھا کہ میرا بیٹا جیتے گا۔‘‘
لبھ سنگھ کے والد درشن سنگھ نے کہا کہ ان کا خاندان پہلے کی طرح عام زندگی ہی گزارے گا۔اور وہ چاہتے ہیں کہ ان کا بیٹا خاندان کے بجائے عوام کی فلاح و بہبود پر توجہ دے۔انہوں نے کہا حلقہ کے عوام نے اسے منتخب کیا۔ہم چاہتے ہیں کہ وہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرے۔ہم اسی طرح زندگی گزارتے رہیں گے جیسا کہ ہم پہلے سے گزارتے آئے ہیں”۔
دوسری جانب گاؤں والوں نے لبھ سنگھ کی اس شاندار جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب بھی یقین نہیں کر پا رہے ہیں کہ یوگوک کو وہ اتنے عرصہ سے جانتے تھے اب ایم ایل اے بن گئے ہیں۔گاؤں والوں نے کہا کہ لبھ سنگھ دن رات پارٹی کے لیے کام کرتے تھے۔ہم نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ وہ پارٹی سے ٹکٹ لے کر ایم ایل اے بن جائیں گے۔ہم ان کی کامیابی پر خوش ہیں۔‘‘یہاں یہ تذکرہ غیر ضروری نہ ہوگا کہ حالیہ اسمبلی انتخابات میں برسراقتدار کانگریس پارٹی کو ناقابل یقین شکست سے دوچار ہوکر ریاست کے اقتدار سے محروم ہونا پڑا۔
ریاست میں موجود 117 اسمبلی نشستوں میں سے اروند کجریوال کی عام آدمی پارٹی نے 92 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ کانگریس کو صرف 18 نشستوں پر اکتفا کرنا پڑا ہے۔وہیں چیف منسٹر پنجاب چرنجیت سنگھ چنی چمکور صاحب اور بہادؤر اسمبلی حلقہ جات سے اور صدر پردیش کانگریس پنجاب نوجوت سنگھ سدھو مشرقی امرتسر سے شکست سے دوچار ہوئے ہیں۔
ایک مزدور باپ اور جاروب کش ماں کے فرزند لبھ سنگھ کی کامیابی یقیناً دوسروں کے لیے ایک مثال ہے۔وہیں بیٹے کے رکن اسمبلی بن جانے کے باؤجود ماں اور باپ کی جانب سے ماضی کی طرح عام زندگی گزارنے کا اعلان ان لوگوں کے لیے ایک پیغام ہے جن کے دماغ اور رکھ رکھاؤ زرا سی کامیابی یا دؤلت آجانے سے ساتویں آسمان پر پہنچ جاتے ہیں اور جنہیں اپنا ماضی کا پیشہ،غریب رشتہ دار دوست احباب معمولی نظر آنے لگتے ہیں۔شاید شاعر "اعجاز رحمانی” نے ایسے ہی لوگوں کے لیے کبھی یہ شعر کہا تھا کہ؎
تالاب تو برسات میں ہو جاتے ہیں کم ظرف
باہر کبھی آپے سے سمندر نہیں ہوتا

