جسٹس این وی رمنا نے 48 ویں چیف جسٹس آف انڈیا کی حیثیت سے حلف لیا

جسٹس این وی رمنا نے 48 ویں چیف جسٹس آف انڈیا کی حیثیت سے حلف لیا

نئی دہلی: 24۔اپریل(سحرنیوزڈاٹ کام)

جسٹس این وی رمنا نے آج 48 ویں چیف جسٹس آف انڈیا کی حیثیت سے حلف لیا۔
راشٹر پتی بھون میں منعقدہ تقریب میں آج صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کووند نے انہیں عہدہ کا حلف دلایا۔کوویڈ وباء کے باعث اس تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی کے علاوہ چند مرکزی وزراء،سپریم کورٹ کے وکلاء،ماہرین قانون کے بشمول چیف جسٹس این وی رمنا کے افراد خاندان نے شرکت کی۔

چیف جسٹس این وی رمنا کی معیاد اس اہم عہدہ پر 26 اگست 2022ء تک رہے گی، جبکہ موجود ہ چیف جسٹس ایس اے بوبڑے کی معیاد کل 23 اپریل کو ختم ہوگئی۔

جسٹس نوتلا پاٹی رمنا کی پیدائش 27 اگست 1957ء کو متحدہ آندھرا پردیش کے کرشنا ضلع کے ویرولا پاڈ ومنڈل کے پوناورم میں ہوئی وہ بحیثیت ایڈوکیٹ 1983ء میں پیشہ قانون سے وابستہ ہوئے سِول ، کرائم اور سیاسی مقدمات میں اپنی بہترین صلاحیتوں اور بہتر خدمات کے ذریعہ ترقی کی منازل طئے کرتے ہوئے آج چیف جسٹس آف انڈیا کے سب سے بڑے عہدہ پر پہنچے ہیں۔

جسٹس این وی رمنا حکومت آندھرا پردیش کے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل کی خدمات بھی انجام دے چکے ہیں۔اور ساتھ ہی اے پی جیوڈیشیل اکیڈیمی کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔

جون 2000ء میں جسٹس این وی رمنا کا بحیثیت چیف جسٹس ہائیکورٹ آندھرا پردیش تقرر عمل میں لایا گیا بعد ازاں انہوں نے دہلی ہائیکورٹ میں بھی خدمات انجام دیں۔2014ء میں انہوں نے سپریم کورٹ میں جج کی خدمات بھی انجام دیں۔اور آج جسٹس این وی رمنا نے سب سے سینئر ہونے کی بناء پر ملک کی اعلیٰ عدالت کے چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف لیا۔

جسٹس این وی رمنا کے چیف جسٹس آف انڈیا کی حیثیت سے حلف لینے پر وزیراعلیٰ تلنگانہ کے۔چندراشیکھر راؤ نے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
چیف جسٹس آف انڈیا این وی رمنا کو روانہ کیے گئے اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ کے۔ چندراشیکھر راؤ نےلکھا ہے آپ کا طویل ترین قانونی تجربہ ملک کے لیے کام آئے گا۔