تلنگانہ کے تمام شہریوں کو کوویڈ ویکسین مفت دی جائے گی: وزیر اعلیٰ کے سی آر کا اعلان

تلنگانہ کے تمام شہریوں کو کوویڈ ویکسین مفت دی جائے گی: وزیراعلیٰ کے سی آر کااعلان

حیدرآباد:24۔اپریل(سحرنیوزڈاٹ کام)

ریاستی وزیراعلیٰ کے۔ چندراشیکھر راؤنے ریاستی عوام کے مفاد میں ایک اور قدم اٹھاتے ہوئے آج ہفتہ کو اعلان کیا ہے کہ تلنگانہ کے تمام شہریوں کو حکومت تلنگانہ کی جانب سے کوویڈ ویکسین مفت دی جائے گی۔

اس سلسلہ میں ریاستی وزیراعلیٰ کے۔ چندراشیکھر راؤنے کہا کہ عوام کی قیمتی زندگیوں سے زیادہ پیسہ اہم نہیں ہے اور اسی غرض سے حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاست کے تمام شہریوں کو مفت کوویڈ ویکسین دی جائے گی۔

یاد رہے کہ تلنگانہ کے تمام شہریوں کو کوویڈ ویکسین مفت دئیے جانے پر 2,500 کروڑ روپئے صرف ہونگے۔

اس سلسلہ میں وزیراعلیٰ کے سی آر پہلے ہی ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار اورمحکمہ ہیلتھ کو ہدایت دے چکے ہیں۔

اس سلسلہ میں ٹوئٹر پر سی ایم او تلنگانہ کے ہینڈل سے کئے گئے ٹوئٹس میں لکھا گیا ہے کہ ریاست کی جملہ آبادی چار کروڑ ہے جس میں سےاب تک 35 لاکھ افراد کوویڈ ویکسین لے چکے ہیں اب ماباقی تمام شہریوں کو حکومت تلنگانہ کی جانب سے مفت کوویڈ ویکسین دی جائے گی۔

ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ بھارت بائیو ٹیک کمپنی کوویڈ ویکسین تیار کررہی ہےاسی طرح ریڈیز لیاب اور دیگر فارما کمپنیاں کوویڈ ویکسین کی تیاری کیلئے آگے آئی ہیں ا س لیے اس سلسلہ میں کوئی رُکاوٹ پیدا نہیں ہوگی۔
وزیراعلیٰ کے سی آر نے ریاستی عوام کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس کے معاملہ میں کسی بھی خوف کا شکار نہ ہوں اور ہسپتالوں میں بیڈس اور ادویات کے معاملہ پریشان نہ ہوں کیونکہ حکومت اپنی جانب سے جو کچھ ممکن ہے وہ اقدامات کررہی ہے۔

وزیر اعلیٰ کے سی آر نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو اس کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات میں مصروف ہے اور اسکے لیے بڑے پیمانے پر صاف صفائی کے اقدامات کا آغاز بھی کیا گیا ہے۔

ریاستی وزیر اعلیٰ کے۔ چندراشیکھر راؤنے ریاستی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس سے تحفظ کیلئے حکومت اور ماہرین طب کی جانب سے جاری کردہ احتیاطی اقدامات پر لازمی طورپر عمل کریں، بھیڑ بھاڑ والے مقامات نہ بنائیں ، سخت ضرورت پر ہی اپنے مکانات سے باہر نکلیں ،عوامی اجتماع اور تقاریب سے احتیاط کریں۔

ایک بار پھر وزیر اعلیٰ کے سی آر نے کہا کہ حکومت کوروناوائرس کی شدت کو کم کرنے اور عوام کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے ہر وہ اقدام کررہی ہے جو کہ ضروری اور لازمی ہے اس سلسلہ میں عوام کا تعاون بھی ضروری ہے۔