رسول اللہﷺ کی ذاتِ مبارک زندگی کے تمام شعبوں میں انسانیت کے لیے کامل و مکمل نمونہ ہے
وقارآباد ضلع کے کوڑنگل میں جلسہ”سیرت محسن انسانیتﷺ "سے حضرت شاہ محمد جمال الرحمن کا خطاب
وقارآباد: 28۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام/پریس نوٹ)
حضرت شاہ محمد جمال الرحمٰن امیر شریعت تلنگانہ وآندھراپردیش نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ رسول اللہﷺ کی عظمت کے اظہار کے لیے قرآن مجید کی آیات کافی ہیں اور احادیث پاک کا ذخیرہ آپﷺکے بلندیء مقام کا شاہد ہے اور محققین کہتے ہیں کہ اللہ کی وحدانیت اور نبیﷺ کی رسالت کا تذکرہ دنیا میں چوبیس گھنٹے گونجتا رہتا ہے اور چوبیس گھنٹے آپﷺ پر درود پڑھا جاتا ہے۔
حضرت شاہ محمد جمال الرحمٰن گزشتہ رات جمعیۃ علماء کوڑنگل،ضلع وقارآباد کے زیر اہتمام مسجد ابراہیم کوڑنگل میں ایک عظیم الشان جلسہ بعنوان” سیرت محسن انسانیتﷺ ” سے مہمان خصوصی کے طورپر خطاب کررہے تھے۔
ڈاکٹر مولانا عبدالکریم شاہد کی زیرنگرانی اور مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی زیر صدارت منعقدہ اس جلسہ سے اپنا خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ رسول اللہﷺ کی ذاتِ اقدس نہ صرف اہل اسلام بلکہ ساری انسانیت کے لیے زندگی کے تمام شعبہء جات میں کامل و مکمل نمونہ ہے اور دنیا وآخرت کی تمام کامرانیاں اور بھلائیاں انہی کے طرز زندگی کو اپنانے میں مضمر ہے۔
حضرت شاہ محمد جمال الرحمٰن امیر شریعت تلنگانہ وآندھراپردیش نے موجودہ حالات میں خاندانی و نظریاتی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مسلمانوں کے آپسی اتحاد کو موجودہ وقت کی اہم ترین ضرورت قراردیا اور تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان چیزوں کو نظر انداز کردینے کی وجہ سے اسلام دشمن طاقتیں فائدہ اٹھارہی ہیں۔

قبل ازیں مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد نے اپنے خطاب میں مسلمانوں کو کھانے پینے اور لباس وغیرہ میں رزق حلال کے اہتمام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ رزق حلال کا اہتمام رسول اللہﷺ کی اہم ترین تعلیم اور نیک اعمال کے صدور کا ذریعہ ہے۔نیز مولانا نے امتیوں پر اپنے نبیﷺکے حقوق کو تفصیلی انداز میں بیان کرتے ہوئے ان حقوق کی ادائیگی کی جانب توجہ مبذول کروائی۔
اس اجلاس سے اپنے خطاب میں مولانا قاضی سید شکیل احمد نظامی ناظم مدرسہء مدینتہ العلوم تانڈور نے سیرت النبیﷺکے کئی اہم گوشوں پر روشنی ڈالی۔
اجلاس کی کاروائی حافظ محمد یوسف جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء کوڑنگل نے چلائی۔مولانا عبدالباسط رشادی صدر جمعیۃ علماء کوڑنگل اور حافظ محمد نصیرالدین کی نگرانی میں اس جلسہ کے انتظامات کئے گئے تھے۔
اس جلسہ میں تانڈور، پرگی، کشٹاپور، بھمرس پیٹ، دولت آباد کے علاوہ مختلف مواضعات سے شمع محمدیﷺ کے پروانوں نے بڑی تعداد میں نے شرکت کی جن میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شامل ہے۔

