بی جے پی کئی دہائیوں تک ملک کے مرکزی اقتدار کا محور رہے گی: سیاسی حکمت عملی کے ماہر پرشانت کشور کی پیش قیاسی ، ویڈیو وائرل

بی جے پی کہیں نہیں جارہی،کئی دہائیوں تک ملک کے مرکزی اقتدار کا محور رہے گی
سیاسی حکمت عملی کے ماہر پرشانت کشور کی پیش قیاسی، ویڈیو وائرل

پاناجی/نئی دہلی: 28۔اکتوبر (سحرنیوزڈاٹ کام)

سیاسی حکمت عملی طئے کرنے میں ماہر پرشانت کشور نے پیش قیاسی کی ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کہیں بھی جانے والی نہیں ہے بلکہ وہ اس ملک کے مرکزی اقتدار کے محور پر کئی دہائیوں پر رہے گی۔

سیاسی حکمت عملی ساز پرشانت کشور جو اس وقت گوا اسمبلی انتخابات کے لیے ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے لیے حکمت عملی طئے کرنے میں مصروف ہیں۔نے کہا ہے کہ بی جے پی ہندوستانی سیاست کے مرکز میں رہے گی اور” اگلی کئی دہائیوں” تک کہیں نہیں جائے گی۔

انہوں نے کانگریس لیڈر راہول گاندھی پر یہ سوچنے پر بھی تنقید کی کہ لوگ بی جے پی کو ہندوستانی سیاست سےفوراً باہر پھینک دیں گے۔

پرشانت کشور کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا بالخصوص ٹوئٹر  پر آج وائرل ہوا ہے جو کہ گوا میں ایک خانگی تقریب سے خطاب کا بتایا جارہا ہے۔ پرشانت کشور کی قیادت والی انڈین پولیٹیکل ایکشن کمیٹی (I-PAC) کے ایک سینئر لیڈرنے تصدیق کی ہے کہ یہ ویڈیو ریاست گوا میں کل چہارشنبہ کو ہونے والی ایک خانگی میٹنگ کا ہے۔

اس ویڈیو میں پرشانت کشور کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ ” بی جے پی ہندوستانی سیاست کا مرکز بننے جا رہی ہے، چاہے وہ جیتیں، چاہے ہاریں،جیسا کہ کانگریس کے لیے پہلے 40 سالوں میں تھا انہوں نے کہا کہ بی جے پی کہیں نہیں جا رہی ہے۔”

اس ویڈیو میں پرشانت کشور کہتے ہیں کہ” ایک بار جب آپ ہندوستانی سطح پر 30 فیصد سے زیادہ ووٹ حاصل کر لیتے ہیں تو آپ جلدی میں نہیں جائیں گے۔لہٰذا اس جال میں نہ پھنسیں کہ لوگ ناراض ہورہے ہیں اور وہ (وزیراعظم نریندر مودی کو پھینک دیں گے۔‘‘

سیاسی حکمت عملی طئے کرنے میں ماہر  پرشانت کشور نے مزید کہا کہ ہوسکتا ہے وہ مودی کو پھینک دیں لیکن بی جے پی کہیں نہیں جا رہی ہے وہ یہاں آنے والے ہیں،آپ کو اگلی کئی دہائیوں تک اس کا مقابلہ کرنا ہوگا۔یہ جلدی میں نہیں ہیں۔”

سابق صدر کل ہند کانگریس و رکن پارلیمان راہل گاندھی کا ذکر کرتے ہوئے پرشانت کشور نے کہا کہ راہل گاندھی کے ساتھ مسئلہ یہ ہے کہ شاید وہ سمجھتے ہیں کہ یہ صرف وقت کی بات ہے کہ لوگ انہیں (مودی) کو دور پھینک دیں گے ایسا نہیں ہو رہا ہے۔

یاد رہے کہ سیاسی حکمت عملی طئے کرنے میں ماہر  پرشانت کشور نے جاریہ سال کے آغاز میں مغربی بنگال کے انتخابات میں ممتا بنرجی کی "ٹی ایم سی” اور تمل ناڈو کے اسمبلی انتخابات میں ایم کے اسٹالن کی ” ڈی ایم کے ” کے لیے انتخابی حکمت عملی تیار کرنے میں مدد کی تھی اور ان دونوں ریاستوں میں ان دونوں پارٹیوں نے شاندار جیت کے ذریعہ اقتدار حاصل کیا تھا۔

ٹی ایم سی نے اعلان کیا ہے کہ وہ گوا میں اگلے سال فروری میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں حصہ لے گی۔ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) سپریمو ممتا بنرجی آج شام سے اپنے سہء روزہ گوا کے دؤرہ کا آغاز کرنے والی ہیں۔