وقارآباد ضلع کے تانڈور سے لاپتہ شادی شدہ خاتون کی تلاش جاری
کئی ریاستوں اور شہروں میں تلاشی کے بعد لک آؤٹ نوٹس بھی جاری کی گئی
تحقیقات ہنوز جاری ہیں،ویڈیو بنانے کے بعد لاپتہ شوہر اور بیٹیوں سے
ربط پیدا کرنے کی کوشش: ڈی ایس پی تانڈور جی۔شیکھر گوڑ کا بیان
وقارآباد/تانڈور:25۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام)
لاپتہ بیوی کو تلاش کرنے کے لیے وقارآبادضلع کے تانڈور ٹاؤن کے شیواجی چوک کے ساکن ستیہ مورتی جو کہ بہوجن سماج پارٹی کے صدر ضلع وقارآباد بتائے جاتے ہیں اور ان کی دو بیٹیوں پراہرشا(17سالہ) اور اکشرا (13سالہ) کا ایک سیلفی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوا ہے۔جس میں انہوں نے تانڈور پولیس کو 48 گھنٹوں کی مہلت دیتے ہوئے انتباہ دیا ہے کہ اگر پولیس اس خاتون کا سراغ لگانےمیں ناکام ہوجاتی ہے تو پھر انہیں 48 گھنٹوں بعداجتماعی خودکشی اور ان کی نعشوں کے مقام کا لوکیشن پولیس کو بھیجا جائے گا۔
اس ویڈیوکے میڈیا اور سوشل میڈیا کے ذریعہ عام ہوتے ہی ریاست تلنگانہ،ضلع وقارآباد کے علاوہ خود حلقہ اسمبلی تانڈور میں زبردست ہلچل اور بے چینی پیدا ہوگئی ہے۔
اس سلسلہ میں ڈی ایس پی تانڈور جی۔شیکھر گوڑ نے آج ہی صحافتی بیان جاری کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ بیوی کے لاپتہ ہونے سے مایوس شوہر گوری شیٹی ستیہ مورتی اور ان کی دو بیٹیوں کی جانب سے رات ویڈیو جاری کرنے کے بعد سے وہ بھی لاپتہ ہیں۔
ڈی ایس پی تانڈور جی۔شیکھر گوڑ نے تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ ستیہ مورتی کی بیوی گوری شیٹی اناپورنا(36سالہ) 6 مارچ کو درد شکم اور دیگر امراض سے پریشان ہوکر اپنی زندگی سے مایوس ہونے والی باتیں کاغذ پرلکھتے ہوئے اپنے مکان میں رکھ کر چلی گئی تھیں۔

ڈی ایس پی تانڈورجی۔شیکھر گوڑ نے بتایا کہ اس واقعہ کے بعد تانڈورپولیس نے ایک کیس درج رجسٹر کرتےہوئے فوری تحقیقات کاآغاز کردیا۔ لاپتہ خاتون کے تمام رشتہ داروں،جان پہچان والوں کے پاس بھی اس خاتون کو پولیس نے تلاش کیا لیکن کوئی سراغ دستیاب نہیں ہوپایا۔جبکہ لاپتہ خاتون اناپورنا اپنا موبائل فون بھی اپنے مکان میں ہی چھوڑ کر چلی گئیں۔تاہم پولیس نے مختلف پولیس ٹیموں کو تشکیل دیتے ہوئے اس معاملہ میں مختلف ذرائع سے اس خاتون کی تلاشی مہم کو جاری رکھے ہوئے ہے۔
ڈی ایس پی تانڈور جی۔شیکھر گوڑ نے بتایا کہ تانڈور سے لاپتہ اناپورنا کا سراغ لگانےکے لیے تانڈور پولیس نے تلنگانہ،آندھراپردیش،مہاراشٹرا اور کرناٹک کےشرڈی،بنگلورو،اوٹی،تروپتی،نیلور،اننت پور،کڑپہ،کوڑنگل،حیدرآباد،محبوب نگر،چنچولی،کنچاورم،سیڑم اور مریان جیسے مقامات تک اطلاعات پہنچاکر تلاش کرنے کی کوشش کی تاہم کوئی بھی سراغ دستیاب نہیں ہوپایا۔تاہم تحقیقات ہنوز جاری ہیں۔
ڈی ایس پی تانڈور جی۔شیکھر گوڑ نے بتایا کہ اس خاتون کی گمشدگی کی اطلاع تصویر کے ساتھ تمام پولیس اسٹیشنوں کو بھی روانہ کردی گئی تھی اور ساتھ ہی مختلف مقامات پر اس خاتون کی گمشدگی کی لُک آؤٹ نوٹس بھی جاری گئیں۔عوامی مقامات کے علاوہ ریلوے اسٹیشنوں اور بس اسٹانڈز میں بھی اس لک آؤٹ نوٹس کو پولیس نے چسپاں کرتے ہوئے اس خاتون سے متعلق سراغ تانڈور پولیس کو دینے کی اپیل کی تھی۔
ڈی ایس پی تانڈور جی۔شیکھر گوڑ نے بتایا کہ ساتھ ہی مختلف مقامات اور مشتبہ علاقوں کے سی سی ٹی وی فوٹیج کا بھی پولیس نے باریکی کے ساتھ مشاہدہ کیا۔انہوں نے کہا کہ تحقیقات ہنوز تیز رفتاری کے ساتھ جاری ہیں اور مزید تحقیقات و شناخت کے ذرائع اور وسائل بھی موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس اس کیس کا سراغ لگانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔
ڈی ایس پی تانڈور جی۔شیکھر گوڑ نے بتایا کہ ایسے میں لاپتہ خاتون اناپورنا کی تلاش کے لیے ان کے شوہر ستیہ مورتی اور دیگر افراد خاندان کے تعاون کی شدید ضرورت ہے۔انہوں نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے اناپورنا کے شوہر ستیہ مورتی اور ان کی دونوں بیٹیوں سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کے لیے جہاں کہیں ہوں آئیں اور پولیس سے تعاون کریں۔
ساتھ ہی ڈی ایس پی جی۔شیکھرگوڑنے لاپتہ خاتون کے شوہر اور دونوں بیٹیوں سے ذاتی طورپر اپیل کی ہے کہ وہ اس نازک موقع پر پولیس سے تعاون کریں۔پولیس اس سلسلہ میں اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہے۔

ڈی ایس پی تانڈورجی۔شیکھر گوڑ نے ستیہ مورتی،ان کی دونوں دختران،رشتہ داروں،دوست و احباب کے علاوہ عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر لاپتہ خاتون اناپورنا کے متعلق ان کے پاس کوئی معلومات یا شکوک و شبہات ہوں تو پولیس کواطلاع دیتے ہوئے تعاون کریں۔

