تلنگانہ میں کورونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے، عوام آئندہ 6 ہفتوں تک محتاط رہیں : ڈائرکٹر محکمہ صحت کا انتباہ

تلنگانہ میں کورونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے
عوام آئندہ 6 ہفتوں تک محتاط رہیں،کوویڈ قواعد پرعمل کریں
ریاستی ڈائرکٹر محکمہ صحت ڈاکٹر سرینواس راؤ کا انتباہ

حیدرآباد:25۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام)

ڈائرکٹر محکمہ ہیلتھ تلنگانہ ڈاکٹر جی۔سرینواس راؤ نے ریاست کے عوام کو متنبہ کیا ہے کہ آئندہ 6 ہفتوں کے دؤران ریاست میں کورونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کورونا وبا کی چوتھی لہر آنے کے امکانات نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ نئے وائرینٹ سے ہٹ کر کوروناوائرس کی چوتھی لہر کا امکان نہیں ہے۔تاہم انہوں نے عوام کومشورہ دیا کہ وہ محتاط رہیں اور کوویڈقواعد پر سختی کے ساتھ عمل کریں۔

ایک تلگو نیوز چینل سے آج خصوصی بات چیت کرتے ہوئے ڈائرکٹر محکمہ ہیلتھ تلنگانہ ڈاکٹر جی۔سرینواس راؤ نے کہا کہ آنے والے 6 ہفتوں کے دؤران ریاست میں کورونا کے کیسوں میں اضافہ کا خطرہ ہے۔انہوں نے متنبہ کیا کہ روزآنہ تین ہزار کوویڈ متاثرین کے کیس درج ہونے کا اندیشہ ہے!!۔

ڈاکٹر جی۔سرینواس راؤ نے مشورہ دیا کہ شادیوں اور عید وتہوار میں شامل ہونے والے لازمی طور پر ماسک کا استعمال کریں اور انسانی فاصلہ کا خاص خیال رکھیں۔انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں فی الوقت 36,000 کوویڈ ویکسین کے ٹیکے موجود ہیں۔ساتھ ہی عوام کو مشورہ دیا کہ وہ کوویڈ ٹیکہ لازمی طور پر لیں۔

دوسری جانب ریاست تلنگانہ میں 24گھنٹوں کے دؤران 496 کوروناوائرس کے نئے کیس ریکارڈ ہوئے ہیں۔جبکہ 28,808 افراد کے نمونوں کی جانچ کی گئی تھی۔وہیں 205 کورونا متاثرین صحتیاب ہوئے ہیں۔محکمہ ہیلتھ تلنگانہ کے بموجب ریاست میں فی الوقت 3,613 کورونا وائرس کے ایکٹیو کیس موجود ہیں۔وہیں کوروناوائرس سے کوئی موت درج نہیں ہوئی ہے۔

محکمہ صحت کے عہدیداروں کے مطابق کوروناوائرس کے زیادہ کیس حیدرآباد میں درج ہورہے ہیں۔آج ریکارڈ شدہ 496 کورونا متاثرین کی بات کی جائے توصرف حیدرآباد میں ہی 341 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔جبکہ رنگاریڈی ضلع میں 68،میڑچل ملکاجگیری میں 40،سنگاریڈی ضلع میں 15 کورونا کیس درج ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت تلنگانہ کے عہدیداروں نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ماسک کا لازمی طورپر استعمال کریں،زیادہ بھیڑ بھاڑ والے علاقوں اورعوامی مقامات پر انسانی فاصلہ کا خاص خیال رکھیں،سینی ٹائزر کا استعمال کریں۔